اداکارہ نمرہ کا اغوا کے واقعے پر پولیس سے رابطہ، بیان قلم بند کرلیا گیا

کراچی: اداکارہ نمرہ خان نے اغوا کے واقعے پر پولیس سے رابطہ کرلیا اور ان کا بیان بھی قلم بند کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا اور ایس ایس پی سائوتھ ساجد سدوزئی نے واقعے پر ایس ڈی پی او منیشا روپیتا کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

ڈی ایس پی منیشا روپیتا کا کہنا ہے کہ 11 اگست کو اداکارہ کو مبینہ طور پر اغوا کی کوشش کی گئی تھی۔ متاثرہ اداکارہ کا پولیس سے رابطہ ہوچکا ہے اور بیان بھی قلم بند کرلیا گیا ہے ،بیان کی روشنی میں متاثرہ اداکارہ کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی سمیت دیگر شواہد بھی حاصل کیے جارہے ہیں ۔

اداکارہ نمرا خان کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پروائرل ہو گیا،اداکارہ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ پیرکوڈیفنس فیز8 میں مقامی ہوٹل کے باہر گاڑی کا انتظار کررہی تھی، ہاتھ میں موبائل فون اورکندھے پر بیگ موجود تھا، رش کی وجہ سے گاڑی میں فیملی پھنسے ہوئی تھی بارش ہو رہی تھی اس لیے آگے آکرکھڑی ہوگئی۔

نمرہ کے اغوا کا نوٹس لے لیا، اداکارہ نے تاحال رابطہ نہیں کیا، کراچی پولیس

انہوں نے کہا کہ اسی دوران تین افراد میرے پاس آکر رکھے اورمجھے اغوا کرنے کی کوشش کی انہوں نے مجھے پکڑا اور پیٹ پر اسلحہ رکھ دیا میں نے شورشرابا کیا ۔ میرے سامنے چار گارڈز بیٹھے ہوئے تھے مگر کسی نے نہیں سنا، میں نے اپنا تحفظ خود کیا اور موٹر سائیکل کو دھکا دیا ،میں بھاگی، وہ مجھے پیچھے سے گولی مارسکتے تھے میں چلتی گاڑی کے سامنے آگئی،گاڑی میں سوار فیملی نے مجھے بچالیا اس دوران مقامی ہوٹل کی پوری ٹیم باہرآئی اورمجھے ریسکیوکرلیا۔

فنکاروں کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات

  کراچی: پاکستان کا 78 واں جشن آزادی ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

عام لوگوں کے ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے ستارے بھی پاکستان کا یوم آزادی نہایت پرجوش طریقے سے منارہے ہیں۔

فنکاروں نے سوشل میڈیا پر پاکستان سے بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی طور پر پوری قوم اور اپنے چاہنے والوں کو جشن آزادی کی مبارک باد دی ہے۔

اداکار عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر تمام لوگوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ آج اس آزادی اور نعمتوں پر دل کی گہرائیوں سے شکر ادا کرنے کا وقت ہے جن سے ہم آج لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ یہ ان لوگوں کی عزم و حوصلے کو یاد کرنے کا لمحہ ہے جنہوں نے اس آزادی کو ممکن بنایا اور اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ ہم ان اقدار کو کیسے اپنی زندگیوں میں اپناتے ہیں۔ سب کو یوم آزادی بہت بہت مبارک ہو! پاکستان زندہ باد!

بین اسٹوکس انجری کے باعث اہم سیریز سے باہر، نیا کپتان کون ہوگا؟

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ دی ہنڈیڈ لیگ کے دوران انجری کا شکار ہونے والی کپتان بین اسٹوکس سری لنکا کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

گزشتہ دنوں فرنچائز لیگ میں رن بنانے کے دوران بین اسٹوکس انجری کا شکار ہوگئے تھے، زخمی ہونے کے بعد اسٹریچر نہ ہونے کی وجہ سے بین اسٹوکس کو پیدل ہی چل کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔

انگلش کپتان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انکی انجری کی کی نوعیت کا اندازہ لگایا گیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بین اسٹوکس ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے رواں ماہ سری لنکا کے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ انکی جگہی اولی پوپ انگلیںڈ کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب بورڈ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل بین اسٹوکس کی واپسی متوقع ہے، وہ پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ میچز کیلئے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

