اے این ایف آپریشنز میں 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں جاری منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں 6 مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان کوگرفتار کرکے 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 131.478 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 84 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ اُدھر بلوچستان میں مستونگ اورسیف اللہ کے غیر آباد علاقوں سے 96 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔
اسی طرح ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3.6 کلو افیون اور 21.6 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
سرینگر ہائی وے راولپنڈی میں بس اسٹاپ کے قریب گاڑی سے 6 کلو ہیروئن برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ملزم سے 3.6 کلو چرس برآمد ہوئی۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