فتنہ و فساد سے آگے بڑھ کو سوچیں تو کوئی نعمت ایسی نہیں جس سے ملک محروم ہو، مریم نواز

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر ملک میں سیاسی استحکام ہو اور قوم فتنہ و فساد سے آگے بڑھے اور ایک قوم بن کو سوچے تو کوئی نعمت ایسی نہیں جس سے اللہ نے محروم رکھا ہو۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزار اقبال ؒ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی بعدازاں قومی ترانہ بجایا گیا۔ وزیر اعلیٰ کو بوائے اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ اسکول بینڈز نے خوبصورت دھنیں پیش کیں۔ سندھی، بلوچی، کلاش، کشمیری، پنجابی چولستان اور دیگر علاقائی لباس میں طالبات نے تالیاں بجا کر وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔

تقریب میں قائد اعظم کی تقریر کے اقتباس بھی پیش کیے گئے۔ اسپیشل بچوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے ترانہ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اپنی نشست چھوڑ کر اسپیشل بچوں کے درمیان پہنچ گئیں اور بچوں کے ترانے کی تعریف کی۔

حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا، مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری، صوبائی وزراء مجتبی شجاع الرحمن، رانا سکندر حیات، ذیشان سکندر، سہیل شوکت بٹ، بلال یاسین، شیر علی گورچانی، معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق بھی موجود تھے۔

چیف سیکرٹری، آئی جی، پرنسپل سیکریٹری، سیکرٹریز، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ میں نے آج پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلی ہونے کی وجہ سے پرچم بلند کیا میرے لئے یاد گار لحمہ تھا، آج فلسطین میں جو مظالم ڈھائے جا رہیں ان کے لیے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں سکون سے رہنا نصیب کرے، آزادی کی قدر دل سے محسوس ہوتی ہے جن کو یہ نصیب نہیں ہے، ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمیں آزادی کی نعمت دی، ہر جیتی جاگتی قوم اپنا احتساب کرتی ہے، ہمیں بھی اپنا احتساب کرنا ہے کیا ان 77 برس میں ہماری کامیابیاں زیادہ ہیں یا ناکامیاں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بڑی نعمتوں سے نوازا ہے، اگر اس ملک میں سیاسی استحکام ہو اور قوم فتنہ و فساد سے آگے بڑھے اور ایک قوم بن کو سوچے تو کوئی نعمت ایسی نہیں جس سے اللہ نے محروم رکھا ہو، اس مٹی کے شہداء افواج پاکستان، سیکورٹی اور پولیس کے جوان اور جو کل رات بھی شہید ہوئے  ہمارے فوجی جوانوں نے شہادت پیش کی جس طرح وہ ہماری اور اس مٹی کو تحفظ فراہم کررہے ہیں انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

منوج کمار نے ’کرانتی‘ کی تحریر کا کریڈٹ سلیم جاوید سے چھیننے کی کوشش کی، سلمان خان

 ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ منوج کمار 1981 کی فلم ’کرانتی‘ کی اسکرپٹ رائٹنگ کا کریڈٹ اپنے نام کرنا چاہتے تھے۔

دستاویزی فلم ’اینگری ینگ مین‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ وہ صرف ایک بار منوج کمار کے ساتھ انٹرویو کرنا چاہتے ہیں۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ منوج کمار نے سلیم جاوید سے فلم کی تحریر کا کریڈٹ چھین کر اپنے نام کرنے کی کوشش کی ہے۔

اس موقع پر جاوید اختر کے بیٹے فرحان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہی ہے تو وہ منوج جی پر ایک الگ دستاویزی فلم بنائیں گے۔

واضح رہے کہ فلم ’کرانتی‘ کی ہدایتکاری کے ساتھ منوج کمار نے اس فلم میں اداکاری بھی کی تھی۔

ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے قرض دار ہیں جو کبھی ادا نہیں ہو سکتا، ہائی کمشنر

