مقبوضہ کشمیر؛ سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کا کیپٹن فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک

سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں ملٹری آپریشن کے لیے جانے والی بھارتی فوج کی پارٹی کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا کے ایک جنگل میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر بھارتی فوج دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشن کرنے پہنچی تھی۔

تاہم مسلح افراد نے گرفتاری دینے کے بجائے شدید مزاحمت کی اور رات 4 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن مارا گیا جب کہ ایک شہری زخمی ہے۔

رات کو ناکام آپریشن اور کیپٹن کے مارے جانے کے بعد کارروائی روک دی گئی اور صبح تازہ دستوں کے پہنچنے پر سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے انکاؤنٹر کے مقام سے امریکی ساختہ M4 اسالٹ رائفل اور خون میں لت پت 4 بیگز بھی ملے جس میں آلات اور لاجسٹکس موجود تھے۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مقابلے کے مقام سے ملنے والے سامان پر اور جگہ جگہ خون کے دھبے ہیں۔ جس سے لگتا ہے کہ مسلح افراد شدید زخمی ہیں اور آس پاس ہی کہیں پناہ لیے ہوئے ہیں اور ان کی تعداد 4 ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں یہ مقابلہ بھارتی یومِ آزادی کی تقریبات سے ایک دن پہلے اُس وقت ہوا جب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، آرمی اور قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ ایک سیکیورٹی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ اسی علاقے میں گزشتہ برس ستمبر میں ایک کمانڈنگ آفیسر، ایک میجر اور ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو دہشت گردوں نے ہلاک کر دیا تھا اور گزشتہ ماہ ضلع کپواڑا میں ہونے والے ایک مقابلے میں بھی ایک بھارتی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔

’گینگز آف واسع پور3‘ کے حوالے سے ڈائریکٹر کا بیان سامنے آگیا

ممبئی: بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ’گینگز آف واسع پور‘ کی تیسری فلم کا مداحوں کو شدت سے انتظار ہے اب اس حوالے سے فلم کے ڈائریکٹر انوراگ کشیپ کا بیان سامنے آیا ہے۔

ایک تازہ انٹرویو میں فلم ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ وہ بلاک بسٹر فلم کی طرف آنے کا فی الحال ارادہ نہیں رکھتے ہیں اور انہیں بہت ساری الگ الگ فلمیں بنانی ہیں۔

انوراگ کشیپ کا کہنا تھا کہ آج کل ہر فلم کی یونیورس بن رہی ہے لیکن وہ ’گینگز آف واسع پور‘ کی یونیورس نہیں بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جس دن وہ لولے لنگڑے ہوگئے اور ان کے پاس کوئی کام نہیں ہوگا تو ’گینگز آف واسع پور3‘ بنا کر پیسے کمائیں گے تاکہ اپنا علاج کراسکیں۔

’گینگز آف واسع پور‘ انوراگ کشیپ کا ایک ماسٹر پیس سمجھا جاتا ہے جس نے منوج باجپائی، نواز الدین صدیقی اور دیگر فنکاروں کو راتوں رات اسٹار بنا دیا اور متعدد نئے چہروں کو انڈسٹری میں متعارف کرایا۔

قوم کو جلد بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی خوشخبری دوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت و زراعت ترقی نہیں کرسکتیں، قوم کو چند دنوں میں بجلی کی قیمت کم کرنے کی خوش خبری دوں گا، چند دن بعد پانچ سالہ معاشی پلان بھی پیش کروں گا۔

جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پر خدا کا بے پناہ کرم ہے کہ اس نے ہمیں آزادی عطا فرمائی، قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے بڑی قربانیاں دیں تب کہیں جاکر پاکستان وجود میں آیا، غازیان اور شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 سال میں ہمارا سفر بحیثیت قوم قابل رشک نہ ہوسکا، اس میں کئی حادثات ہوئے، قومی وجود پر کئی کاری ضربیں لگیں، اقتدار کی کشمکش، اندرونی و بیرونی سازشیں ہماری اپنی غلطیاں اور مفاد پرستی جیسے عناصر سب اس میں شامل تھے، بدقستمی سے معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بھی زوال آتا رہا اور ہم ہچکولے کھاتے رہے آج ہم سب کو محاسبے کی ضرورت ہے اور اس سے سبق حاصل کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے بلوں سے عوام پریشان ہے، ہم یہاں تک کیوں پہنچے اس کا جواب بھی ہمیں تلاش کرنا ہوگا، اگر یہاں سب اچھا نہیں ہے تو سب کچھ برا بھی نہیں ہے ایسے لوگ بھی پیدا ہوئے جنہوں ںے وطن کو ایٹمی طاقت بنایا، دشمنوں ںے پیش گوئی کی کہ یہ وطن تین سال سے زائد نہیں چلے گا اور آج وطن 77 سال بعد بھی وطن قائم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہمیں زندگی مانگ کر اور کشکول کے سہارے گزارنی ہوگی یا قائداعظم کے فرمودات پر چلنا ہوگا، جہاں ہمارے حصے میں ناکامیاں آئیں وہیں قربانیوں کے عوض کامیابیاں بھی ملیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت و زراعت ترقی نہیں کرسکتیں، گھریلو صارفین کو سہولت نہیں مل سکتی، حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے پوری یکسوئی کے ساتھ کام کررہی ہے اس حوالے سے آئندہ چند دنوں میں قوم کو خوش خبری دیں گے کیوں کہ اس کے بغیر ملکی معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں چند دنوں میں قوم سے خطاب کرکے آئندہ پانچ سال کا معاشی پلان پیش کروں گا، معاشی پلان تو ملک میں بے شمار آئے لیکن قوموں کی تقدیر شبانہ محنت سے بدلتی ہے، میں مہنگائی میں کمی اور بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے دن رات ایک کردوں گا۔

پاکستان بمقابلہ بنگلادیش؛ دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر ہوگا، مگر کیوں؟

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کراچی میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ جو (30 اگست سے 3 ستمبر) تک کھیلا جائے گا، اس میچ شائقین اپنی ہوم ٹیم کو سپورٹ نیں کرسکیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی وجہ سے شائقین کی میزبانی سے قاصر ہیں اور انتہائی اقدام اٹھانا پڑرہا ہے، شائقین کی قدر کرتے ہیں تاہم انکی صحت اور حفاظت اہم ہے۔

دوسری جانب بورڈ نے کراچی ٹیسٹ کی ٹکٹوں کی فروخت بھی معطل کردی ہے جبکہ جن افراد نے ٹکٹس خرید لیے ہیں انہیں رقم واپس کردی جائے گی۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی اور اسٹیڈیم کی اَپ گریڈیشن پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں کیونکہ سال 1996 کے بعد پہلا ایونٹ ہے جسکی میزبانی پاکستان کرے گا۔

شوبز فنکاروں کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات

اسلام آباد / کراچی / لاہور: پاکستان کا 78 واں جشن آزادی ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

عام لوگوں کے ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے ستارے بھی پاکستان کا یوم آزادی نہایت پرجوش طریقے سے منارہے ہیں۔

فنکاروں نے سوشل میڈیا پر پاکستان سے بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی طور پر پوری قوم اور اپنے چاہنے والوں کو جشن آزادی کی مبارک باد دی ہے۔

اداکار عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر تمام لوگوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ آج اس آزادی اور نعمتوں پر دل کی گہرائیوں سے شکر ادا کرنے کا وقت ہے جن سے ہم آج لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ یہ ان لوگوں کی عزم و حوصلے کو یاد کرنے کا لمحہ ہے جنہوں نے اس آزادی کو ممکن بنایا اور اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ ہم ان اقدار کو کیسے اپنی زندگیوں میں اپناتے ہیں۔ سب کو یوم آزادی بہت بہت مبارک ہو! پاکستان زندہ باد!

