پی آئی اے کا سعودی عرب کے لئے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا۔

 پی آئی اے نے کراچی سے جدہ اور مدینہ کے لئے کرایوں میں 30 فیصد کمی کردی ہے۔ قومی ایئر لائن نے کراچی سے جدہ اور مدینہ کے لئے یک طرفہ کرایہ 56 ہزار بشمول ٹیکس کر دیا جبکہ دو طرفہ کرایہ 88 ہزار بشمول ٹیکس کر دیا ۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ رعایتی کرائے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے جن کے ٹکٹ 31 اگست 2024  تک جاری کرائے جا سکیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ رعایتی کرائے پر 30 ستمبر 2024 تک سفر کیا جا سکے گا۔

رعایتی کرایوں سے پاکستان سے مدینہ منورہ جانے والے عمرہ زائرین بھی مستفید ہوسکیں گے۔

اے ڈی بی کی رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکس ریفارمز، ٹیکس چھوٹ ختم کرنیکی تجویز

  اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکس ریفارمز اور ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق اوپن پلاٹس پر چھ سال بعد ٹیکس استثنیٰ ختم اور پراپرٹی ڈویلپمنٹ پر ٹیکس عائد ہونا چاہیے، پراپرٹی ڈویلپمنٹ پر ٹیکس استثنیٰ ہونے کے باعث مینوفیکچرنگ اور ایگری بزنسز میں سرمایہ کم ہو رہی ہے، مینو فیکچرنگ اور ایگری بزنسز میں سرمایہ کاری نہ ہونا گروتھ اور پیداوار میں رکاوٹ کا سبب ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ غیر منقولہ پراپرٹی کی فروخت اور سرمایہ کاری پر اسٹینڈرڈ ٹیکس عائد کیا جانا چاہیے، پراپرٹی ڈویلپمنٹ پر ٹیکس مراعات دے کر حکومت کو ریونیو سے محروم رکھا گیا، ٹیکس استثنیٰ ہونے کے باعث لوکل سرمایہ کاری رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ہوئی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق پاکستان نیشنل اربن اسیسمنٹ رپورٹ میں انرجی ریفارمز، واٹر سپلائی ریفارمز کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ واٹر سپلائی، ٹرانسپورٹ سسٹم، بلڈنگ ڈیزائن میں توانائی کے بہتر استعمال کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث متبادل انرجی کے ذرائع کو بھی وسعت دینا ہوگی، واٹر ریسورسز مینجمنٹ پلان سے پینے کے لیے صاف پانی کی فراہمی اور پانی ضائع کرنے پر پیلنٹی ہوگی۔ اربن ڈویلپمنٹ کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ سسٹم میں اصلاحات لانا ہوں گی۔

پنجاب کی مدد کیلیے مراد علی شاہ اور عذرا پیچوہو کو وہاں بھیجنے کیلئے تیار ہیں، بلاول

  کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگلی بار جب وزیراعظم یہاں آئیں تو انہیں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ کا دورہ کرائیں گے، ہم لاہور میں ایسے اسپتال بنانے کے لیے تیار ہیں جہاں لوگوں کو مفت علاج ملے۔

جناح اسپتال کراچی میں دو جدید وارڈز اور سائبر نائف کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے بہترین اسپتال سندھ میں موجود ہیں، کوئی بھی میڈیا ہو پاکستان کے خلاف منفی خبریں شائع کرتا ہے، صوبے کے تین بڑے اسپتال اس صوبے میں گڈ گورننس کا ثبوت ہیں، سندھ کے بارے میں مشہور کیا جاتا ہے کہ ہم کچھ کرتے ہی نہیں، ہم نے کوئی میگا پروجیکٹ نہیں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں عوام کی خدمت کررہی ہے، ہم دعوے نہیں کرتے بلکہ کام بھی کرتے ہیں، پورے پاکستان میں سائبر نائف سرجری کی ایک ہی مشین ہے جو جناح اسپتال میں ہے، دنیا بھر میں یہ مہنگا ترین علاج ہے ایک ٹریٹمنٹ پر ایک لاکھ ڈالر خرچ ہوتے ہیں، پیشنٹ ایڈ فاونڈیشن اور سندھ حکومت نے مل کر آج تیسری سائبر نائف سرجری مشین متعارف کرائی ہے جوکہ مفت علاج ہے پاکستان کے شہریوں کے لیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مفت علاج پورے پاکستان نہیں بلکہ پورے دنیا میں ایسا نہیں ہوتا کہ کینسر یہ علاج مفت ہو، دنیا بھر کے ادارے اب ہمارے جے پی ایم سی کے ڈاکٹر طارق محمود کو ریکگنائز کرنے جارہے ہیں، اب اس ڈپارٹمنٹ کو کینسر کے علاج میں دنیا کے ٹاپ ٹین اداروں میں شامل کیا گیا ہے۔

