ایک جانب اپنی فلم کی بے مثال کامیابی سے لطف اندوز ہونے والے تیلگو اداکار اللو ارجن دوسری جانب قانونی چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں۔
4 دسمبر کو ان کی فلم پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران ان کی اچانک آمد سے مچنے والی بھگدڑ کے نتیجے میں ایک 35 سالہ خاتون ہلاک جبکہ اس کا 10 سالہ بیٹا شدید زخمی ہو کر اب تک اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑرہا ہے۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تھا جس میں تھیٹر کے مینجر اور دیگر افراد کے علاوہ اللو ارجن کو بھی نامزد کردیا گیا تھا۔
مذکورہ مقدمے کے تحت پولیس نے اداکار کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ انہیں ایک رات جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنی پڑی تھی۔
بعدازاں انہیں ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت مل گئی تھی تاہم پولیس تفتیش میں تعاون کی ہدایت کی گئی تھی جس پر انہوں نے عمل بھی کیا۔
اداکار کو اس مشکل میں گھرا دیکھ کر کئی سیلیبریٹیز نے ان کے حق میں آواز اٹھائی جس میں اب معروف فلم پروڈیوسر بونی کپور بھی شامل ہوگئے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں فلم ساز نے جنوبی ہند کے اداکاروں کی وسیع فین بیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے پہلی مرتبہ اجیت کی فلم دیکھی جو رات ایک بجے ریلیز ہوئی تھی تو میں تھیٹر کے باہر 20 سے 25 ہزار شائقین کا مجمع دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں شو ختم ہونے بعد رات ساڑھے 3 سے 4 کے بیچ باہر نکلا تو اس وقت بھی بہت سے لوگ باہر موجود تھے، مجھے بتایا گیا کہ جب رجنی کانت، چیرنجیوی یا رام چرن، مہیشن بابو جیسے اسٹارز کی فلم ریلیز ہوتی ہے تو اس وقت بھی یہی صورتحال ہوتی ہے۔
اسے اس واقعے سے جوڑتے ہوئے جس کے لیے اللو ارجن کو گرفتار کیا گیا تھا، بونی نے پھر مزید کہا کہ ‘ٹکٹ کے نرخ پہلے دو دن یا کم از کم پہلے دن اضافی شوز کے لیے بڑھائے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے جس میں غیر ضروری طور پر اللو ارجن کو گھسیٹا گیا اور ان پر ایک پرستار کی موت کا الزام لگا۔
بونی کپور کا کہنا تھا اس واقعے کی وجہ اداکار کے بجائے ان اگنت شائقین کا ہجوم تھا جو فلم دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔
خیال رہے پشپا اسٹار اللو ارجن نے متاثرہ خاندان کو ایک کروڑ روپے جبکہ پروڈکشن ہاؤس میتھری موویز اور ڈائریکٹر سوکمار نے 50-50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