غزہ جنگ بندی کا یہ آخری موقع ہے؛ امریکا نے اسرائیل کو خبردار کردیا

امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر پہنچ گئے جہاں انھوں نے صدر اسحق پروزوگ سے ملاقات کی اور غزہ میں جنگ بندی سے متعلق گفتگو کی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ملاقات میں صدر اسحاق ہرزوگ کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی کا ذمہ دار حماس ہے۔

اسرائیلی صدر نے امریکا، مصر اور قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ابھی بھی پُرامید ہیں، ثالثوں کے ذریعے ہونے والے غزہ میں جنگ بندی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔

صدر اسحاق پرزوگ نے اسرائیلی یرغمالیوں کی حماس کی قید سے رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑا کوئی انسانی مقصد نہیں ہے کہ ہمارے یرغمالی اپنی گھروں کو واپس آئیں اور اپنے اہل خانہ سے ملیں۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی صدر سے کہا کہ قطر میں جاری غزہ جنگ بندی مذاکرات فیصلہ کن لمحہ ہے اور شاید یہ بہترین اور آخری موقع ہے کہ سیز فائر ہو، یرغمالی گھروں کو واپس پہنچیں اور خطے میں پائیدار امن سلامتی قائم ہو۔

امریکی وزیر خارجہ نے غزہ جنگ بندی مذاکرات میں ناکامی کا ملبہ حماس پر ڈالنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کام کرنے کا وقت آگیا ہے۔ یہ یقینی بنانے کا بھی وقت ہے کہ کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائے جو جنگ بندی مذاکراتی عمل کو پٹڑی سے اتار دے۔

انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ اس لیے ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی اشتعال انگیزی نہ ہو، کوئی ایسی کارروائی نہ ہوں جو جاری معاہدے کے خاتمے کا باعث بنے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس؛ ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روک دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا۔

ہائیکورٹ میں 190 پاؤنڈز کیس بند کرنے سے متعلق نیب کے پرانے فیصلے کے ریکارڈ کی فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس میں 35 گواہ ہو چکے، آخری گواہ تفتیشی افسر پر جرح جاری ہے ، بانی پی ٹی آئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں ہی اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، نیب کے مطابق این سی اے نے 190 ملین پاؤنڈزز کی رقم ضبط کی، الزام یہ ہے پٹشنر جب وزیراعظم تھے تو انہوں نے 190 ملین پاؤنڈ کے حوالے سے سہولت فراہم کی ، نیب کا کیس ہے پیسے اسٹیٹ بنک میں آنے تھے لیکن سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آئے، القادر رجسٹرڈ ٹرسٹ ہے، 2019 میں زمین یونیورسٹی کے لئے گفٹ ہوئی۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ ہم نے ٹرائل کورٹ میں نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست دی، مگر ٹرائل کورٹ نے ریکارڈ طلب کرنے کی ہماری درخواست مسترد کر دی، جج نے درخواست مسترد کرنے کی حیران کُن وجوہات لکھیں کہ تفتیشی افسر اس ریکارڈ کا لکھنے والا یا کسٹوڈین نہیں ہے، تین ہفتے میں مجھے پتہ چلا کہ یہ کیس بند ہو چکا ہے ، نیب کے کسی بھی ٹرائل کو سپریم کورٹ نے روکا ہوا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکتے ہوئے بدھ تک نیب کو جواب جمع کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء ٹرائل کورٹ میں تاخیری حربے استعمال نہ کریں، تاخیری حربے استعمال کئے تو عدالت آپنا حکمنامہ واپس لے لے گی۔

لاہور؛ غیرت کے نام پر اپنی کزن کو قتل کرنے والے ملزمان گرفتار

لاہور: ٹھوکر کے علاقے سے غیرت کے نام پر اپنی کزن کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود کے نوٹس پر انچارج انویسٹی گیشن ہنجروال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ روپوش اشتہاری ملزمان کو ٹھوکر سے گرفتار کیا۔ ملزم کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت روایتی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

ایس ایس پی ڈاکٹر انوش مسعود کے مطابق گرفتار ملزمان عاشق اور شہباز نے 32سالہ فوزیہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جبکہ قتل کے بعد لاش کھیتوں میں پھینک دی تھی، ملزمان کو اپنی چچا زاد کزن فوزیہ کے امجد نامی شخص سے ناجائز تعلقات کا شبہ تھا۔

ڈاکٹر انوش مسعود نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل 12بور رائفل برآمد کر لی گئی، ملزم کو مضبوط چالان مرتب کر کے منتقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے پولیس ٹیم میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

