لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈھائی ماہ بعد تعلیمی سرگرمیاں بحال

لاہور: پنجاب بھر میں موسم گرما کی ڈھائی ماہ کی طویل تعطیلات ختم ہونے کے بعد آج سے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔

اسکولز کھلتے ہی والدین اور طالب علموں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کو اساتذہ نے اپنے لیے خوش آئند قرار دیا۔

مہنگائی کے باعث بچوں کو وہ تفریح فراہم نا ہوسکی جس کی وہ توقع رکھتے تھے، نوے فیصد بچے گھروں کی چاردیواری تک محدود رہے۔ لاہور بچوں کا کہنا ہے کہ انڈور گیمز میں دل لگا کر سیاحتی مقامات کی سیر پر سمجھوتہ کیا۔

دوسری جانب اساتذہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولز میں گرمی اور دیگر موسمی کیفیات کے باعث سہولیات کا فقدان ہے۔

اساتذہ اور بچوں نے شکایت کی ہے کہ اسکول تو کھل گئے مگر سرکاری اسکولز تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں بجلی اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے کوئی متبادل انتظامات نہیں۔

بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ ڈینگی کا خوف بھی منڈلا رہا ہے، بارش کے اس موسم میں حبس کا مقابلہ بھی کرنا ہوگا۔

7ویں جماعت کے طالب علم کی چھٹی کی مضحکہ خیز درخواست وائرل

نئی دہلی: 7ویں جماعت کے طالب علم کی منفرد اور دیانت داری پر مبنی چھٹی کی درخواست انٹرنیٹ پر وائرل ہوچکی ہے۔

بھارت میں راکیش نامی طالب علم نے مزاحیہ انداز میں سیدھے سادھے انداز میں اپنے کلاس ٹیچر کو انگریزی میں لکھی ہوئی چھٹی کی درخواست میں اپنی غیر موجودگی کی اطلاع دی۔

معیاری رسمی خطاب کے ساتھ شروع ہونے والی درخواست نے اس وقت ایک غیر متوقع موڑ لیا جب طالب علم نے صرف یہ کہا، “میں نہیں آؤنگا، نہیں آؤنگا، نہیں آؤنگا۔ آپ کا شکریہ میں نہیں آنے والا۔

اس درخواست کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا جس میں صارفین طالب علم کی راست بازی سے کافی محظوظ ہوئے ​​اور تعریف کا اظہار کیا۔

اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ طالب علم نے پرنسپل لفظ کی غلط ہجے لکھی ہے، ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ شہزادے کی اس درخواست کی وجہ سے پرنسپل کونے میں بیٹھ کر رو رہی ہوگی۔a

بنگلادیش کیخلاف سیریز؛ ٹیم مینجمنٹ کا باضابطہ اعلان ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کیخلاف ہوم میچز کی ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم مینجمنٹ کا باضابطہ اعلان کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کہا گیا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کے بعد سینئیر مینیجر وہاب ریاض اور اسسٹنٹ مینجر منصور رانا کو ہٹائے جانے کے بعد اس پوزیشن پر نوید اکرم چیمہ کو نیا مینیجر مقرر کردیا گیا ہے۔

نوید اکرم چیمہ گزشتہ برس 2023 سے جنوری 2024 تک پاکستان کے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے، ان کی جگہ منصور رانا کو بعد کی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کے بعد منصور رانا اور سینئر ٹیم منیجر وہاب ریاض دونوں کو اسکواڈ کے اندر نظم و ضبط برقرار نہ رکھنے کی رپورٹس منظر عام پر آنے کے بعد عہدوں سے فارغ کردیا گیا تھا۔

ٹیم منیجمنٹ میں نوید اکرم چیمہ کیساتھ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی، اسسٹینٹ کوچ اظہر محمود شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

امیتابھ بچن ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کی ایک قسط کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟

ممبئی: مشہور زمانہ بھارتی ٹی وی شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 16ویں سیزن کا آغاز ہوگیا ہے جس کی میزبانی بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کررہے ہیں۔

امیتابھ بچن کے شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے سیزن 16 کا آغاز رواں ماہ 12 اگست سے ہوا ہے، مداح ایک بار پھر بالی ووڈ کے بگ بی کو شو کی میزبانی کرتا دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں کیونکہ شو کے سیزن 15 کی آخری قسط میں اداکار کے جذباتی پیغام کے بعد مداحوں کو یہ لگ رہا تھا کہ شاید وہ اگلے سیزن کی میزبانی نہیں کریں گے۔

اداکار کے مداح تجسس کا شکار رہتے ہیں کہ اس مقبول شو کی میزبانی کے لیے امیتابھ بچن کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟، اب اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے پہلے سیزن (2000) میں فی قسط کا تقریباً 25 لاکھ روپے معاوضہ لیتے تھے، تاہم اس شو کی مقبولیت کے بعد اداکار کے معاوضے میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس شو کے چوتھے سیزن تک امیتابھ بچن کا معاوضہ دُگنا ہوگیا تھا، اُنہیں سیزن 4 میں شو کی فی قسط کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضہ ملتا تھا۔

شو کے سیزن 6 تک امیتابھ بچن ڈیڑھ کروڑ روپے فی قسط تک معاوضہ لیتے تھے جبکہ جبکہ ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے آٹھویں سیزن میں اداکار کا معاوضہ بڑھ کر 2 کروڑ روپے سے زائد ہوگیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیزن 9 میں امیتابھ بچن 2 کروڑ 60 لاکھ روپے فی قسط معاوضہ لیتے تھے جبکہ سیزن 10 میں یہ معاوضہ بڑھ کر 3 کروڑ روپے فی قسط ہوگیا تھا۔

