بالی وڈ کی دلکش اداکارہ سشمیتا سین نے مداحوں کو مس یونیورس بننے کے بعد معروف کولڈ ڈرنک برینڈ ‘پیپسی‘ سے لیے جانے والے اپنے بدلے کے حوالے سے مداحوں سے اہم انکشاف کردیا۔
اداکارہ سشمیا سین کی ایک دبنگ ویڈیو ‘انسٹاگرام’ پر وائرل ہورہی ہے جس میں مداح خاموش رہنے والی اداکارہ سشمیتا سین کے ان دیکھے اوتار کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں۔
سابقہ مس یونیورس و اداکارہ سشمیتا سین کی انسٹاگرام رِیل ان کے ‘ریونج گیم‘ کی بدولت سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جوکہ دیکھتے ہی دیکھتے انسٹاگرام پر تیزی سے مقبول ہوگئی۔
اداکارہ سشمیتا سین کی انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو ایک ‘ٹیڈ ٹاک’ کی ہے جس میں اداکارہ مداحوں کو خوداعتمادی کے حوالے سے موٹیویٹ کررہی تھیں۔
ویڈیو میں اداکارہ سشمیتا سین کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ‘جب میں نے ماڈلنگ شروع کی تو مجھے ایک مشہور کولڈ ڈرنک برینڈ پیپسی نے آڈیشن کیلئے ممبئی بلایا‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اپنی جانب سے بہت بہترین آڈیشن دیا لیکن برینڈ نے مجھے ری جیکٹ کردیا، مجھے لگا کہ میں یہ بات بھول جاؤں گی لیکن میں نہیں بھولی‘۔
سشمیتا نے مداحوں کو مزید بتایا کہ ‘پھر جب میں مس یونیورس کا ٹائٹل جیت کر ممبئی واپسی آئی تو وہی کولڈ ڈرنک کمپنی (پیپسی) مس یونیورس کو اپنا برینڈ فیس بنایا چاہتی تھی لیکن میں نے ان کے بجائے ان کے حریف (کوکا کولا) کا ایڈورٹائزمنٹ کیمپین کیا‘۔
اداکارہ نے مداحوں کا بتایا کہ ‘یہ بدلے کا اقدام نہیں تھا، ہوتا کچھ یوں ہے کہ جب آپ کہیں سے ری جیکٹ ہوجاتے ہوتو آپ میں احساس کمتری پیدا ہوتی ہے کہ شاید میں ہی اس مقام کیلئے ٹھیک نہیں تھی‘۔
سشمیتا نے مزید کہا کہ ‘اس لیے میں نے دوسرے برینڈ کا ایڈ کیا تاکہ انہیں (پیپسی) کو بتاسکوں کہ میں نہیں بلکہ آپ میرے معیار پر پورا نہیں اترے اس لیے میں آپ کو اپنی جانب سے ری جیکٹ کردیا‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ سشمیتا سین نے سال 1994 میں ‘مس انڈیا’ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جس کے بعد اسی سال وہ امریکا میں سجے مقابلہ حسن میں ‘حسینہ عالم’ یعنی مس یونیورس کا تاج بھی اپنے سر پر سجانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