امریکی وزیر خارجہ اور ٹیکساس کے کانگریس مین کی یومِ آزادیٔ پر پاکستانیوں کو مبارک باد

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ اور ٹیکساس کے کانگریس مین نے یوم آزادی پر دنیا بھر میں پاکستانیوں کو مبارک باد دی ہے۔

14 اگست یوم آزادیٔ پاکستان کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے نیک دلی تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 سالوں سے ہمارے عوامی تعلقات ، ہمارے دوطرفہ تعلق کی بنیاد رہے ہیں۔ آنے والے برسوں میں ہم امریکا پاکستان شراکت داری کو وسعت دیتے ہوئے اور عوامی تعلقات کو مزید بڑھاتے ہوئے دونوں اقوام کے لیے مزید خوشحال مستقبل تشکیل دیں گے۔

جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے ہمارے مشترکہ عزم کو مضبوط کرتے ہوئے ہم ایسی شراکت داری جاری رکھنے کے خواہاں ہیں جو دونوں ممالک کو مزید محفوظ بنائے ۔

میری جانب سے پاکستان ، امریکہا اور دنیا بھر میں یوم آزادی منانے والوں کو پر مسرت یوم آزادی مبارک ہو۔

دودریں اثنا ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے کانگریس مین پیٹ سیشنز نے بھی یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج 14 اگست 2024 ہے آج کے دن کو ہم پاکستان کی یوم آزادی کے حوالے سے یاد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن جشن، اعزاز اور فخر کا دن ہے جو ان پاکستانیوں سے محسوس ہوتا ہے جو امریکا میں مقیم ہیں اور امریکا پاکستان اور ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتے ہیں۔

پیٹ سیشنز کا کہنا تھا کہ کامرس، میڈیسن اور ٹیکنالوجی ایسے شعبہ جات ہیں جن میں پاکستانی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ مجھے بطور ٹیکساس کے کانگریسی رکن، ذاتی طور پر نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ ایک بہتر دنیا کے لیے دونوں ملکوں کے ایک دوسرے پر باہمی انحصار کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ لہذا آج کا دن پاکستان، امریکا اور پاکستانی امریکیوں کے لیے موقع ہے کہ وہ باہمی انحصار، اپنے کردار اور دوستی کی طاقت اور سب سے بڑھ کر آزادی اور میسر مواقع کا جشن منا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ 14 اگست آپ اور آپ کی فیملی کے لیے اہم ثابت ہوگا اور آپ امریکا پاکستان اور ایک بہتر دنیا کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

انفلوئینزا انفیکشن سے منسلک جین دریافت

میلبورن: ڈاکٹر نے حال ہی میں ایک جین کی نشاندہی کی ہے جس کو دیکھتے ہوئے ماہرین جلد ہی یہ پیشگوئی کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں کہ آیا آپ کا انفلوئنزا انفیکشن جان لیوا ہو جائے گا یا آپ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔

سائنسدانوں نے انفلوئینزا وائرس سے منسلک ایک جین کی نشاندہی کی ہے جسے اگر فوری طور پر جانچ لیا جائے تو قبل از وقت بتایا جاسکتا ہے کہ کہ آیا سانس کے وائرل انفیکشن کے ساتھ اسپتال میں داخل مریضوں کو ہلکی بیماری ہے یا جان لیوا پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سیل میں شائع ہونے والی نئی تحقیق کے مطابق OLAH نامی جین کے اظہار کی سطح بیماری کی شدت کا تعین کرنے میں اہم ہے۔

میلبورن یونیورسٹی کے ڈاکٹر اور انسٹی ٹیوٹ فار انفیکشن اینڈ امیونٹی کے وائرل اور ٹرانسلیشنل امیونولوجسٹ برینڈن ڈوہرٹی کہتے ہیں کہ ہمارا پہلا جین کا مشاہدہ انفلوئینزا اےH7N9 سے متاثر مریض کے ساتھ ہوا جو اسپتال میں داخل تھا۔