امیتابھ بچن نے ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 11ویں سے 13ویں سیزن تک ساڑھے 3 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کیا جبکہ شو کے 14ویں سیزن میں اُنہیں 4 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 16ویں سیزن کے لیے 5 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کر رہے ہیں۔

موٹر وے کی حفاظتی باڑ کاٹتے دو ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

لاہور: موٹروے پولیس نے ایم 3 پر پیر محل کے قریب حفاظتی باڑ کاٹنے والے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ڈی ایس پی محمد انور کا اطلاع ملی کہ ملزمان موٹروے کی حفاظتی فینس کاٹ رہے ہیں، پٹرولنگ افسران نے بروقت کاروائی کر دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

ترجمان موٹر وے کا کہنا تھا کہ حفاظتی باڑ کی غیر موجودگی سے جانور موٹروے پر آکر حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

سیکٹر کمانڈر شہباز عالم کی ہدایات پر ملزمان کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا

ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی مسرور عالم کلاچی نے افسران کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

اسپین کے فٹبالر لامین یمل کے والد پر چاقو سے حملہ

میڈرڈ: اسپین کے معروف فٹ بالر لامین یمل کے والد پر گزشتہ رات نامعلوم افراد نے چاقو سے حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بارسلونا اور اسپین کے اسٹار ونگر لامین یمل کے والد منیر نصراوی کو بدھ کی رات شمال مشرقی ہسپانوی شہر ماترو کی پارکنگ میں چاقو سے حملہ کیا گیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، نصراوی کو قریبی شہر بادالونا کے کین روٹی اسپتال لے جایا گیا انہیں چاقو کے گہرے زخم لگے تھے۔

مزید کہا گیا ہے کہ مقامی اور علاقائی پولیس نے واقعے کے متعدد عینی شاہدین کو تلاش کرنا شروع کر دیا ۔

تاہم بعد میں کھیلوں کی ویب سائٹ ریلوو کی ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ نصراوی کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھر واپس آ گئے ہیں۔

بارسلونا کے ایک محنت کش طبقے اور کثیر نسلی مضافاتی علاقے ماترو میں پرورش پانے والے فٹ بال کے ایک حیرت انگیز کھلاڑی یمل جرمنی میں منعقد ہونے والے یورو 2024 کے بریک آؤٹ اسٹار بنے تھے۔

اسپین نے یورو 2024 میں 9 جولائی کو سیمی فائنل میں یمل کے گول کی بدولت فرانس کو شکست دے کر فائنل میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا

اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے تعمیراتی کام کی وجہ سے یہ مشکل فیصلہ کیا ہے۔

علم میں رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

روسی صدر کی پاکستانی عوام، صدر زرداری اور وزیراعظم کو یوم آزادی کی مبارکباد

 ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد پیش کی۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں اور امن و خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور انسداد دہشت گردی سمیت افغان تنازع کے حل کی کوششوں کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

روسی صدر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ اور اس کے عوام کے مفاد میں اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے پاک روس تعمیری تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

روسی صدر نے اپنے پاکستانی ہم منصب صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی صحت اور کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔

بالی وڈ کی لیجنڈری جوڑی سلیم جاوید ایک بار پھر فلم کیلئے تیار

 ممبئی: بالی وڈ انڈسٹری کی نامور اسکرپٹ رائٹر جوڑی سلیم جاوید ایک مرتبہ پھر ساتھ نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نغمہ نگار اور کہانی نویس جاوید اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور سلیم خان ایک اور فلم ساتھ کریں گے۔

فلم ’اینگری ینگ مین‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک نئی فلم کرنے کیلئے سلیم خان سے بات کی ہے۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ اس زمانے میں بھی وہ دونوں زیادہ معاوضہ وصول کرتے تھے اور اس زمانے میں تو بہت ہی زیادہ معاوضہ ہوگا۔

یاد رہے کہ سلیم خان اور جاوید اختر نے ایک ساتھ 24 فلمیں تحریر کیں جن میں سے 22 بلاک بسٹر ثابت ہوئیں اور ان فلموں میں شعلے، ڈان، زنجیر، یادوں کی بارات، دیوار، ہاتھی میرا ساتھی، سیتا اور گیتا شامل ہیں۔

مہنگائی؛ جاپانی وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے اور الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان

ٹوکیو: جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے، سیاسی تنازعات اور عوام کے عدم اعتماد کے باعث اگلے ماہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا نے اپنے بیان میں کہا کہ انھوں نے عوام کی خاطر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سیاسی اسلاحات کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رہے۔

جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا نے یہ بھی باور کرایا کہ وہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر کے طور پر دوبارہ انتخاببھی نہیں لڑیں گے۔

خیال رہے کہ 67 سالہ فومیو کشیدا اکتوبر 2021 سے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہیں تاہم اب بڑھتی ہوئی مہنگائی قیمتوں اور دیگر اسکینڈلز کی وجہ سے ان کی اور ان کی پارٹی کی مقبولیت میں تیزی سے کمی آئی ہے۔

گزشتہ برس نومبر میں جاپانی وزیرعظم نے اپنی مقبولیت کے گراف کو برقرار رکھنے کے لیے 170 کھرب (اس وقت 100 ارب ڈالرز سے زیادہ) مالیت کے ایک بڑے پیکج کا اعلان کیا تھا تاہم اس کا خاطر خواہ فائدہ نہ ہوسکا تھا۔

جاپانی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد اب ان کی جماعت اگلے ماہ ستمبر میں پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب کرے گی۔