آرمی چیف کی جانب سے سابق فوجیوں کیلئے تقریب، جعلی خبروں کے خطرے سے آگاہ کیا

راولپنڈی: یوم آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے سابق فوجیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے ریٹائرڈ افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی لگن اور قوم کی تاریخ بنانے میں کلیدی کردار کو سراہا۔

آرمی چیف نے اتحاد اور مشکلات کے سامنے استقامت کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے سابق فوجی افسران سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار جاری رکھیں۔

ارمی چیف نے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے خطرے سے بھی آگاہ کیا جو دشمن عناصر کی جانب سے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان تعلق کو کمزور کرنے کے لیے پھیلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت ان تمام کوششوں کو ناکام بنا دے گی۔

سابق افسران نے پاکستان آرمی کی قیادت پر اعتماد اور یقین کا اظہار کیا اور اندرونی اور بیرونی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب میں سابق ارمی چیف جںرل(ر) راحیل شریف اور اشفاق پرویز کیا نی بھی شریک ہوئے۔

مودی کے تیسرے دور میں بھی درندگی جاری، ریپ کے بعد قتل کے واقعات میں اضافہ

بھارت میں نریندر مودی کے مسلسل تیسرے دورِ اقتدار میں بھی خواتین کے ساتھ درندگی کا سلسلہ رُک نہیں رہا اور ریپ کے بعد قتل کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی کے کٹھ پتلی بھارتی وزیراعظم کے مسلسل تیسرے دور میں بھی لاقانونیت کا راج ہے اور ملک تمام اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے کے خلاف دشمنی اور نفرت پر مبنی ہندوتوا ایجنڈے پر عمل کے علاوہ خواتین کے ساتھ زیادتی کے مسلسل واقعات کے ساتھ نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بھارت میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کو ریپ کے بعدبے دردی سے قتل کر دیاگیا۔ ٹرینی ڈاکٹرکو ریپ کے بعد قتل کا واقعہ بھارت کی ریاست بنگال میں پیش آیا ۔ کلکتہ پولیس کا کہناہے کہ ٹرینی ڈاکٹر کو ریپ کر کے قتل کرنے کا واقعہ آر جی کار میڈیکل کا لج اینڈ ہاسپٹل کلکتہ سٹی میں پیش آیا۔

ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے بعد ہیلتھ ورکرز کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کے مطالبے کے لیے بھارت بھر میں ہزاروں ڈاکٹروں نے ہڑتال کر دی ہے۔ فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (فورڈا) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سرویش پانڈے نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تقریباً 300,000 ڈاکٹرز اس احتجاج میں شامل ہو چکے ہیں اورہم ابھی مزید کے بھی اس احتجاج میں شامل ہونے کی امید کرتے ہیں۔

مختلف ذرائع پر آنے والی تصاویر میں کولکتہ اور دارالحکومت نئی دہلی کے ڈاکٹروں کو دکھایا گیا ہے، جن کے پاس موجود کتبوں اور بینرز پر لکھا ہے کہ ہمارے ڈاکٹروں کو بچائیں، ہمارے مستقبل کو بچائیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے 2015ء میں کیے گئے ایک سروے میں پتا چلا کہ بھارت میں 75 فیصد ڈاکٹروں کو کسی نہ کسی طرح کے تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق 2022ء میں ریپ کے کل 31,516 واقعات ریکارڈ کیے گئے جو اوسطاً 86 کیسز یومیہ بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس طرح کے واقعات کی وجہ سے بھارت کو عالمی سطح پر ریپ کیپٹل بھی کہا جاتا ہے۔ بھارت میں انتہا پسندی عروج پر ہے مگر مودی سرکار نفرت پر مبنی پالیسی اور انسانیت سے گرے ہوئے جرائم کا سلسلہ روکنے کے بجائے اپنے سیاسی عزائم کے حصول میں مصروف ہے۔

پاکستان کی اپنی بنیادی نظریے سے دوری

پاکستان، 14 اگست 1947 کو قائم ہونے والا ملک، گزشتہ 76 برسوں میں اپنے بنیادی نظریے سے دور ہوچکا ہے۔ اس کے بانیوں، محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا وژن مسلمانوں کےلیے ایک ایسا وطن بنانا تھا جہاں وہ آزادی سے رہ سکیں اور ظلم و ستم کے خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرسکیں۔ تاہم، ملک نے اپنے بنیادی اصولوں پر قائم رہنے کےلیے جدوجہد کی ہے۔

