سزا یافتہ مجرم کو وزیر بنانے پر تھائی لینڈ کی عدالت نے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹا دیا

بنکاک: تھائی لینڈ جو گزشتہ دو دہائیوں سے فوجی بغاوتوں اور عدالتی فیصلوں کی وجہ سے سیاسی اور حکومتی بحران کا شکار ہے، وہاں ایک اور عدالتی فیصلے نے ہلچل مچادی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کی عدالت نے کابینہ میں ایک سزا یافتہ شخص کو بطور وزیر شامل کرنے پر وزیراعظم سریتھا تھاوسین کو اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیکر عہدے سے برطرف کردیا۔

اس طرح گزشتہ 16 برس کے دوران عدالتی فیصلے کے نتیجے میں برطرف ہونے والے چوتھے وزیراعظم بن گئے۔

عدالتی فیصلے کے بعد نئے اب وزیراعظم کا انتخاب پارلیمنٹ جمعے کے روز کرے گی۔ توقع ہے کہ ڈپٹی پریمیئر فومتھم ویچایاچائی نگراں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے۔

خیال رہے کہ اسی عدالت نے گزشتہ ہفتے اسٹیبلشمنٹ مخالف جماعت ’’موو فارورڈ پارٹی‘‘ کو تحلیل کردیا تھا جس کے بعد اس پارٹی کے ارکان نئے نام سے منظرعام پر آئے۔

برطرف وزیراعظم سریتھا تھاوسین کو اقتدار میں آئے ابھی صرف ایک سال ہی ہوئے ہیں اور وہ بھی اپنے پیشروؤں کی طرح عدالت کی جانب سے ہٹائے گئے۔

تھائی لینڈ میں شاہی خاندان کی توہین کے نام سیاست دانوں پر کئی مقدمات قائم کیے گئے ہیں جب کہ ایک پارٹی کو تحلیل بھی کیا جا چکا ہے۔

کور کمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل بابرافتخار کی مزار قائد پرحاضری

کراچی: یوم آزادی کے موقع پرکور کمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل بابرافتخارنےمزار قائد پرحاضری دی۔

کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار،ہلال امتیاز (ملٹری) نےیوم آزادی کے پرمسرت موقع پر مزارقائد پرحاضری دی۔

پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے کے ہمراہ کور کمانڈرنےمزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اورسلامی بھی دی۔

اس موقع پرپاک فوج کے دیگرسینئر افسران بھی کورکمانڈر کراچی کے ہمراہ تھے۔ تقریب کے آخر میں کور کمانڈر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔

صدر کی ذوالفقار علی بھٹو سمیت 104 شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کی منظوری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں 104 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کی منظوری دے دی۔

تمام تر افراد کو سول ایوارڈ 23 مارچ 2025 کی تقریب میں دیے جائیں گے۔ سائنس، انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، سماجی خدمات، انسان دوستی، کاروباری، ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان، عوامی خدمات، بہادری اور خدمات کے شعبوں میں یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔

سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کو عوامی خدمت کے شعبے میں اُن کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں نشانِ پاکستان کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

کھیلوں کے شعبے میں ارشد ندیم کو ہلال امتیاز اور مراد سدپارہ کو ستارہِ امتیاز جبکہ ادب کے شعبے میں ناصر کاظمی کو بعد ازمرگ نشان ِ امتیاز کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود کو اُن کی پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو بھی گراں قدر خدمات پر سول ایوارڈ ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ عرفان نواز میمن کو بطور بیوروکریٹ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر نامزد کیا گیا۔

قرضے کی عدم ادائیگی پر کامیڈین راج پال یادَو کی جائیداد ضبط

ممبئی: بالی وڈ کے نامور کامیڈین اداکار راج پال یادَو کی جانب سے قرضے کی عدم ادائیگی پر ان کی جائیداد ضبط کر لی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کی شاہجہاں پور میں واقع جائیداد کو سینٹرل بینک آف انڈیا کی جانب سے سیل کر دیا گیا ہے۔

کامیڈین و اداکار راج پال یادیو نے اپنے پروڈکشن ہاؤس ’شری نورنگ گوداوری انٹرٹینمنٹ لمیٹڈ‘ کے لیے بینک سے قرض حاصل کیا تھا اور اپنی جائیدار گروی رکھوائی تھی۔

راجپال یادیو کا قرض11 کروڑ روپوں تک پہنچ چکا ہے اور قرض کی عدم ادائیگی پر بینک نے 8 اگست کو راجپال یادیو کی جائیداد سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ بینک اور اداکار دونوں کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ایران غزہ میں جنگ بندی کے بدلے اسرائیل کیخلاف انتقامی کارروائی روک سکتا ہے؛ بائیڈن

تہران: ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر حملے کی تیاری مکمل کرلی ہے تاہم امریکا سمیت مغربی ممالک اس حملے کو روکنے کے لیے کمر بستہ ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگر غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا تو ایران، اسرائیل پر حملے سے پیچھے ہٹ سکتا ہے۔

امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے امن معاہدے تک پہنچنے کا عمل پیچیدہ ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز اس امید کا اظہار کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات رواں ہفتے دوبارہ شروع ہوں گے۔

ادھر قطر نے کہا ہے کہ وہ بھی حماس کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں شریک ہونے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایک ایرانی سینیئر عہدیدار نے بھی عالمی میڈیا کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر اسرائیل رواں ہفتے ہونے والے امن مذاکرات میں غزہ جنگ بندی پر راضی ہوگیا تو ایران انتقامی کارروائی روک سکتا ہے۔

آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا سبز ہلالی پرچم مظفر آباد میں لہرا دیا گیا

مظفر آباد: آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا سبز ہلالی پرچم دارالحکومت مظفر آباد میں لہرا دیا گیا۔

دارالحکومت مظفرآباد کے نلوچھی پل پر کشمیری نوجوانوں نے آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا 80 فٹ لمبا اور 30 فٹ چوڑا سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ قومی پرچم لہرانے سے قبل نوجوانوں نے دومیل سے نلوچھی پل تک ریلی نکالی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر مظفر آباد کی فضا کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

آزاد کشمیر کی تاریخ کے سب سے بڑے پرچم کو دیکھنے اور اس کے ساتھ اپنی تصاویر بنوانےکے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی تھی۔

پاکستانی فلم ’نایاب‘ انڈین جے پورانٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے منتخب

جے پور: پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب‘ کی بھارت میں بھی نمائش کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا  کے مطابق فلم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ کو بھارت کے’جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں نمائش کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

فلم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ کی نمائش فرانس کے کانز فلم فیسٹیول میں بھی کی گئی تھی جہاں اس فلم نے 2 اعزازات اپنے نام کیے تھے۔

’نایاب‘ ایک اسپورٹس ڈرامہ فلم ہے جس میں ایک لڑکی کو معاشرتی رکاوٹوں کے باوجود اپنے کرکٹ کیریئر کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فلم رومینہ عمیر اور عمیر عرفانی کی پیشکش ہے، جبکہ اس کا اسکرین پلے علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھا ہے۔

اداکارہ یمنیٰ زیدی کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں اداکار جاوید شیخ، عدنان صدیقی، محمد فواد خان، عثمان خان، احتشام الدین، فریال محمود، امِ ہانی طہٰ سمیت دیگر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول جے پور میں 28 سے 30 اگست تک جاری رہے گا۔

آئی سی سی رینکنگ؛ بابراعظم کی بادشاہی برقرار، شاہین کی بھی ترقی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلئیرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔

آئی سی سی کی جانب سے تازہ ترین رینکنگ کے مطابق ون ڈے فارمیٹ میں بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے روہت شرما نے اپنے ہم وطن شبمن گل کو ایک درجہ نیچے دھکیل دیا۔

ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بابراعظم کی بادشاہی تاحال برقرار ہے، وہ 824 رینٹنگ پوائنٹس کیساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ بھارت کے کپتان روہت شرما ایک درجہ ترقی پاکر 765 پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔

بھارت کے ہی شبمن گل 763، ویرات کوہلی 746 پوائنٹس کیساتھ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر قابض ہیں۔

بالرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ شاہین آفریدی 2 درجے ترقی پاکر 9ویں سے 7ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

اسی طرح ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

دوسری تھرو پر ہی گولڈ میڈل جیتنے کا یقین ہوگیا تھا، ارشد ندیم

پشاور: نیزہ بازی کے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ میں کرکٹ کا کھلاڑی تھا مگر ایتھلیٹکس میں آگیا، ورلڈ اولمپکس سے قبل انجری نے پریشان کیا، آپریشن کرایا، دوسری تھرو پر ہی گولڈ میڈل جیتنے کا یقین ہوگیا تھا۔

یہ بات انہوں ںے گورنر ہاؤس پشاور میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ارشد ندیم نے کہا کہ قوم کو یوم آزادی پاکستان مبارک ہو، اپنی فتح پر قوم، والدین کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں سے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

قومی ہیرو کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ کا کھلاڑی تھا مگر اس کے بعد ایتھلیٹکس میں آگیا، اسپورٹس مین کا آغاز نوکری سے ہوتا ہے، جب واپڈا نے نوکری دی تو محںت شروع کی، 2016ء میں بھارت میں ایوارڈ جیتا اور اولمپکس کے لیے محنت شروع کی، 2016ء 2020ء بہت سے میڈلز جیتے، ٹوکیو اولمپکس کے لیے محنت کی تاہم وہاں انجریز کے سبب پانچویں نمبر پر آیا اس کے بعد مزید محنت کی اور جتنی کامیابیاں حاصل کیں وہ بڑی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے محنت کی اور ورلڈ ایتھلیٹکس میں پانچویں نمبر پر آیا، اسی طرح ورلڈ اسلامک گیمز میں بھی میڈل جیتا، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لیا جہاں سلور میڈل جیتا، ورلڈ اولمپکس سے قبل انجری نے پریشان کیا، آپریشن کرایا اس کے بعد اولمپکس کے گولڈ میڈل کا یقین تھا۔

انہوں نے کہا کہ میری وارم اپ تھرو اچھی تھی یقین تھا کہ 90 میٹر سے زیادہ نیزہ پھینکنے کا ٹارگٹ حاصل کروں گا اور دوسری تھرو پر ہی گولڈ میڈل جیتنے کا یقین ہوگیا تھا، آنری تھرو بھی 91 پلس پھینکی تھی یہ سب میرے کوچز کی محنت کا نتیجہ تھا، قوم دعا کرے تو آگے بھی گولڈ میڈل جیت کر دکھاؤں گا اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ورلڈ ریکارڈ بریک کروں گا۔

جشن آزادی؛ چاغی میں پاک افغان بارڈر پر ریلی کا انعقاد

کوئٹہ: پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر چاغی میں پاک افغان بارڈر پر شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے مرکزی رہنما میر اعجاز سنجرانی کی ہدایت پر چاغی بارڈر کے علاقے بربچاہ کے مقام پر ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک ہوئے جبکہ ملی نغموں سے لہوں گرماتے رہے۔