بلاول نے کہا کہ تمام صوبوں میں ’’پیٹ اسکین‘‘ بھی پیسوں کے عوض ہے جبکہ یہاں یہ بھی مفت ہے، جے پی ایم سی کے صرف کینسر کے شعبے میں دنیا کے پندرہ ممالک اور پاکستان کے 167 شہروں سے لوگ علاج کرانے آتے ہیں۔

انہوں ںے وزیراعلیٰ سے کہا کہ اگلی بار جب وزیراعظم یہاں آئیں تو انہیں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ کا دورہ کرائیں، پھر ہم ان سے درخواست کریں گے کہ صوبہ پنجاب میں ہم ایسے اسپتال بنانے کے لیے تیار ہیں جبکہ بلوچستان میں ہم خود کوشش کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں لاہور میں بھی ایسے اسپتال بنیں اور لوگوں کو مفت علاج ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی این آئی سی ایچ بنانے کی کوشش کررہے ہیں، پنجاب کی مدد کیلیے ہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کو بھیجنے کیلئے تیار ہیں، تاکہ لاہور میں بھی کراچی کے اسپتالوں جیسی مفت علاج کی سہولیات ہوں۔

ماہیما چوہدری نے ایشوریا رائے کو ‘خود غرض’ قرار کیوں دیا؟

بھارتی حسینہ ماہیما چوہدری نے 1994 میں ‘مس ورلڈ’ کا ٹائٹل جیتنے والی اداکارہ ایشوریا رائے کو خود غرض قرار دے دیا۔

بالی وڈ کی دنیا میں فلموں میں کاسٹنگ کے سبب متعدد فنکاروں میں ایسی لڑائیاں ہوئیں جو سال ہا سال چلتی رہیں۔

اگرچہ باز لڑائیاں ایسے فنکاروں میں ہوئیں جو ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے تاہم متعدد لڑائیاں ایسی بھی ہوئیں جو بہت بہترین دوستوں کو بھی الگ کر گئیں۔

ایسی ہی ایک لڑائی ماہیما چوہدری اور ایشوریا رائے میں بھی ہوئی جس کی وجہ بھارت کے معروف ہدایت کار سبھش گھائی بنے۔

سال 1999 میں سینما گھروں کی زینت بننے والی فلم ‘تال’ میں نے ایشوریا رائے کو بطور ہیروئن کاسٹ کیا جو ماہیما چوہدری کو ناگوار گزرا۔

دراصل ماہیما چوہدری نے 1997 میں سبھاش گھائی کی فلم پردیس میں کام کیا تھا اور اسی فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے اور سبھاش گھائی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

اس معاہدے کے مطابق ماہیما چوہدری سبھاش گھائی کے پروڈکشن ‘مکتا آرٹ’ کی تین فلموں کو سائن کر چکی تھیں اور جب سبھاش گھائی فلم ‘تال’ بنانے لگے تو ماہیما چوہدری کا یہ خیال تھا کہ وہ اس فلم میں ماہیما چوہدری کو ہی کاسٹ کریں گے۔ لیکن ایسا نہیں ہوا اور سبھاش گھائی نے ماہیما چوہدری کے ساتھ کیا گیا معاہدہ توڑ کر ایشوریا رائے کو اس فلم میں کاسٹ کر لیا۔

جب یہ بات ماہیما چوہدری کو پتا چلی تو ان کو بے انتہا غصہ آیا اور انہوں نے ایشوریا رائے کے لیے ‘سیلفش کیٹ’ کا لفظ بھی استعمال کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ماہیما چوہدری کو اس بات پر بھی غصہ تھا کہ جب ایشوریا یہ جانتی تھیں کہ یہ فلم ماہیما چوہدری کو ملنی ہے تو انہوں نے اس فلم کو سائن کیوں کیا۔

