کپل شرما اس وقت سے سرخیوں میں ہیں جب سے میکا سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ کامیڈین نے سوشل میڈیا انفلوئنسر کمال آر خان عرف کے آر کے کے گھر پر ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا، اب کے آر کے نے اس معاملے پر کھل کر بات کی ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کے آر کے نے کامیڈین کے ساتھ جھگڑے کو یاد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کپل اور میکا دونوں نشے میں دھت ان کے ممبئی میں واقع گھر پہنچے، کے آر کے نے دعویٰ کیا کہ دونوں کو گھر میں داخل ہونے سے روکا گیا اور جب انہوں نے بات ماننے سے انکار کیا تو سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں تھپڑ مار دیے۔
کمال آر خان کا کہنا تھا کہ ’میکا سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وہ اور کپل شرما میرے ممبئی والے گھر آئے اور بدتمیزی کی، آپ سب اس واقعے کو گوگل کر سکتے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘حقیقت یہ ہے کہ دونوں اُس رات نشے میں تھے وہ میرے گھر آئے اور سیکیورٹی گارڈ سے کہا کہ دونوں مجھ سے ملنا چاہتے ہیں لیکن گارڈ نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ تو وہ میرے گھر کے نیچے تصویریں کھنچوانے لگے اورمجھ سے ملنے کے لیے اصرار کیا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دونوں نشے میں تھے اور وہاں سے جانے سے انکار کر رہے تھے اس لیے میرے سیکیورٹی گارڈز کو انہیں تھپڑ مارنا پڑا، جس کے بعد انہیں باہر نکال دیا گیا اور اُس رات کپل نے کچھ ٹوئٹس کیے جب میں نے صبح وہ ٹوئٹس دیکھے تو میں نے ان پر ردعمل دیا تھا’۔
کے آر کے نے مزید دعویٰ کیا کہ میکا اور میں ہمسائے ہیں، تو اگلے دن میں ان کے گھر گیا اور انہیں وارننگ دی کہ آئندہ ایسا نہ کریں، بعد میں انہوں نے مجھ سےمعافی بھی مانگی۔‘
خیال رہے کہ حال ہی میں میکا سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ کے آر کے دبئی میں ان کے پڑوسی ہیں، ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ کپل شرما کے آر کے سے اس قدر ناراض تھے کہ وہ ان کے گھر ہنگامہ کرنے پہنچ گئے۔
میکا کا کہنا تھا کہ ’یہ 13-2012 کے آس پاس کا واقعہ ہے، کپل کے آر کے سے بہت ناراض تھے۔ جب انہیں معلوم ہوا کہ کے آر کے میرا پڑوسی ہے، تو اس نے کہا کہ وہ ان کے گھر جاکر کے آر کے کو مارنا چاہتے ہیں۔‘
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے میکا سنگھ نے کہا، ’میں نے ان سے درخواست کی کہ ایسا نہ کریں، بہرحال ہم رات چار یا پانچ بجے کے قریب ان کے گھر گئے تو کے آر کے گھر پر نہیں تھے، ان کا اسٹاف ممبر گھر سے باہر آیا تھا، میں نے کپل سے کہا کہ بس یہی ہے، تو کپل نے ان کے گھر کے شیشے توڑ دیے اور ہنگامہ کیا‘۔
واضح رہے کہ ہنگامہ آرائی کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب کپل شرما اور کے آر کے کے تعلقات میں سرد جنگ جاری تھی۔