معروف بھارتی ریپر گلوکار ہنی سنگھ نے حال ہی میں اداکارہ ریا چکرورتی کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے بائی پولر ڈس آرڈر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے خود کو ذہنی مریض قرار دیدیا۔
ریا چکرورتی کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اِس پوڈکاسٹ کا پرومو شیئر کیا گیا ہے جس میں ہنی سنگھ نے کہا کہ ‘میں اتنا خراب کیس ہوں بائی پولر ڈس آرڈر کا، ایک ذہنی مریض ہوں میں آج بھی’۔
ہنی سنگھ نے بتایا کہ میں 6 سال تک اس مرض سے لڑتا رہا، جن میں سے 3 تک میں خود کو مردہ سمجھتا رہا۔
پرومو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریا چکرورتی نے ہنی سنگھ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ میں اس عارضے کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہنی سنگھ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری کو دیکھ کر ایک ہی وقت میں خوشی اور غم کے احساس میں مبتلا ہوگئی تھیں۔
2014 میں، جب ہنی سنگھ اپنی کامیابیوں کے عروج پر تھے، انہوں نے اچانک شوبز سے دوری اختیار کر لی۔ اس کے بعد کے سالوں میں انہوں نے اپنے میوزک کیریئر کو روک دیا اور سوشل میڈیا سے بھی غائب ہو گئے، جس سے ان کے مداحوں میں بےچینی پھیل گئی، کئی سالوں بعد، ہنی سنگھ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ بائی پولر ڈس آرڈر کا شکار تھے۔
گزشتہ برس ہنی سنگھ نے اپنی دماغی بیماری ‘بائی پولر ڈس آرڈر’ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ان کی حالت اتنی خراب تھی کہ کچھ ڈاکٹرز نے انہیں لاعلاج قرار دے دیا تھا۔
ایک انٹرویو میں اپنے ذہنی مسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بائی پولر ڈس آرڈر ایسی بیماری ہے جس میں دماغ من گھڑت چیزیں تصور کرتا ہے اس پختہ یقین کے ساتھ کہ یہ سب سچ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تصور اتنا پختہ ہوتا ہے کہ آپ کو آنکھوں سے دکھنے لگ جاتا ہے کہ یہ سب ہورہا ہے اور آپ کو مشتبہ، نفسیاتی طرح کے ایسے خیالات آتے ہیں جو حقیقی دنیا سے بالکل الگ ہوتے ہیں۔
ہنی سنگھ نے بتایا کہ مجھے 30 سیکنڈز میں 30 ہزار خیالات آتے تھے اور سب سے سب منفی خیالات، یہ سلسلہ 6 سال چلا، میں ڈھائی سال اپنے گھر سے جبکہ ڈیڑھ سال اپنے کمرے سے باہر نہیں نکلا۔
ہنی سنگھ کا کہنا تھا کہ بائی پولر ڈس آرڈر بہت گھٹیا بیماری ہے یہ کسی بھی طرح ہوسکتی ہے لیکن مجھے منشیات یعنی حشیش، چرس اور شراب کی زیادتی کی وجہ سے ہوئی۔
ہنی سنگھ نے 2024 میں اپنے مداحوں کو خوشخبری دی جب انہوں نے اپنی میوزک میں واپسی کا اعلان کیا اور اپنا نیا البم ‘گلوری‘ لانچ کیا، اس البم میں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا۔
رواں برس ہنی سنگھ اپنے ‘ملینیئر انڈیا ٹور’ کا آغاز کرنے والے ہیں جس میں بھارت کے 10 شہروں میں انکے کانسرٹس کا انعقاد ہوگا، پہلا کنسرٹ 22 فروری کو ممبئی میں جبکہ آخری کانسرٹ 5 اپریل کو کلکتہ میں منعقد ہوگا۔
اگر بات کی جائے کہ بائی پولر ڈس آرڈر کی تو یہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں مریض کی موڈ میں غیر متوقع تبدیلیاں آتی ہیں۔
کبھی مریض انتہائی خوشی اور توانائی محسوس کرتا ہے، جسے مینیا کہا جاتا ہے، اور کبھی انتہائی ڈپریشن کا شکار ہو جاتا ہے۔
یہ تبدیلیاں مریض کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہیں، اور علاج کے بغیر یہ بیماری شدید ہوسکتی ہے۔