لاپتا یوٹیوبر عون علی کھوسہ بخیریت گھر پہنچ گئے

صوبہ پنجاب کے شہر لاہور سے گزشتہ ہفتے لاپتا ہونے والے یوٹیوبر اور طنزیہ گانا ’بل بل پاکستان‘ گانے والے عون علی کھوسہ کے وکلا کے مطابق وہ گھر پہنچ گئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) کو 20 اگست تک یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو باز یاب کرواکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں عون علی کھوسہ کی وکیل خدیجہ صدیقی نے اس پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘عون علی کھوسہ کو چھوڑ دیا گیا ہے گھر پہنچ گئے ہیں’۔

ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’خوش آمدید، اللہ آپ کی حفاظت کرے‘۔

اسکرین گریب/یکس
اسکرین گریب/یکس

 عون کھوسہ کی وکلا ٹیم میں شامل میاں علی اشفاق نے بھی ایکس پر ان کے ’خیریت سے گھر پہنچنے‘ کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کا حوصلہ بلند، سلامت اور ثابت قدم ہیں۔

اسکرین گریب/ایکس

خیال رہے کہ عون کھوسہ نے جشنِ آزادی کے موقع پر پاکستان میں بجلی کے بلز اور مہنگائی پر ایک طنزیہ گانا گایا تھا جس میں مشہور ملی نغمے ’دل دل پاکستان‘ کے الفاظ کو ’بِل بِل پاکستان‘ سے بدل کر حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔

14 اگست کو گانے کی ریلیز کے بعد ان کے اہلخانہ کے مطابق عون کو اسی رات لاہور سے چند نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا جس کے بعد یوٹیوب سے اس ویڈیو کو بھی حذف کر دیا گیا تھا۔

 15 اگست کو عون علی کھوسہ کی اہلیہ بنیش نے ان کی بازیابی کی درخواست دائر تھی، جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ عون علی ڈیجٹیل کانٹینٹ کریٹیر ہیں اور ان کو نامعلوم افراد نے گھر سے اغوا کیا۔

درخواستگ زار نے استدعا کی تھی کہ عدالت عون علی کھوسہ کی بازیابی کا حکم دے۔

16 اگست کو لاہور ہائیکورٹ نے کیپیٹل سٹی پولیس افسر کو 20 اگست تک یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو باز یاب کرواکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس کے اگلے روز لاہور پولیس نے لاپتا معروف یوٹیوبر عون علی کھوسہ کے اغوا کا مقدمہ اہلیہ بینش اقبال کی مدعیت میں درج کر لیا تھا۔

ارشد ندیم کو تحفے میں بھینس ملنے پر نیرج چوپڑا نے کیا کہا؟

پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے کئی اعلیٰ شخصیات نے کروڑوں کے انعامات کا اعلان کیا جبکہ اُن کے سسر کی جانب سے انہیں تحفے میں بھینس دینے کا اعلان کیا گیا۔

دیہی علاقوں میں اس تحفے کو روایتی طور پر اعزاز سمجھا جاتا ہے لیکن اس اعلان پر بعض لوگ مذاق بھی اڑا رہے ہیں۔

خود ارشد ندیم بھی ازراہِ مذاق سسر سے بھینس کی بجائے 5 ایکڑ زمین تحفے میں دینےکی فرمائش کرچکے ہیں۔

تاہم جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم کے حریف بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بھینس کا تحفہ ملنے پر مذاق اڑانے کی بجائے ایسا ردعمل دیا جس نے سب کے دل جیت لیے۔

بھارتی میڈیا سے ورچوئل گفتگو کے دوران نیرج نے ارشد کو بھینس کا تحفہ ملنے پر کہا کہ میرے لیے ایسے تحائف نئے نہیں ہیں، مجھے ایک بار دیسی گھی تحفے میں دیا گیا تھا۔

نیرج چوپڑا کے مطابق اولمپک مقابلوں کے بعد ہریانہ میں گھر واپسی پر ہمیں بھی ایسے تحائف مل چکے ہیں جیسے 10 کلو دیسی گھی ، 50 کلو دیسی گھی یا پھر لڈو۔

