معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے خود کو 40 برس کا قرار دینے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گدھے قرار دے دیا۔
نادیہ خان کا شمار پاکستان کی ممتاز مارننگ شو میزبان اور کامیاب ڈرامہ اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ پاکستان میں مارننگ شو ہوسٹنگ کی ٹرینڈ سیٹر بھی مانی جاتی ہیں۔
انہوں نے اپنے کریئر میں’دیس پردیس’، ‘بندھن’، ‘کیسی عورت ہوں میں’، ‘کیسی ہے تنہائی’، ‘وحشی’ جیسے ڈراموں میں کام کیا اور آج کل ایک ریویو شو میں ڈراموں پر تبصرے کرتے نظر آتی ہیں۔
حال ہی میں نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو اپلوڈ کر کے خواتین کو بڑھتی عمر میں خوبصورت و پرکشش نظر آنے کی ٹپس دیں۔
خواتین کی اسکن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ‘ایک مرتبہ میں نے ایک شو میں کہا کہ وہ خواتین جن کی عمر (فورٹیز) چالیس کی دہائی میں ہے انہیں اپنی جلد کا کس طرح خیال رکھنا چاہیے اور کس طرح کی پروڈکٹس استعمال کرنی چاہیے، جس پر بہت سارھے گدھوں نے تماشا بنانے کے لیے ویڈیوز بنائیں اور کہا کہ نادیہ نے کہا کہ وہ 40 سال کی ہیں جو کبھی نہیں ہوا’۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ‘اب کسی جاہل کو فورٹیز کی سمجھ ہی نہ ہو کہ یہ کہتے کسے ہیں تو کیا کیا جائے، اس میں 10 سال آتے ہیں 40 سے لے کر 49 سال تک’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ایسے جاہلوں کے لیے تو بس دعا ہی کرسکتے ہیں کہ وہ غائب ہی ہوجائیں کیوں کہ یہ جہاں نظر آئیں گے گند ہی کریں گے، گھٹیا بات کریں گے، فتنہ کھڑا کریں گے اس لیے انہیں نظر انداز کریں’۔
ویڈیو میں مزید بات کرتے ہوئے نادیہ نے جلد کی ساخت سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے زائد عمر کے حساب سے میک اپ کا طریقہ بھی بتایا۔