  لندن: پاکستان ہائی کمیشن لندن میں آج 78 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم فضا میں بلند کیا۔ خصوصی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ایک ایسے وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں، جہاں برصغیر کے مسلمان عزت اور فخر کے ساتھ رہ سکیں۔

انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو پاکستان کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا اور مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے علامہ اقبال کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہائی کمشنر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے قرض دار ہیں جو کبھی ادا نہیں ہو سکتا۔

سفیرپاکستان نے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی ہر فورم پر حمایت کا اعادہ کیا جو اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

ہائی کمشنر نے برٹش پاکستانیوں کی محنت، لگن اور جذبے کا اعتراف کیا جو پاکستان اور برطانیہ کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کی کہانی آج بھی وہ بہادر مرد و خواتین لکھ رہے ہیں جو ہر محاذ پر پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل  نے  خوشحال، مضبوط اور پرامن پاکستان کی تعمیر کے لیے اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے دوران ہائی کمشنر نے صدر پاکستان کی جانب سے جناب آصف رنگون والا ،ڈاکٹر جاوید احمد شیخ ، پروفیسر محمد امجد شاد اور ایم پی  خالد محمود کو سول ایوارڈز سے نوازا۔

پاکستانی بہادر نوجوان عبداللہ کو بھی خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا جس نے لندن کے لیسٹر اسکوائر پر ایک حملہ آور کا بہادری سے مقابلہ کیا اور ماں اور ایک بچی کی جانیں چاقو کے حملے سے بچائیں۔ پاکستان کے پہلے جیولن اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے اعزازات کا حوالہ دیا گیا۔

بعد ازاں ہائی کمشنر نے اپنی اہلیہ اور مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کا 78 واں یوم آزادی منانے کے لیے کیک کاٹا۔

تقریب میں برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ، سفارت کاروں، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔

جشن آزادی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں پنجاب نے میدان مار لیا

  اسلام آباد: جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپئن شپ کا مینز اور وویمنز ٹائٹل پنجاب نے جیت لیا۔

فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ملک کے 77 ویں یوم آزادی کو شاندار انداز سے منانے کیلئے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں  پانچ روزہ چیمپٸن شپ کا انعقاد کیا گیا۔

ایونٹ کے مینز فاٸنل میں پنجاب نے سنسنی خیزمقابلے کے بعد خیبر پختونخوا کو 68 کے مقابلے میں 69 پواٗنٹس سے شکست دیکر مینز ٹائٹل جتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

پنجاب کی طرف عبداللہ 22، محمد تیمور نے 15 پواٸنٹس جبکہ کے پی کے عمر خان 15 پواٸنٹس اسکور کرکے نمایاں رہے۔ اسلام آباد اے اور اسلام آباد بی کی ٹیموں کے مابین کھیلے گٸے تیسری پوزیشن کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد اے نے 62-67 پوائنٹس سے جیتا۔

ویمنز ایونٹ کے فائنل میں پنجاب نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت اسلام آباد اے کو 17 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے شکست دیتے ہوئے ویمنر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پنجاب کی طرف سے ایمن علی اور ثنا نے 16 اور 12 پوائنٹس اسکور کٸے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ نے اسلام آباد بی کو 29-50 پوائنٹس سے شکست دی۔

ملک میں احتجاج کے نام پر تباہی کا رقص کیا گیا؛ شیخ حسینہ

نئی دہلی: بنگلا دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ نے بھارت میں پناہ لینے کے بعد پہلی بار عوامی بیان جاری کیا ہے جو ان کے صاحبزادے صجیب واجد نے سوشل میڈیا پر وائرل کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صجیب واجد نے مائیکرو بلاگنگ سیب سائٹ ایکس پر 3 صفحات پر مشتمل اپنی والدہ شیخ حسینہ واجد کا بیان جاری کیا ہے۔

اس بیان کی اہمیت یوں بھی بڑھ جاتی ہے کہ اقتدار کے خاتمے اور بھارت میں پناہ لینے کے بعد شیخ حسینہ واجد کا یہ پہلا بیان منظر عام پر آیا۔