انہوں نے بتایا کہ میرے لیے بھی مقابلوں سے قبل ایسے اعلانات کیے گئے تھے کہ اگر نیرج یہ مقابلہ جیتتا ہے تو اسے 50 کلو گھی دوں گا حتیٰ کہ میں یہ باتیں بچپن سے ہی سنتا آیا ہوں۔

نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ جس شہر میں بڑا ہوا وہاں کبڈی اور ریسلنگ جیسے کھیل بہت مشہور ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہاں گھی تحفے میں دیا جاتا ہے کیونکہ ہمارے لوگوں کا ماننا ہے کہ گھی طاقت بڑھاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں بھی بھینسیں تحفے میں دی جاتی ہیں، اسی طرح پہلوانوں اور کبڈی کے کھلاڑیوں کو بلٹ موٹر سائیکل یا ٹریکٹر تحفے میں دیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔

ارشد ندیم اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔

حکومتی عہدیداروں، فنکاروں اور دیگر مشہور شخصیات سمیت مختلف اداروں کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے کروڑوں روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشد ندیم کے لیے اب تک اعلان کردہ رقم کا حجم 30 کروڑ سے زائد ہے۔

سندھ حکومت حسد نہ کرے ہمت کرکے وہ بھی عوام کو ریلیف دے، وزیر اطلاعات پنجاب

اسلام آباد: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تین دن سے سندھ حکومت پریشان ہے کہ پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔

سعید غنی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پچھلے تین دن سے سندھ حکومت پریشان ہے پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا؟ ارے بھائی! پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اپنے صوبے کے عوام کی فکر ہے، مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈز سے اپنے عوام کو ریلیف دیا، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوامی ریلیف کے اقدام پر فضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے، مریم نواز نواز شریف کی بیٹی ہے اور نواز شریف نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے، عوامی جماعت ہونے کے دعوے دار کے تمام وزرا اور ترجمان تین دن سے عوامی ریلیف کے ہی خلاف بیانات دے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جب آپ عوام کے دعوے دار بنتے ہیں تو مشکل کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دینے سے گھبرا کیوں رہے ہیں؟ ہمت کریں آپ بھی سندھ کے عوام کو ریلیف دیں اور تحریک انصاف کی لائن فالو مت کریں۔

بشریٰ بی بی، نجم الثاقب آڈیو لیک کیس؛ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو کارروائی سے روک دیا

  اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آڈیو لیک کیس میں مزید کارروائی سے روکتے ہوئے شہریوں کی جاسوسی کو غیر قانونی قرار دینے اور چیئرمین پی ٹی اے و ممبران کیخلاف توہین عدالت میں شوکاز نوٹس جاری کرنے کے 25 جون کے حکمنامے کو معطل کردیا۔

سپریم کورٹ میں بشریٰ بی بی اور نجم الثاقب آڈیو لیک کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیے کہ 29 مئی کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکمنامے میں اتھارٹیز کو فون ٹیپنگ سے روک دیا گیا، ہائی کورٹ کے حکمنامے کے سبب انٹیلی جنس ایجنسیز کاؤنٹر انٹیلی جنس نہیں کر پا رہیں اور کسی دہشت گرد کو بھی اب نہیں پکڑ پا رہیں، آئی ایس آئی، آئی بی کو فون ٹیپنگ اور سی ڈی آر سے بھی روکا گیا۔

جسٹس امین الدین خان نے پوچھا کہ کیا ہائیکورٹ نے یہ تعین کیا ہے کہ آڈیو کون ریکارڈ کر رہا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ابھی تک یہ تعین نہیں ہوسکا، تفتیش جاری ہے۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ بدقسمتی سے اس ملک میں سچ تک کوئی نہیں پہنچنا چاہتا، سچ جاننے کیلئے انکوائری کمیشن بنا اسے سپریم کورٹ سے اسٹے دے دیا، سپریم کورٹ میں آج تک دوبارہ آڈیو لیکس کیس مقرر ہی نہیں ہوا، پارلیمان نے سچ جاننے کی کوشش کی تو اسے بھی روک دیا گیا، نہ پارلیمان کو کام کرنے دیا جائے گا نہ عدالت کو تو سچ کیسے سامنے آئے گا؟