ساتھ ہسپتال میں داخل مریضوں کے تجزیہ کے دوران پیش آیا۔

اس مریض میں ہم نے OLAH کے اعلی اظہار کی سطح اور مہلک نتائج کے درمیان ایک مستقل تعلق دریافت کیا۔

سب سے زیادہ ٹیکوز تیار کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم

میکسیکو کی ریاست ٹلاکسکالا (Tlaxcala) نے 186 مختلف ذائقوں میں 30,000 سے زیادہ ٹیکوز (کھانے کی ڈش) پیش کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز حاصل کرلیا ۔

ریاست نے میکسیکو سٹی کے پاسیو ڈی لا ریفارما میں ہونے والے ایک پروگرام کے دوران ٹاکوز کو تیار کرنے اور پیش کرنے کے لیے ناٹیویٹاس شہر سے 150 سے زیادہ ٹیکوز بنانے والے شیفوں کو جمع کیا۔

ٹلاکسکالا کی گورنر لورینا کوئیلر نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اس تقریب نے ایک جگہ پر سب سے زیادہ ٹیکوز پیش کیے جانے کا ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔

ٹیکوز میں آلو، گوشت، پھلیاں اور مختلف اقسام کی ساسیج سمیت دیگر اجزا شامل تھے۔

ریاستی حکومت نے فیس بک پر لکھا کہ یہ پہچان Tlaxcala کو بین الاقوامی سطح پر، سیاحتی اور ثقافتی مقام کے طور پر لے جانے کی اہل ہے۔

کلاس روم میں ٹیچر کی موجودگی کے دوران ریچھ گُھس آیا

کیلیفورنیا کے ایک اسکول میں اس وقت بھورے رنگ ریچھ گھس آیا جب ایک ٹیچر نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تیاری میں مصروف تھیں۔

پائن ماؤنٹین کلب میں پیک ٹو پیک چارٹر اسکول کی ٹیچر ایلین سالمن نے کہا کہ وہ اپنی دفت میں کچھ کاپیاں بنانے کے لیے اپنے کلاس روم سے نکلی تھیں اور جب کمرے میں واپس آئیں تو کالے ریچھ کو دیکھ کر ڈر گئیں۔

سالمن نے فوراً ریچھ کو کلاس روم میں بند کردیا اور اس چکر میں ان کا فون بھی اندر کمرے میں رہ گیا۔

سالمن نے بتایا کہ میں اپنے شوہر ایان کو فون کرنے کے لیے دفتر واپس گئی۔ میرا پہلا خیال تھا کیا ریچھ کے کلاس روم میں ہونے سے کوئی نقصان ہو گا؟ کیونکہ کلاس کا نیا نیا فرش ڈلا تھا اور کلاس روم کو سجایا بھی گیا تھا۔

تاہم تھوڑے دیر بعد سالمن کے شوہر نے پہنچ کر دروازہ کھلا رکھا اور ریچھ کو فرار ہونےدے دیا۔

پاکستان کا یومِ آزادی: گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا

پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا۔

دنیا کے معروف ترین سرچ انجن گوگل نے وطن عزیز پاکستان کے یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل تبدیل کردیا۔

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے عالمی سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن گوگل پر دنیا بھر کے اہم مواقع، تہواروں، ایونٹس اور بین الاقوامی سطح پر ریکارڈز بنانے والی شخصیات کی مناسبت سے اکثر ڈوڈل تبدیل کیا جاتا ہے۔

اہم مواقع پرڈوڈل تبدیل کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی گوگل نے 14 اگست کے موقع پر اپنا ڈوڈل یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ڈیزائن کیا ہے۔

سابق انگلش کرکٹر گراہم تھارپ کی موت ٹرین کی ٹکر سے ہونے کا انکشاف

کراچی: سابق انگلش بیٹر گراہم تھارپ کی موت ٹرین سے ٹکر لگنے پر واقع ہوئی۔

فیملی ان کی موت کو پہلے ہی خودکشی قرار دے چکی ہے، ان کی موت کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے 100 ٹیسٹ اور 82 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے تجربہ کار بیٹر گراہم تھارپ کی موت سے متعلق اب نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ اپنے گھر کے قریب ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوئے تھے، انھیں ذہنی صحت کے مسائل لاحق تھے۔