اولی پوپ (سی)، گس اٹکنسن، شعیب بشیر، ہیری بروک، جورڈن کاکس، بین ڈکٹ، ڈین لارنس، میتھیو پوٹس، جو روٹ، جیمی اسمتھ (وکٹ)، اولی اسٹون، کرس ووکس، مارک ووڈ۔

14 اگست؛ کیا ہم آزادی کا حق ادا کررہے ہیں؟

قائداعظم محمد علی جناح کی کاوشوں اور ولولہ انگیز قیادت کا صلہ اسلامی جمہوریہ پاکستان، جہاں ہمالیہ کے برف پوش پہاڑی سلسلے فطرت کی نشانیاں ہیں۔ علامہ اقبال کے خوابوں کا مسکن اور جہاں، مملکت خداداد پاکستان جس میں دریائے سندھ اور دریائے جہلم عظمت رفتہ کی داستان سناتے چلے جاتے ہیں۔

چوہدری رحمت علی کے تجویز کردہ نام سے موسوم ریاست پاکستان جہاں چولستان اور تھر کے صحرا عظیم باسیوں اور بہادر لوگوں کی آماجگاہ ہیں۔ حفیظ جالندھری کے تحریر کردہ قومی ترانے سے مزین اسلامی سلطنت پاکستان، جہاں بلوچستان کی سرزمین معدنی خزانوں سے آراستہ و پیراستہ ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح کی انتھک ہمت و جرات سے نوازا گیا پاکستان، جس کے شمالی علاقہ جات گویا جنت الفردوس کی وادیاں ہیں۔ ٹیپو سلطان کی قربانیوں کا نتیجہ ملک پاکستان جو سائبیریا سے آنے والے لاکھوں پرندوں کو اپنے اندر ہر سال سمو لیتا ہے۔

سلطان محمود غزنوی کے کفر پر 17 حملوں سے شروع ہونے والی عظیم تحریک کے صلے میں ملنے والا یہ پیارا وطن پاکستان، جو داتا گنج بخش، شاہ عبداللطیف بھٹائی، بابا فرید الدین گنج شکر، شاہ ولی اللہ، سید احمد شہید کی روحانی سرزمین ہے۔ محمد بن قاسم کی برصغیر میں اسلام کی ترویج کے حاصل کے طور پر ملنے والا یہ چمن پاکستان، جو میدانی علاقے کے ممالک میں دنیا میں سب سے زیادہ گلیشیئرز کا حامل ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے سید علی گیلانی مرحوم کے خوابوں کی تعبیر پاکستان، جو 50 لاکھ سے زائد افغانی پناہ گزینوں کو افغانستان سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہا ہےـ بنگلہ دیش میں پھانسی کے پھندے پر جھولنے والے بہادر جماعت اسلامی کے لیڈروں کی نگاہوں کا مرکز پاکستان، جس کا پولیس اور فوجی دستہ گزشتہ کئی دہائیوں میں یو این او کے امن مشن کا سب سے بڑا دستہ ہوتا تھا۔ شیر بنگال مولوی فضل الحق کی محبوب ریاست پاکستان، جہاں کا شہر لاہور مغلیہ فن تعمیر کی عظیم جھلک ہےـ

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا ناقابل تسخیر بنایا گیا عظیم وطن پاکستان، کہ جہاں دنیا کی سب سے بڑی پرائیویٹ ایمبولینس سروس ایدھی ایمبولینس کروڑوں افراد کو سروسز فراہم کرچکی ہے۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ کی عظیم المرتبت ہستی جو پاکستان میں اپنی خدمات پیش کرتے کرتے امر ہوگئیں، ان کی زندگی کی شمع سے روشن ریاست پاکستان، جو واحد اسلامی نیوکلیئر اسٹیٹ اور شاہراہِ ریشم اور سی پیک جیسی شاہراہوں کا حامل ہے۔

