وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
سال 2023 لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے کی جانب سے کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کی تعداد 144 ہو گئی جبکہ مزید کریک ڈاون جاری ہے۔ گرفتار ملزمان میں 16 اشتہاری بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔ لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے نے مجموعی طور پر 197 مقدمات درج کئے۔ کشتی حادثے میں ملوث 55 ملزمان کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کئے گئے۔
انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا گیا ہے اور انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مقیم انسانی اسمگلروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ بیرون ملک سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسسز جاری کئے گئے۔ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کا کہنا ہے کہ کشتی حادثات میں ملوث سہولت کاروں کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا عمل جاری ہے۔ ایجنٹوں کے شناختی کارڈ اوربینک اکاؤنٹس فوری بلاک کئے جائیں۔ ملک کے تمام ائرپورٹس پر تعینات افسران ایجنٹوں کے گرفتاری کے لئے کڑی نگرانی کریں۔ ائیرپورٹ انچارجز اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرار نہ ہو پائے۔