ابتدائی طور پر، پاکستان کا نظریہ مسلمانوں کےلیے ایک علیحدہ وطن کے تصور کے گرد مرکوز تھا، جہاں وہ خود حکومت کرسکیں اور اسلامی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ ملک کے ابتدائی سال امید پرستی اور آئیڈیل ازم کے احساس سے نشان زد تھے، جن میں جناح اور لیاقت علی خان جیسے رہنما انصاف، مساوات اور ہمدردی پر مبنی ایک قوم کی تعمیر کےلیے کام کررہے تھے۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان کا رخ بدلنا شروع ہوگیا۔ سیاسی عدم استحکام، بغاوتوں اور بیرونی اثرات نے ملک کے بنیادی اصولوں کو ختم کردیا۔ انتہاپسندانہ نظریات اور فرقہ واریت کے عروج نے قوم کو مزید تقسیم کردیا، جس سے تشدد اور خونریزی ہوئی۔

آج پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جو اس کی بنیاد کو ہی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ بدعنوانی، اقربا پروری اور بدانتظامی وبائی شکل اختیار کرچکی ہے جبکہ ملکی ادارے کمزور پڑچکے ہیں۔ قانون کی حکمرانی کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے، اور انسانی حقوق کی اکثر خلاف ورزی ہوتی ہے۔

مزید یہ کہ پاکستان کا اپنے نظریے سے ہٹنا اس کے شہریوں میں منقطع ہونے کے احساس کا باعث بنا ہے۔ بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ ملک اپنا راستہ کھو چکا ہے اور اس کے بانیوں کے وژن کو فراموش کردیا گیا ہے۔ ملک کے نوجوان، خاص طور پر، جمود سے مایوس ہیں اور ایک بہتر مستقبل کےلیے تڑپ رہے ہیں۔

اپنے کھوئے ہوئے نظریے کو دوبارہ حاصل کرنے کےلیے پاکستان کو اپنے بانی اصولوں کی طرف لوٹنا ہوگا۔ اس کےلیے اپنے شہریوں، رہنماؤں اور اداروں کی اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے۔ ملک کو زیادہ باخبر اور روادار معاشرے کو فروغ دینے کےلیے تعلیم، تنقیدی سوچ اور شمولیت کو ترجیح دینی چاہیے۔

مزید برآں، پاکستان میں اسلامی قانون اور اسلامی معاشرے کا قیام، پاکستان کو اپنے اداروں کو مضبوط کرنے، احتساب کو یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ایسا کرنے سے ملک اعتماد بحال کرسکتا ہے اور ایک زیادہ منصفانہ اور مساوی معاشرہ تشکیل دے سکتا ہے۔

پاکستان کا اپنے بنیادی نظریے سے ہٹنا تشویشناک ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اپنے بانی اصولوں کو دوبارہ دریافت کرکے اور زیادہ جامع اور انصاف پسند معاشرے کےلیے کام کرکے، پاکستان اپنے کھوئے ہوئے وژن کو دوبارہ حاصل کرسکتا ہے اور اپنے شہریوں کےلیے ایک روشن مستقبل بنا سکتا ہے۔

دورہ پاکستان؛ سیاست ایک طرف! شکیب نے اسکواڈ جوائن کرلیا

سابق کپتان شکیب الحسن پاکستان کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شرکت کیلئے بنگلادیشی ٹیم کو جوائن کرلیا۔

سینئیر کرکٹر امریکا سے براہ راست لاہور پہنچے، جہاں وہ کینیڈا میں گلوبل ٹی20 لیگ میں بنگلہ ٹائیگرز مسی ساگا کی نمائندگی کررہے تھے۔

رواں برس شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن جیتنے والے سابق پارلیمنٹیرین شکیب الحسن حکومت کا تختہ الٹائے جانے سے قبل ہی کینیڈا میں فیملی کے ہمراہ موجود تھے، تاہم ملک میں جاری مظاہروں اور پرتشدد کے باعث وہ پاکستان پہنچے۔

شکیب الحسن کی پاکستان کیخلاف دو ٹیسٹ میچز میں شرکت غیر یقینی تھی تاہم بورڈ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ شائیکل کے میچز میں آل راؤنڈر کی دستیابی کی تصدیق کردی تھی۔

ان کے علاوہ کینیڈین ٹی20 لیگ میں بنگلہ ٹائیگرز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر شرف الاسلام بھی لاہور پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں جاری بدامنی کی لہر کے باعث پی سی بی نے بنگلادیش کو تجویز دی تھی کہ وہ اگر جلدی پاکستان آتے ہیں تو انہیں لاہور میں پریکٹس کا موقع فراہم کیا جائے گا جس کو بی سی بی حکام نے قبول کرلیا تھا۔

