ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے شہرمیں کارروائی کے دوران غیر ملکی کمپنیوں سے سی فوڈ، چکن سمیت دیگرمصنوعات سپلائی کرنے کے نام پرلاکھوں ڈالرزبٹورنے والے گینگ کے 4ارکان کوگرفتارکرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف بی ایریا میں کارروائی کے دوران گرفتار4 ملزمان ڈمی کمپنیز کے جعلی اشتہارات کے ذریعےغیرملکی کمپنیوں سےفراڈ کرتے تھے، انہوں نے سی فوڈ،چکن مصنوعات سپلائی کے نام پر کمپنیوں سے لاکھوں ڈالرز بٹورے۔
اسکیمرز نے چین،تھائی لینڈ، سنگاپور، ہانگ کانگ، جرمنی اورقازقستان کی کمپنیز سےفراڈ کیا،ملزمان نے میسرزچان پاک شان سےایک لاکھ امریکی ڈالرزاور 2 لاکھ 23 ہزارچینی یوآن بٹورے، جرمن رابرٹ ویزنامی کمپنی سے 36 ہزار 4 سو پچاس ڈالرز کا فراڈ کیا، سری لنکن کمپنی زم زم سے19 ہزارامریکی ڈالرز اور لاکھوں روپےفراڈسے وصول کیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق عارف،سلیم،شارق اور نوید نامی ملزمان نے سوگومیٹ، سلور ہائبرڈ نامی جعلی کمپنیاں بنا رکھی تھیں، فیس بک پراشتہارات کے ذریعے کمپنیوں کے ساتھ سپلائی کا فراڈ کیا جاتا تھا،ملزمان کے خلاف مقدمہ اندراج کے بعد مزید کارروائی جاری ہے۔