والدین نے غیرت کے نام پر اپنی ہی بیٹی پر گولیاں برسا دیں، جس سے زخمی ہونے والی 20 سالہ شمائلہ کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقے ہنجروال میں غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کرنے کی کوشش کا واقعہ پیش آیا، جس میں شدید زخمی حالت میں 20 سالہ شمائلہ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شمائلہ کو اس کے والد فیاض، والد ہ مسرت بی بی اور 2چچاؤں نے منصوبہ بندی کے ساتھ گولیاں مار کر شدید زخمی کیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنجروال کے سب انسپکٹر انتظار حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایس ایچ او کے مطابق والد،والدہ اور دونوں چچاؤں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور ملزمان سے پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان نے پسند کی شادی کرنے پر شمائلہ کو قتل کرنے کی کوشش کی، جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