کراچی میں پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک، 5 زخمی سمیت 9 ڈاکو گرفتار

کراچی پولیس نے مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک اور 5 زخمی سمیت 9 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔

ڈسٹرکٹ کیماڑی کی اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار لیاری ایکسپریس وے ندی کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈٓاکو کو ہلاک کر دیا ،

اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس کے سربراہ سب انسپکٹر راجہ خالد نے بتایا کہ مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت 25 سالہ عمیر عرف چھوٹا جینگو ولد عبد الجبار کے نام سے کی گئی۔ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مارا جانے والے ملزم پاک کالونی کے علاقے میں دہشت کی علامت بنا ہوا تھا ، اغوا برائے تاوان ، قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی ، بھتہ خوری اور منشیات کی فروخت و اسمگلنگ سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

نیو کراچی پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب سیکٹر الیون آئی گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

گرفتار ملزم 32 سالہ محمد راحیل ولد محمد فاروق سے ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لیا۔

زمان ٹاؤن پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب چکرا گوٹھ نظر شاہ مزار کے قریب سے مبینہ مقابلہ کےک بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ سمیر ولد نظیر احمد کے نام سے کی گئی۔

جوہرآباد پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 9 سنگم گراؤںڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت 20 سالہ اللہ داد ولد خدا داد اور 24 سالہ آصف ولد سعید رحمان کے ناموں سے کی گئی۔ جن سے 2 پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقدی رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

رضویہ پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ناظم آباد نمبر ایک عابد گراؤنڈ کے قریب سے ایک زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت 40 سالہ خالد ولد عبدالکریم، جاوید ولد اسلان خان اور طارق علی ولد امین اصفر خان بتایا۔

سچل اور مددگار 15 پولیس نے پیر کی الصبح سچل کے علاقے سپرہائی وے جمالی برج کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا ، جس کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی۔ پولیس نے ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔

رواں مالی سال کے پہلے ماہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ

کراچی: رواں مالی سال کے پہلے ماہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے مہینے (جولائی 2024ء) میں غیرملکی سرمایہ کاری میں جولائی 2023ء کے مقابلے میں 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

جولائی 2024 ء میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی جب کہ جولائی 2023ء میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 10 کروڑ 55 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اسی طرح جولائی 2024ء میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 6 کروڑ ڈالر کے اضافے سے 16 کروڑ ڈالر رہی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 4 کروڑ 49 لاکھ ڈالر اضافے سے 13 کروڑ 63 لاکھ ڈالر رہی ۔

اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی 2023ء میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 8 کروڑ 32 لاکھ ڈالر رہی تھی ۔ جولائی 2024ء میں غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 13 کروڑ 91 لاکھ ڈالر اضافہ سے 14 کروڑ 51 لاکھ ڈالر رہی ۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری 74 لاکھ ڈالر اضافے سے 2 کروڑ 23 لاکھ ڈالر رہی۔

باکس آفس پر راج! شردھا کپور کی ‘استری 2’ دو سو کروڑ کے کلب میں داخل

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور اور اداکار راج کمار راؤ کی نئی ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کرتے ہوئے 200 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی ہے۔

15 اگست کو سینما گھروں میں ریلیز والی فلم ‘استری 2′ اپنی ریلیز کے چار دن بعد بھی باکس آفس پر راج کررہی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ فلم کی کمائی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی ‘استری 2′ نے اپنی کامیاب اسٹوری لائن، ہارر اور کامیڈی کے تڑکے کی بدولت پوری دُنیا میں 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم میں شردھا کپور کے کردار استری کو دُنیا بھر کے فلمی شائقین بہت پسند کررہے ہیں، فلم نے اب تک دُنیا بھر میں مجموعی طور پر 273 کروڑ روپے کا ریکارڈ توڑ بزنس کرلیا ہے۔

اس سے قبل بالی ووڈ فلموں کے تجزیہ نگاروں نے پیشگوئی کی تھی کہ فلم ‘استری 2′ ہفتے اور اتوار یعنی 17 اور 18 اگست کی کمائی کے بعد باکس آفس پر گزشتہ تمام ریکارڈز توڑتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کرے گی۔

واضح رہے کہ امر کوشک کی ہدایت کاری میں بننے والی ‘استری 2′ میں شردھا کپور اور راج کمار راؤ کے علاوہ پنکج ترپاٹھی، اپارشکتی کھرانہ اور ابھیشیک بنرجی نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