حسینہ واجد کی حکومت خاتمے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ شکیب کو شامل کرنے کی مخالفت نہیں کی، ٹیم میرٹ پر بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد؛ مبینہ زیادتی واقعہ، خاتون کے غیر ملکی ہونے کے ثبوت نہیں ملے، پولیس

اسلام آباد: خاتون سے مبینہ زیادتی کے معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ کے غیر ملکی ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آبپارہ کی حدود سے خاتون کے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد ملنے کے واقعے کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے غیر ملکی ہونے کے تاحال کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں، تاہم تفتیش کا عمل جاری ہے، جس کی نگرانی اسلام آباد پولیس کی سینئر کمانڈ خود کررہی ہے۔ تفتیش میں سامنے آنے والی پیش رفت اور تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

برطانیہ میں مسجد کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والی خاتون کو سزا

لندن: برطانیہ کی عدالت نے مسجد کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والی خاتون کو قید کی سزا سنا دی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے دوران مسجد سے متعلق نفرت انگیز پوسٹ کرنے والی 53 سالہ خاتون کو 15 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

سزا پانے والی خاتون جولی سیوینی نے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ غصے میں کی تھی مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ پوسٹ کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا نہیں تھا۔ اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردوں گی۔

دوسری جانب ساؤتھ پورٹ میں چاقو حملے میں بچیوں کی موت کے بعد ہونے والے فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ برطانوی عدالت نے نسل پرستی اور ہجوم کو اکسانے کے الزام میں دو افراد 26 سالہ کونر وائیٹلی اور 49 سالہ ٹریور لائیڈ کو 3،3 سال قید کی سزا سنا دی۔

جنوبی یارک شائر میں 60 سالہ گلین گیسٹ کو پولیس اہلکار کو گھسیٹنے کے الزام کے جرم 2 سال اور 8 ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی جبکہ برسٹل میں 34 سالہ ڈومینک کپالڈی کو ہنگامہ آرائی پر 34 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔

عمران خان کیلیے سہولتکاری؛ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا

راولپنڈی: عمران خان کے لیے سہولتکاری پر سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا۔

ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین تحریک انصاف کے لیے اڈیالہ جیل میں سہولت کاری کے الزام میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق سکیورٹی اداروں نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کا جیل میں مکمل نیٹ ورک پکڑ لیا، جیل کے مزید 2 افسران سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔

دیگر 2 افسران میں اڈیالہ جیل کے اسسٹنٹ ناظم، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر شامل ہیں۔ دونوں افسران سابق ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اکرم کے قریب رہائش پذیر تھے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل سے ہٹائے گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم سے حاصل معلومات کی بنیاد پر مزید 6 ملازمین سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

محمد اکرم کے 2 اردلی، 3وارڈر اور ہیڈ وارڈر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تمام ملازمین محمد اکرم کے قریبی تصور کیے جاتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں موبائل فون کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ 3 یورپی ممالک کے نمبرز پر بنائے گئے واٹس ایپ کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فون کے شواہد بھی مل چکے ہیں۔ اڈیالہ جیل سے ہٹائے گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری، ایک سابق صوبائی وزیر پنجاب کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔

محمد اکرم پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 15 سال سے زائد عرصہ اڈیالہ جیل تعینات رہے۔ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کا جیل میں مکمل نیٹ ورک برسٹ کردیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو خلاف ضابطہ فراہم سہولیات، پیغام رسانی کے معاملات پر جیل انتظامیہ کی میٹنگ آج ہونے کا امکان ہے۔

خلیل الرحمان نے ‘برزخ’ کیخلاف ماریہ بی کے ایکشن کی حمایت کردی

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے متنازع ویب سیریز ‘برزخ’ کے خلاف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کے ایکشن کی حمایت کردی ہے۔

خلیل الرحمان قمر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ماریہ بی مسلسل ہم جنس پرستی کے خلاف آواز اُٹھا رہی ہیں اور میں اُن کے اس مقصد میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں۔

ڈرامہ نگار نے کہا کہ ماریہ بی واقعی ایک حقیقی خاتون ہیں جو ہمارے مذہبی اور سماجی ڈھانچے کو بچانے کے لیے بہت کوششیں کر رہی ہیں، اُنہوں نے ویب سیریز ‘برزخ’ کے خلاف جس طرح آواز اُٹھائی، وہ قابلِ تعریف ہے، میں اُنہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم جنس پرستی کو فروغ دینے والی سیریز یا فلموں کے پیچھے ایک ایجنڈا ہے، ہم غلط راستے کا انتخاب کر رہے ہیں، ہمیں اس مغربی ایجنڈے کا شکار ہونے کے بجائے ہم جنس پرست کمیونٹی کے لیے آگاہی و شعور اور فلاحی کام کرنے چاہئیں۔