جذباتی بیان میں شیخ حسینہ واجد نے طلبا احتجاج تحریک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کو انصاف کی فراہمی اور ان کے والد شیخ مجیب کا مجسمہ گرانے والے فسادیوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

شیخ حسینہ واجد نے اپنے والد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 15 اگست 1975 کے اُس دن کو بھی یاد کیا جب ان کے والد شیخ مجیب الرحمان کو اہل خانہ سمیت فوجی بغاوت میں قتل کردیا گیا تھا۔

مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ نے مزید کہا کہ احتجاج کے نام پر ملک بھر میں تباہی کا جو رقص کیا گیا ہے اس سے بہت سی اموات بھی ہوئیں جن میں طلبا، اساتذہ، پولیس، صحافی، سماجی کارکن، عام لوگ اور عوامی لیگ کے رہنما اور کارکنان شامل ہیں۔

شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ جیسے میں نے اپنا خاندان کھو دیا ویسے ہی اس احتجاج میں بہت سوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا میں ان سب سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔

اس موقع پر شیخ حسینہ واجد نے مطالبہ کیا کہ ان ہلاکتوں کی تحقیقات کی جائیں اور فسادیوں کو پکڑ کر سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ فسادیوں نے میرے آبائی کو جلایا، آزادی کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا اور ملک کے بانی کی توہین کی۔

شوبز فنکاروں، ادیبوں اور شاعروں کیلئے پاکستان سول ایوارڈ کا اعلان

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں 104 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کی منظوری دے دی۔

تمام تر افراد کو سول ایوارڈ 23 مارچ 2025 کی تقریب میں دیے جائیں گے۔ سائنس، انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، سماجی خدمات، انسان دوستی، کاروباری، ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان، عوامی خدمات، بہادری اور خدمات کے شعبوں میں یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔

اردو کے نامور غزل گو شاعر ناصر کاظمی کیلئے ان کی شاعرانہ خدمات پر نشان امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔

جاوید جبار کیلئے ادب کے شعبے میں ہلال امتیاز کا اعلان ہوا جبکہ سلمیٰ اعوان (ادب)، منیزہ شمسی (ادب)، ظفر وقار تاج (شاعری) کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔

صدر پرائیڈ آف پرفارمنس کیلئے  فنون کے شعبے میں فریحہ پرویز، حامد رانا، شیبا ارشد اور نوید احمد بھٹی اور عنبرین حسیب (ادب) کے ناموں کا اعلان ہوا ہے۔

بختیار خٹک (گلوکاری) اور سید جواد حسین جعفری (ادب) کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

توشہ خانہ کیس سامنے لانے والے عمرفاروق کیلئے ہلال امتیاز کی منظوری

  اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں 104 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کی منظوری دے دی۔

تمام تر افراد کو سول ایوارڈ 23 مارچ 2025 کی تقریب میں دیے جائیں گے۔ سائنس، انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، سماجی خدمات، انسان دوستی، کاروباری، ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان، عوامی خدمات، بہادری اور خدمات کے شعبوں میں یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔

اس فہرست میں اوور سیز پاکستانی عمر فاروق کا نام بھی شامل ہے۔ انہین ہلال امتیازعطاکرنے کی منظوری دی گئی ہے

عمرفاروق کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ سے گھڑی لینے کے معاملے کو بے نقاب کرنے پر اعزازسے نوازا جائے گا۔

سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں نے جوش اورجذبے کے ساتھ جشن آزادی منایا

سینٹرل جیل کراچی میں بھی جشن آزادی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جہاں قیدیوں نے جوش اورجذبے کے ساتھ جشن آزادی منایا، ملی نغموں پر جھوم اٹھے اورایک دوسرے کوکندھوں پراٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر سینٹرل جیل کراچی میں بھی جشن آزادی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں شریک ڈپٹی سیکریٹری داخلہ سندھ شبیرجان جسکانی نے قیدیوں سے خطاب میں کہا کہ آج عظیم دن ہے جو بڑی محنت اورقربانیوں کے بعد ملا ۔ سینٹرل جیل میں آپ لوگوں کو اس طرح جشن مناتے دیکھ کر خوشی محسوس ہوہی ہے.