سینئر اداکارہ صبا فیصل نے آزادی کا جشن گول گپے اور بن کباب کے لطف کے ساتھ منایا اور خوشی کے ان لمحات کو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

اداکارہ مومنہ اقبال نے سبز لباس میں اے آئی سے بنی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

11111

مائرا خان نے سست انٹرنیٹ کی شکایت کی اور سوال کیا ہے کہ ہم ترقی کرنے کے بجائے زمانۂ قدیم میں واپس جا رہے ہیں، کیا پھر بھی آپ آزادی کا جشن منائیں گے؟

گلوکارہ آئمہ بیگ اور اداکارہ عریبہ حبیب نے بھی انسٹا اسٹوری شیئر کر کے قوم کو آزادی کی مبارک باد پیش کی۔

2222222

رابعہ بٹ خراب صورت حال کے باوجود مستقبل سے پرامید نظر آئیں اور انہوں نے انسٹا اسٹوری میں قومی پرچم شیئر کیا اور لکھا ہے کہ اس ملک کے باسی جیسے بھی ہوں تجھ سے بے پناہ محبت ہے کیونکہ تجھے ماں کہتے ہیں۔

333333

معروف فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائی، اداکارہ مایا خان، جویریہ سعود اور اداکار سعود نے سبز و سفید ملبوسات میں تصاویر شیئر کی کرتے ہوئے آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

44444

اداکارہ نادیہ افغان اور حمائمہ ملک نے بھی قومی ہیروز اور پرچم کی تصویر کے ساتھ اپنے فالوورز کو آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

55555

ممکنہ انجری؛ شاہینز نے اپنے اسکواڈ اہم فاسٹ بولر کو ہٹالیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش اے کیخلاف جاری ریڈ بال سیریز کیلئے شاہینز کی لائن اَپ میں بڑی تبدیلی کی تصدیق کردی۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فاسٹ بولر سمین گُل کی جگہ غلام مدثر کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ثمین گُل کو ممکنہ انجری سے محفوظ رکھنے کیلئے اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا تاہم اب بحالی کیلئے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) طلب کیا گیا ہے۔

پاکستان شاہینز اور بنگلادیش اے کے درمیان 2 میچز کی سیریز کا آغاز کل اسلام آباد کلب میں ہوا اور 23 اگست کو اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔

دونوں ٹیموں نے کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز کا انتخاب کیا ہے جو بعد میں اس ماہ کے آخر میں راولپنڈی اور کراچی میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مقابلے میں مدمقابل ہوں گے۔

بلوچستان حکومت نے چیف جسٹس پاکستان کی طرف سے تحفتاً دی گئی اراضی قبول کرلی

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے بھائی قاضی عظمت کی جانب سے دیا گیا اراضی کا تحفہ قبول کرلیا۔

ذرائع کے مطابق تحفتاً دی گئی اراضی پر عوامی فلاح کے لیے ماحولیاتی مرکز قائم کیا جائے گا جس میں سیاحوں اور طلبا کے لیے مختلف سرگرمیاں کی جائیں گی۔ ماحولیاتی سینٹر میں نمائشی ہال، ٹورسٹ سینٹر اور سیمینار ہال بھی شامل ہوں گے۔

تحفتاً دی گئی 31 ہزار 680 مربع فٹ اراضی زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی سے متصل ہے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس اور ان کے بھائی کی جانب سے پانچ کنال سے زائد اراضی بلوچستان حکومت کو تحفے میں دینے کے لیے خط لکھا گیا تھا۔

خط کی کاپیاں صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، حکومت بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بھی ارسال کی گئی تھیں۔

خط میں لکھا تھا کہ اگر حکومت رضا مندی ظاہر کرتی ہے تو ہم لوگوں کے لیے 14 اگست 2024 کے پرمسرت دن پر اس تحفے کو پیش کرنا چاہتے ہیں۔

77برس میں ہم وہ منزل نہیں پا سکے جس مقصد کیلیے پاکستان بنا، امیر جماعت اسلامی

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان 77 برس کا ہوگیا لیکن ہم وہ منزل نہیں پا سکے جس مقصد کے لیے پاکستان وجود میں آیا۔

