مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے آن لائن دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے دوران جعلسازی کے ایک انوکھے کیس نے سنسنی پھیلا دی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک 53 سالہ فرانسیسی خاتون این معروف ہالی وڈ اداکار بریڈ پٹ کی شکل میں بہروپیے کے ساتھ آن لائن رومانوی تعلقات میں مبتلا ہوکر تقریباً 10 لاکھ یورو (لگ بھگ 23 کروڑ پاکستانی روپے) گنوا بیٹھی۔
یہ سلسلہ فروری 2023 میں اس وقت شروع ہوا جب انٹیریئر ڈیزائنگ کے شعبے سے وابستہ خاتون این کو سوشل میڈیا پر بریڈ پٹ کی والدہ ہونے کے دعویدار ایک اکاؤنٹ سے میسج موصول ہوا۔
یہ میسج موصول ہونے سے چند روز قبل این نے اپنے لگژری ٹرپ کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس نے بظاہر مذکورہ جعلساز کی توجہ این کی جانب مبذول کرائی تھی۔
چند روز بعد ہی این کو خود بریڈ پٹ سے منسوب ایک اکاؤنٹ سے پیغام موصول ہوا، جعلساز نے خود کو بریڈ پٹ ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنی والدہ (یعنی بریڈ پٹ کی ماں) سے این کے بارے میں بہت زیادہ تعریفیں سنی ہیں۔
یوں ان دونوں میں بات چیت کا سلسلہ چل نکلا، آہستہ آہستہ یہ تعلق دوستی اور پھر محبت میں بدل گیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ ‘مجھے یقین ہوگیا تھا کہ میں واقعی بریڈ پٹ سے بات کررہی ہوں، وہ صرف میسجز پر بات کرتا تھا اور بہت کمال لکھتا تھا، وہ جانتا تھا کہ خواتین سے کس طرح بات کرنی ہے، وہ متاثر کُن گفتگو کا ہنر جانتا تھا اور ہمیشہ اس کا خیال رکھتا تھا’۔
ابتداء میں این کو شک ضرور ہوا تھا لیکن جب اس جعلساز نے اسے بریڈ پٹ کی AI سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز بھیجیں، تو این نے اُس پر اعتبار کرلیا۔
بات چیت کے دوران جعلی بریڈ پٹ نے بالاآخر این کو پرپوز بھی کردیا اور اسے بتایا کہ میں تمہیں کچھ مہنگے تحائف بھیجنا چاہ رہا ہوں لیکن اس کیلئے کسٹم ڈیوٹی ادا کرنی پڑے گی اس لیے تم یہ تحائف وصول کرنے کیلئے فلاں اکاؤنٹ پر 9 ہزار یورو بھج دو، این نے یہ رقم ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی تھی جس کے بعد اس جعلساز کے مالی مطالبات بڑھتے چلے گئے۔
دراصل اس جعلساز نے این کو یہ بتا رکھا تھا کہ وہ گردے کے کینسر میں مبتلا ہونے کے سبب ہسپتال میں داخل ہے اور علاج کیلئے اسے فوری فنڈز کی ضرورت ہے کیونکہ سابقہ اہلیہ و اداکارہ انجلینا جولی کے ساتھ طلاق کے جاری کیس کیوجہ سے عدالت نے اس کے اکاؤنٹس بلاک کر رکھے ہیں اور اسے اپنی دولت تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
اس من گھڑت کہانی میں جان ڈالنے کے لیے جعلساز نے این کو بریڈ پٹ کی اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز بھیجیں جس میں وہ ہمیشہ ہسپتال کے بستر پر لیٹا یا کمرے میں چہل قدمی کرتا نظر آتا تھا۔
طویل عرصے تک میسجز اور تصاویر کے تبادلے کے باوجود اس جعلساز نے این سے فون یا ویڈیو کال پر گفتگو کرنے سے ہمیشہ گریز کیا۔
آن لائن گفتگو کے دوران جب این نے اس جعلی بریڈ پٹ کو بتایا کہ وہ اپنے کروڑ پتی شوہر سے طلاق لینے والی ہے جسکے تصفیے کی مد میں اسے بھاری رقم ملنے والی ہے تو اس جعلساز کی آنکھیں مزید پھٹ گئیں اور اس نے این کو بہلا پھسلا کر اپنے مالی مطالبات مزید بڑھادیے۔
اس سب کے دوران این نے جعلی بریڈ پٹ کی محبت میں مبتلا ہوکر اپنے تقریباً 10 لاکھ یورو گنوا دیے، بالآخر معاملہ تب کھلا جب این نے خبروں میں اصل اداکار بریڈ پٹ کو انکی نئی گرل فرینڈ انیس ڈی ریمن کے ساتھ دیکھا، این نے فوراً حکام سے رابطہ کیا جس کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون شدید ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے بعد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