انھوں نے مزید کہا کہ یہ محکمہ جیل نہیں بلکہ اصلاح مرکزبھی ہے، دنیا میں تصور تبدیل ہو گیا ہے کہ لوگوں کو جیل میں قید کیا جائے، معاشرے میں کوئی فرد غلطی کرتا ہے اس کے لیے قانون موجود ہے اور یہ قانون انسان کی فلاح کے لیے بنے ہیں، قانون میں وہ شخص پھنستا ہے جو غلطی کرتا ہے لیکن غلطی کرنے والے کے لیے بھی اصلاح کا موقع موجود ہے۔

چین میں ایک بچہ 37 سال بعد والدین کو مل گیا

ژاؤژوانگ: حال ہی میں ایک رقعت آمیز واقعے میں چین میں ایک جوڑا 37 سال بعد اپنے بیٹے سے ملا جب 1 دن کے بچے کو اس کی دادی نے 1986 میں کسی جوڑے کو دے دیا تھا۔

چینی میڈیا کے مطابق بچے کی دادی نے یہ مانتے ہوئے کہ جوڑا اپنی غربت کیوجہ سے بچے کی پرورش نہیں کرپائے گا، بچے کو ایک فیملی کو گود دے دیا جس کا سربراہ زاؤ نامی شخص تھا ۔

بچے کے والد لی اور انکی اہلیہ نے اس فیصلے سے اتفاق نہیں کیا تھا تاہم دادی نے خفیہ طور پر بچے کو دوسرے خاندان کے حوالے کیا۔ بعد میں دادی نے وضاحت دی انہوں نے انکی مالی مشکلات کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ زاؤ نے دادی کو کتنی رقم ادا کی۔

مقامی میڈیا کے مطابق دادی کی موت کے بعد، لی اور ان کی اہلیہ نے اپنے کھوئے ہوئے بیٹے کی تلاش میں تین دہائیوں تک گرد چھانی۔ وزارت پبلک سیکیورٹی کے ڈیٹا بیس کے مطابق فروری میں جوڑے کے خون کے نمونے پینگ نام کے ایک شخص سے مماثل پائے گئے جو شیڈونگ صوبے کے زاؤژوانگ میں رہتا تھا اور اسطرح بیٹا اور والدین 37 سال بعد آپس میں مل گئے۔

کنگنا رناوت کی نئی تھرلر فلم ’ایمرجنسی‘ کا ٹریلر جاری

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی نئی فلم ’ایمرجنسی‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ 

سوشل میڈیا پر اداکارہ نے مداحوں کو خبر دی تھی کہ فلم کا ٹریلر 14 اگست کو آئے گا جبکہ فلم 6 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

سیاسی تھرلر کیلئے پہلے 24 نومبر 2023 کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن سلمان خان کی ’ٹائیگر3‘ کے ساتھ تصادم سے بچنے کیلئے فلم کی ریلیز ملتوی کردی گئی تھی۔

کنگنا رناوت کی مرکزی کردار کے ساتھ ’ایمرجنسی‘ ایک تاریخی ڈراما ہے جسے اداکارہ نے خود ہی ہدایت کاری دی اور پروڈیوس کیا ہے۔

فلم ’ایمرجنسی‘ کے اسکرپٹ میں بھی اداکارہ نے کردار ادا کیا ہے جبکہ اسے ابتدائی طور رتیش شاہ نے لکھا ہے۔

تھرلر فلم کی کہانی انڈیا کی تیسری وزیراعظم اندرا گاندھی کے سیاسی کیریئر کے گرد گھومتی ہے جن کی پالیسیوں نے انڈیا کی تاریخ کو تبدیل کیا تھا۔

’ایمرجنسی‘ میں کنگنا رناوت کے ساتھ انوپم کھیر، شریاس تالپاڑے اور ماہیما چوہدری نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