یوم آزادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو قیام پاکستان کے لیے دی گئی قربانیاں یاد دلانا ہوں گی، پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ قرار پایا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے نظریہ پاکستان اور دو قومی نظریہ سے انحراف کیا ہے، چند ظالم لوگوں نے پاکستان کو تباہ و برباد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں کا کوئی ویژن نہیں، حکمران لیپ ٹاپ بانٹ کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے نام نہاد دعوے کر رہے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے منصورہ کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے قوم شجرکاری کو فروغ دے۔

کراچی؛ ماموں سے اتفاقیہ گولی چل گئی، 9 سالہ بھانجا جاں بحق

کراچی: پستول کی صفائی کے دوران ماموں سے اتفاقیہ گولی چلنے سے 9 سالہ بھانجا جاں بحق ہوگیا۔

نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع فلیٹ میں پستول کی صفائی کے دوران ماموں سے اتفاقیہ گولی چلنے سے سگا بھانجا جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے مقتول کے ماموں کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا۔

منگل اوربدھ کی درمیانی شب شاہراہ نورجہاں تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں فاروق اعظم مسجد کے قریب بھایانی اپارٹمنٹس کے فلیٹ میں فائرنگ سے 9 سالہ بچہ بلال جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔

پولیس کے مطابق مقتول بچے بلال کا سگا ماموں وقار علی ولد انورعلی فلیٹ میں اپنا پستول صاف کررہا تھا کہ اچانک ماموں سے اتفاقیہ طور پرگولی چل گئی، جس کے نتیجے میں ملزم وقارکا سگا بھانجا 9 سالہ بلال گردن میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول بلال کے والدین اندرون سندھ کے رہائشی ہیں جب کہ بچہ اپنے ماموں وقارعلی کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ شاہراہِ نور جہاں پولیس نے موقع سے ملزم وقار علی کو گرفتار کرکے اس کا لائسنس یافتہ پستول اور پرمٹ قبضے میں لے لیا اور ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔

قذافی، نیشنل اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کے ڈیزائنز کو حتمی شکل دیدی گئی

چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی انٹرنیشنل اسٹیڈیمز ڈیزائن کرنے والی دنیا کی معروف کمپنی کے دفتر پہنچ گئے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی برطانیہ میں انٹرنیشنل اسٹیڈیمز ڈیزائن کرنے والی دنیا کی معروف کمپنی بی ڈی پی پیٹرن کے ہیڈ آفس پہنچے، جہاں کمپنی کے چیئرمین کرس ہارڈنگ انکا استقبال کیا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی بی ڈی پی پیٹرن کے چئیرمین، اسپورٹس ڈویژن کے سربراہ، ڈائزین ڈائریکٹر، انجینئرنگ و آرکیٹیکٹ حکام سے ملاقات کی جبکہ قذافی اسٹیڈیم، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم کے ڈائزین کی حتمی منظوری دی گئی۔

بی ڈی پی حکام نے محسن نقوی کو ڈرائنگز کے ذریعے اسٹیڈیمز کے اَپ گریڈیشن پراجیکٹ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی، جس پر چیئرمین پی سی بی نے اطمینان کا اظہار کیا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈائزین تیار کرنے والے انجینئرنگ و آرکیٹیکٹ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا، اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیمز کے تعمیراتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ایک بڑا ٹاسک ہے، ہماری پوری ٹیم اس چیلنجنگ کام کو دن رات محنت کرکے جلد پایہ تکمیل تک پہنچے۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرائیں گے، تاریخ میں پہلی بار اسٹیڈیمز میں اتنے بڑے پیمانے پر شائقین کرکٹ کیلئے سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس میگا پراجیکٹ کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں، اسٹیڈیمز کے ڈائزین کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔

بی ڈی پی پیٹرن دنیا کے کئی ممالک میں انٹرنیشنل معیار کے تقریبا 200 چھوٹے بڑے اسٹیڈیمز ڈائزین کرچکی ہے اور اب تک ایک ہزار سے زائد ڈائزین کوالٹی ایوارڈز حاصل کرچکی ہے۔