علم سے محبت کرنے والی ملالہ یوسف زئی جو نوبل پرائز کی علمبردار ہے، اس کا دیس پاکستان جو علی معین نوازش، ارفع کریم اور ان جیسے لاکھوں علم کے مجسموں کو پروان چڑھا چکا ہے۔

الغرض وقت کی بندش ملحوظ خاطر نہ ہو تو پاکستان کے درخشندہ پہلوؤں کو بیان کرتے کرتے زندگی کی شام ہو جائے۔

یہ 14 اگست 2024 ہم سے متقاضی ہے کہ کیا ہم نے اس عظیم مملکت خداداد کے امانت دار اور محافظ ہونے کا حق ادا کیا؟ ان تمام مشاہیر کی ارواح جنت میں بے چین ہیں کہ آج کا پاکستان کس سمت اور رخ پر متعین ہے۔

پاکستان میں 60 سے زائد خوبصورت جھیلوں کا پانی اور خوبصورت جھرنوں، دریاؤں کا پانی متفکر ہے کہ کیا یہ عظیم سلطنت کرپشن، لوٹ مار اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کےلیے بنی تھی۔ ہمالیہ کے پہاڑ اور شمالی علاقہ جات کی برف پوش چوٹیاں آہ و بکا کرتی ہیں کہ یہ عظیم وطن معاشی استحصال کا شکار کیوں ہے اور یہاں بدانتظامی، افراتفری کیوں پائی جاتی ہے۔ اور اب وطن کے اداروں سے بیزاری کا عالم کیوں ہے۔

یہ 14 اگست بہت اہم ہے۔ اربابِ اختیار، اہل وطن اور اہل علم و سخن سب اپنی ذمے داریاں پہچانیں اور اس وطن سے پیار کریں اور تمام منفی جذبات اور منفی اعمال سے پرہیز کریں اور عہد کریں کہ اس ملک کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

خیبر؛ 4مقامات پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ، جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار

خیبر: یوم آزادی کے موقع پر 4مقامات پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملے کیے گئے، تاہم جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ جمرود کے علاقے ، سخی پل پولیس پوسٹ، تھانہ باڑہ کے علاقے میں ایف سی پوسٹ اور متھرا میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے خودکار اسلحہ اور دستی بموں سے حملےکیے، تاہم بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے جب کہ حملوں میں سکیورٹی فورسز کے اہل کار محفوظ رہے۔

دہشت گردی کی کارروائی جمرود تحصیل کمپاونڈ پر کی گئی، جس میں دہشت گردوں نے دستی بم پھینکا اور شدید فائرنگ کی۔ تحصیل کمپاؤنڈ میں تھانہ جمرود سمیت مختلف سرکاری دفاتر قائم ہیں۔ دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس کی بھاری ہتھیاروں سے جوابی کارروائی کی گئی جس میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔

تھانہ حدود باڑہ علاقہ منڈئی کس میں ایف سی پوسٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ ایف سی ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور کے جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس سے دہشت گرد فرار ہو گئے۔

علاوہ ازیں پشاور میں متھرا میں پولیس چوکی پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ صبح سات بجے پیش آنے والے واقعے میں پولیس چوکی کو جزوی نقصان پہنچا۔

چاروں حملوں میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسلام آباد؛ غیر ملکی خاتون سے زیادتی، ملزمان ہاتھ پاؤں باندھ کر پھینک کر فرار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ملزمان جی 6 کے علاقے میں پھینک کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق غیر ملکی خاتون کو نامعلوم افراد ہاتھ پاؤں باندھ کر پھینک کر گئے جبکہ پولیس کو اطلاع شہری نے 15 پر کال کر کے دی۔

متاثرہ خاتون نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ مجھ پر پانچ روز تک جنسی تشدد کیا جاتا رہا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ 28 سالہ غیر ملکی خاتون کا تعلق بیلجیم سے ہے، متاثرہ خاتون کو میڈیکل چیک اَپ کے لیے پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

حسن علی کے علاج کا بیڑہ پی سی بی نے اٹھالیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر حسن علی کو علاج کی مکمل یقین دہانی کروادی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر حسن علی سے انجری کے معاملے پر رابطہ کرلیا ہے جس دوران انہیں علاج کی یقین دہانی کروائی گئی۔