خلیل الرحمان نے کہا کہ ہم جنس پرست لوگ بنیادی طور پر ہمارے معاشرے میں اس کی قبولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور مجھے ان اداکاروں، مصنفین اور فلمسازوں کے لیے افسوس ہوتا ہے جو ہم جنس پرست کی فروغ کے لیے ایک آلے کے طور پر استعمال ہورہے ہیں۔

ڈرامہ نگار نے کہا کہ ماریہ بی ایسے گھٹیا ایجنڈے کے خلاف اپنا کام کر رہی ہیں، میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں اور میری حمایت بھی ماریہ بی کے ساتھ ہے۔

اُنہوں نے ماریہ بی کے ایک دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ ماریہ بی نے کہا تھا کہ میڈیا انڈسٹری میں 80 فیصد مرد ہم جنس پرستی ہیں، وہ ایک سچی خاتون ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اُن کے یہ حقائق بالکل درست ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی جانب سے تحریر اور ہدایت کردہ بھارتی ویب سیریز ‘برزخ’ میں ہم جنس پرستی، فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہنی سازی بھی دکھائی گئی تھی جس کی وجہ سے پاکستانی مداح سمیت کئی شوبز شخصیات بھی سیریز پر پابندی کا مطالبہ کررہی تھیں۔

فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے ‘برزخ’ کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میں پابندی کی درخواست بھی دائر کی تھی، تاہم بھارتی چینل زی زندگی کے پروڈیوسرز نے پی ٹی اے کے ایکشن سے قبل ہی سیریز کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیا تھا۔

2050 تک مردوں میں کینسر کی شرح 84 فیصد تک بڑھنے کا امکان

ایٹلانٹا: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند دہائیوں میں مردوں میں کینسر کی شرح آسمان کو چھونے کا امکان ہے۔

پیر کے روز امریکن کینسر سوسائٹی کے ریسرچ جرنل ‘کینسر’ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق 2022 سے 2050 کے دوران مردوں میں کینسر کی شرح میں 84 فیصد اضافہ متوقع ہے جبکہ اسی عرصے میں کینسر سے ہونے والی اموات میں 93.2 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

تحقیق کے مطابق اس معاملے میں مردوں کے زیادہ متاثر ہونے کی وجہ تمباکو نوشی اور شراب نوشی جیسے عوامل میں زیادہ مبتلا ہونا ہے۔

تحقیق کے مطابق مردوں کو خواتین کے مقابلے میں کام کی جگہ پر کینسر پیدا کرنے والے زیادہ خطرناک عوامل جیسے کہ نقصان دہ کیمیکلز، تابکاری اور ایسبسٹوس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تحقیق کے مطابق 65 سال کی عمر کے مرد جو کینسر کی نایاب قسم میں مبتلا ہیں یا ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں ہیومن ڈیولپمنٹ انڈیکس کم ہے ان کی موت کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

محققین نے یہ بھی بتایا کہ سرویکل کینسر کی طرح خواتین کو متاثر کرنے والے کینسر کی ابتدائی تشخیص کے زیادہ آپشن موجود ہیں۔

محققین نے مردوں میں کینسر سے ہونے والی اموات میں کمی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد سفارشات بھی پیش کیں۔

واٹس ایپ کا اے آئی چیٹ بوٹ کیلئے وائس چیٹ موڈ فیچر پر کام جاری

کیلیفورنیا: انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کے لئے وائس چیٹ موڈ فیچر پر کام کر رہی ہے۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے مستقبل میں کی جانے والی اپ ڈیٹ میں یہ فیچر فعال ہو جائے گا اور صارفین اے آئی چیٹ بوٹ کے لئے آواز کا انتخاب بھی کرسکیں گے۔ میٹا اے آئی کے ساتھ بات چیت کرنے کے لئے اپنی آواز کا استعمال کرنا روابط کو ٹیکسٹ کرنے کے مقابلے میں بہت آسان بنا دے گا۔

میٹا اے آئی کی آواز کے انتخاب کا آپشن اینڈرائیڈ کے لیے جاری ہونے والے واٹس ایپ بِیٹا کے 2.24.17.16 ورژن میں دستیاب ہے۔

(تصویر: واٹس ایپ بِیٹا انفو)

کمپنی کی جانب سے جب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا تب صارفین میٹا اے آئی کے لیے 10 آوازوں کا انتخاب کر سکیں گے۔ ان آوازوں کو نام نہیں دیے گئے لیکن ہر آواز کو مختلف رنگ کے دائرے سے منسوب کیا گیا ہے جیسا کہ پیش کیے گئے اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