برطانوی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ 4 اگست کو صبح 8 بجکر 26 منٹ پر ایشر ریلوے اسٹیشن پر آفیسرز کو طلب کیا گیا تھا، جو کسی ٹریک پر حادثے کی وجہ سے جائے وقوعہ پر پہنچے تھے، طبی عملہ بھی موقع پر آیا تھا، تاہم اس حادثے سے دوچار ہونے والے فرد کی موت واقع ہوچکی تھی، اس حادثے کو مشتبہ کیس نہیں سمجھا گیا تھا۔

تھارپ نے انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر 9124 رنز بنائے تھے، جس میں 16 سنچریاں اور 60 نصف سنچریاں شامل رہی تھیں۔

ایمانڈا نے میڈیا کو بتایا کہ تھارپ کی طبعیت کچھ وقت سے بہتر نہیں تھی، اہلیہ اور دو پیارکرنے والی بچیوں کے باوجود وہ بہتری حاصل نہیں کرپا رہے تھے، وہ حالیہ دنوں میں انتہائی خراب حالت میں تھے، وہ سمجھتے تھے کہ ہم سب ان کے بغیر بہتر رہیں گے اور اسی سبب انھوں نے اپنی جان لے لی۔

تھارپ کے اہل خانہ ان کے نام سے فاؤنڈیشن شروع کرنے پر بھی غور کررہے ہیں، ان کی بیٹی کیٹی نے بتایا کہ وہ زندگی سے اور ہم سے بہت پیار کرتے تھے، تاہم وہ بہت دل گرفتہ تھے۔

گورنر سندھ کا جشن آزادی کے موقع پر انعامات تقسیم کرنے کا اعلان

کراچی: گورنر ہاؤس میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں گورنر کامران ٹیسوری نے ایک ہزار پونڈ وزنی کیک کاٹا، جبکہ شہریوں اور طلبا میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور سولر پینل تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہریوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طلبہ کو قرضہ حسنہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں کھڑا کریں گے اور قومی ہیرو ارشد ندیم کی آج کراچی آنے کی خوشخبری بھی سنائی۔

گورنر ہاؤس میں جشن آزادی کی تقریب میں شریک شہریوں کی بڑی تعداد کے لیے لذیز کھانوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

لاہور میں یومِ آزادی کا آغاز21 توپوں کی سلامی سے ہوا

لاہور: جشن آزادی کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی کی تقریب سے ہوا۔

21 توپوں کی سلامی کی یہ تقریب بی ایکس اسٹیڈیم میں ہوئی، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی۔

تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا، تقریب میں پاک فوج کے دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا۔

اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں۔

وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی کرے گا، اسحاق ڈار

کوئٹہ: ایوب اسٹیڈیم میں جشن آزادی کی تقریب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی کرے گا۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈٓر نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے یوم آزادی مبارک ہو، پاکستان ایک گلدستہ ہے، وزیر اعظم پاکستان ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ناراضگی کے نام تشدد کی اجازت نہیں، ناراضگیوں کو چھوڑ کر پاکستان کو آگے لیکر جانے کی ضرورت ہے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم سب ملکر پاکستان کو ایک مظبوط پاکستان بنا کر اللہ تعالی کے سامنے سرخرو ہوں گے۔

جنوبی وزیرستان: سکیورٹی فورسز اور خوارج میں فائرنگ، 6 ہلاک، 4 جوان شہید

جنوبی وزیرستان: جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک جبکہ پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے ساتھ جھڑپ کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے اپنی جان وطن کے لیے قربان کر دی ہے۔

خوارج کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے جوانوں میں حوالدار نثار حسین، نائیک رشید گل، نائیک عرفان اللہ کان اور سپاہی عثمان رفاقت شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکوریٹی فورسز خوارج کا قلع قمع کرنے اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وطن کی مٹی پر اپنی جان نچھاور کرنے بہادر سپاہیوں کی قربانی سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