غزہ پر بمباری میں استعمال؛ کولمبیا نے اسرائیل کو کوئلے کی فراہمی روکدی

بگوٹا: اسرائیل غزہ پر جو بم برساتا ہے اس کی تیاری میں کولمبیا سے درآمد کردہ کوئلہ استعمال کرتا ہے جس پر کولمبیا نے کوئلے کی برآمد ہی روک دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو کا کہنا ہے کہ ہم سے خریدے گئے کوئلے کو اسرائیل نے فلسطینی بچوں کو مارنے والے بموں میں استعمال کیا۔ یہ ناقابل برداشت ہے۔

کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے اعلان کیا بموں میں استعمال کی وجہ سے ان کا ملک اب اسرائیل کو کوئلہ برآمد نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ اسرائیل اپنی ضرورت کا 50 فیصد کوئلہ کولمبیا سے درآمد کرتا ہے اور گزشتہ برس کے ابتدائی 8 ماہ میں 320 ملین ڈالرز مالیت کا کوئلہ کولمبیا سے خریدا تھا۔

تاہم کولمبیا اپنے کوئلے کے سب سے بڑے خریدار اسرائیل کو اب مزید کوئلہ دینے سے انکار کردیا۔

یاد رہے کہ کولمبیا نے جون میں کوئلے کی برآمد میں کٹوتی کی تھی لیکن اسرائیل کے باز نہ آنے پر اب مکمل طور پر فراہمی بند کردی۔

قبل ازیں کولمبیا نے غزہ میں بمباری پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کردیے تھے اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کو نسل کشی اور ہولوکاسٹ قرار دیدیا تھا۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس؛ پاکستان ایجنڈے میں شامل نہیں

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 28 اگست کو ہوگا۔ ایجنڈے میں پاکستان کا قرض پروگرام شامل نہیں ہے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا اگست کے لیے کیلنڈر جاری کردیا گیا۔ اجلاس 28 اگست کو ہوگا جس میں پاکستان کا قرض پروگرام شامل نہیں ہے جبکہ گنی بساؤ ایجنڈے کا حصہ ہے۔

ایجنڈے کے مطابق آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ گنی بساؤ کے چھٹے جائزے کی منظوری دے گا۔ ۔ وفاقی وزیرخزانہ نے بھی قرض پروگرام اگست میں منظور ہونے کی امید ظاہر کی تھی۔

پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور مشتبہ کیس رپورٹ

اسلام آباد: اسلام آباد کے پمز اسپتال میں منکی پاکس کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے۔

فوکل پرسن ڈاکٹر نسیم اختر کے مطابق متاثرہ شخص سعودی عرب کے شہر جدہ سے پاکستان آیا ہے۔ منکی پاکس سے متاثر47 سالہ شخص آزاد کشمیر کا رہائشی ہے جسے پمز اسپتال میں قائم خصوصی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

وزارت قومی صحت نے جمعرات کو ایک بیان میں پاکستان میں پہلا منکی پاکس کا مشتبہ کیس رپورٹ ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ خیبرپختوانخوا سےتعلق رکھنے والا شخص خلیجی ملک سے آیا تھا اور اس میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

حکومت آرٹیکل 6 لگاکر دیکھ لے میں یہیں ہوں، عارف علوی

اسلام آباد: سابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ یہ لوگ مجھ پر آرٹیکل 6 لگانا چاہیں تو کوشش کرلیں اور اپنی خوشی بھی پوری کر لیں۔

یہ بات انہوں ںے اسلام آباد ہائی کورٹ میں غیر رسمی گفتگو میں کہی۔ صحافی نے پوچھا کہ آپ نے جس انداز سے اسمبلی تحلیل کی اس پر آرٹیکل 6 لگانے کا کہا جا رہا ہے؟ اس پر عارف علوی نے کہا کہ آرٹیکل 6 اگر لگانا چاہیں تو کوشش کرلیں اور اپنی خوشی بھی پوری کر لیں، یہ 1500 کیسز چلا چکے ہیں مزید بھی کیس بنا دیں یہ کوشش کرلیں مجھے بھی موقع ملے گا۔

عارف علوی نے کہا کہ قاضی فائز عیسٰی نے آپ کا نام لے کر کہا کہ 90 دن میں الیکشن تاریخ نہ دے سکے، میں نے قاضی صاحب کے بارے میں بہت کہا اس کی بھی اہمیت قاضی فائزعیسٰی کو ہونی چاہیے۔

عارف علوی سے پوچھا گیا کہ کیا آپ؟ آرٹیکل 6 کی کارروائی کے لیے تیار ہیں؟اس پر انہوں ںے کہا کہ میں زندہ بھی اسی ملک میں ہوں اور پاکستان میں ہی رہوں گا، آرٹیکل 6 کیا ہے زندگی اور موت کی جنگ، میں بھی یہیں ہوں۔