فاسٹ بولر کو آگاہ کیا گیا کہ ان کی کہنی کا علاج انگلینڈ میں کروایا جائے گا جبکہ انکی سرجری رواں ماہ اگست میں ہونے کا امکان ہے۔

حسن علی پی سی بی کے خرچے پر انگلینڈ کیلئے 25 یا 26 اگست کو روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ حسن علی کاؤنٹی سیزن کھیلتے ہوئے کہنی کی انجری کا شکار ہوگئے تھے، فاسٹ بولر سرجری کے بعد 3 سے 4 ماہ تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔

فاسٹ بولر کی حسن علی دسمبر سے کرکٹ میں واپسی کا امکان ہے تاہم بعدازاں انہیں ری ہیب مکمل کرنا پڑے گا۔

77 برس میں بہت سی چیزوں میں ترقی کی لیکن ہماری جنگ آج بھی جاری ہے، جسٹس محسن اختر

اسلام آباد: جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے کہ ہم نے 77 برس میں بہت سی چیزوں میں ترقی کی لیکن ہماری جنگ آج بھی جاری ہے۔

ہائی کورٹ میں یومِ آزادیٔ پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جسٹس محسن اختر کیانی نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پاکستان نے 77 برس میں بہت سی چیزوں میں بہت ترقی کی لیکن ہماری جنگ آج بھی جاری ہے۔ ہم آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے ہر وہ کام کر رہے ہیں جن سے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدیں قائم رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کے لیے آبا و اجداد نے جو قربانیاں دیں ان کا شاید ہمیں احساس نہیں کیونکہ ہم اس وقت موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کو یاد رکھنا ضروری ہے جو ملک بنتے وقت اور بننے کے بعد اب تک جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ یہ ملک ہم نے بہت قربانیوں سے حاصل کیا ہے۔

جسٹس محسن اختر کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہے جو اس ملک کی بقا کے لیے ضروری ہے۔ ایک ایک پودا ضرور لگائیں تاکہ آنے والی نسلیں انہیں دیکھ کر سمجھ سکیں کہ ان کے لیے کسی نے کچھ کیا ہے۔ اپنے بزرگوں اور بچوں سے پودے لگوائیں تاکہ وہ نشانی کے طور پر رہیں۔

یومِ آزادی؛ پشاور میں شہدا کے لواحقین کیلیے پاک فوج کی جانب سے خصوصی تقریب

پشاور: یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے شہدا کے لواحقین کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پشاور میں جشن آزادی کے حوالے سے شہدا کے لواحقین کے لیے پاک فوج کی جانب سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہداء کے لواحقین اور دیگر شرکا نے یادگار شہدا پر پھول رکھے ۔ تقریب میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول اور اسپیشل بچوں کے سکول کے طلبہ نے شرکت کی۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر طلبہ نے جشن آزادی کی مناسبت سے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے ۔ طلبہ نے قیام پاکستان اور اس کے حصول میں بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر شرکا نے وطن عزیز کی بقا و سالمیت کے لیے پاک فوج کے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے سمیت افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کو دہرایا۔ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔

ہیڈکوچ، کپتان نے ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم مدعو کرلیا

پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے ڈریسنگ روم میں مدعو کرلیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈ کاسٹ پر گفتگو کے دوران جیسن گلیسپی نے جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کے دورے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم میں مدعو کرنا پسند کریں گے، میں نے اولمپکس کے دوران تمام کھلاڑیوں کو ان کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا۔ان کا دورہ کرنا اور ٹیم کے ساتھ اپنا گولڈ میڈل شیئر کرنا شاندار لمحہ ہوگا۔

اس موقع پر قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ارشد ندیم نے ہم سب کو جذباتی کر دیا ہے، وہ اس تمام پہچان کے مستحق ہیں جو انہیں مل رہی ہے وہ ہمارے قومی ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں، انکی کامیابی پاکستان میں ٹیلنٹ کو ظاہر کرتی ہے۔

دوسری جانب جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا جبکہ وزیراعظم سمیت اعلیٰ شخصیات نے اولمپئین کو مبارکباد اور انعامی پیش کیں۔