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ یہ بھی تو ہو سکتا ہے جن سے بات کی جا رہی ہو آڈیو انہوں نے لیک کی ہو، کیا اس پہلو کو دیکھا گیا یے؟ آج کل تو ہر موبائل میں ریکارڈنگ سسٹم موجود ہے۔

عدالت نے وفاقی حکومت کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے 25 جون کا حکمنامہ معطل کردیا۔ عدالت نے تاحکم ثانی اسلام آباد ہائی کورٹ کو مزید کارروائی سے بھی روک دیا۔

سپریم کورٹ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا ہائی کورٹ نے آرٹیکل 199 کے اختیار سماعت سے تجاوز کیا، کیونکہ سپریم کورٹ کے دو عدالتی فیصلوں میں اصول طے شدہ ہے ہائیکورٹ ازخود نوٹس نہیں لی سکتی، عدالت کو بتایا گیا 31 مئی کی ہائیکورٹ کی سماعت میں جو پانچ سوالات طے کیے گئے وہ درخواست گزاروں کا کیس ہی نہیں تھا اور ہائی کورٹ تفتیش نہیں کر سکتی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ 29مئی 2024 کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکمنامے کا جائزہ لیا گیا، 29 مئی کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکمنامے کو اگلی عدالتی کارروائی میں توسیع نہیں دی گئی، اس لیے حکمنامہ معطل کرنے کی ضرورت نہیں۔

عوامی خدمت کیلیے تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبے اولین ترجیح ہیں، مریم نواز

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کے لیے تعلیم، صحت اور دیگر فلاحی منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانوں کی خدمت کرنے والوں کو سلام اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔ انسانیت کی خدمت کاعظیم مقصد قوموں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدمت میں مصروف تمام ریسکیو ورکرز، ڈاکٹرز، نرسز، امدادی کارکنان کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہوں۔ عوام کی خدمت کے لیے تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبے اولین ترجیح ہیں۔ انسانیت کی خدمت ہمار ا منشور اور نصب العین ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے پاکستان کا پہلی ائرایمبولینس پراجیکٹ لانچ کیا ہے ۔ خدمت کا عزم نبھاتے ہوئے اسپتال اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن شروع کی ہے۔ فیلڈ اسپتال، کلینک آن ویلز اور مفت ادویات دہلیز پر پہنچائی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا مشن پورا کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کو موٹر ویز پر تعینات کیا جارہا ہے۔ ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر انسان کو عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔ انسانیت کے خدمت گار بنیں، جو مشکل میں ہو اس کی مدد کریں، یہ فرض بھی ہے اور ہماری روایت بھی۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سنت نبویﷺ بھی ہے اور اس سے اللہ تعالیٰ بھی راضی ہوتے ہیں۔

محسن عباس حیدر نے دُنیا بھر کی خواتین سے معافی مانگ لی

 لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان محسن عباس حیدر نے بھی پڑوسی ملک بھارت میں پیش آنے والے بہیمانہ کولکتہ ریپ کیس کے خلاف آواز بُلند کرلی۔

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

بھارت میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سراپا احتجاج ہے تو وہیں بالی ووڈ شخصیات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کولکتہ ریپ کیس کی آواز بن گئی ہیں۔

بالی ووڈ شخصیات کی جانب سے آواز بُلند کرنے کے بعد، اب کئی پاکستانی فنکار بھی کولکتہ ریپ کیس میں انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں، یہ فنکار سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی خاتون ڈاکٹر کے حق میں آواز اُٹھا رہے ہیں۔

ان فنکاروں کی فہرست میں پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر بھی شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر خصوصی پوسٹ جاری کی۔

محسن عباس حیدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری کی گئی پوسٹ میں کہا کہ کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے دردناک واقعے پر میں دنیا کی ہر عورت سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔

اداکار نے کولکتہ ریپ کیس میں 31 سالہ خاتون ڈاکٹر کے والدین کے لیے انصاف کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ کولکتہ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ریپ کیس میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جو پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو اسپتالوں میں داخل کرانے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