تازہ تر ین

سیف علی خان حملہ کیس میں سیاسی انٹری کس کی؟

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی معزولی کے بعد سے انڈیا اور بنگلہ دیش میں کافی تناؤ پایا جاتا ہے، بنگلہ دیش انڈیا سے اپنے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی شکایت کررہا ہے تو دوسری طرف بھارت بھی ہٹ دھرمی سے حسینہ واجد کو پناہ دیے ہوئے ہے۔

دونوں ملکوں کے شہری بھی ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنا رہے ہیں، حالیہ واقعہ جس میں سیف علی خان کو نشانہ بنایا گیا اور ملزم کا تعلق مبینہ طور پر بنگلہ دیش سے بتایا جارہا ہے، اس نے بھی جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کیا ہے۔

ماضی کی نامور اداکارہ بھاگیشری نے سیف علی خان پر چاقو سے حملے کے ملزم کے بنگلہ دیش کا رہائشی ہونے کی تصدیق کے بعد بھارتی سرحدوں کی حفاظت کا مطالبہ کیا ہے۔

اندور میں ایک تقریب کے دوران اداکارہ بھاگیشری نے کہا کہ باندرہ میں پیش آنے والے اس واقعے نے ممبئی میں رہنے والے بہت سے لوگوں کی حفاظت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ایسے واقعات ممبئی میں ہوتے ہیں، تو ہر کوئی پریشان ہو جاتا ہے، یہ صرف بالی وڈ کے بارے میں نہیں ہے، یہ سب کی حفاظت کے بارے میں ہے، سب کی حفاظت ایک سوالیہ نشان کے تحت آ جاتی ہے اور خاص طور پر اگر کوئی تارک وطن ایسا کچھ کرے تو ہمیں یقینی طور پر اپنی بھارتی سرحدوں کی حفاظت کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب انہیں اس واقعے کا علم ہوا تو وہ “حیران” رہ گئیں اور کہا کہ ہم جو ممبئی میں رہتے ہیں، ہم سب بہت حیران ہیں کہ ایسا ہوا، کیونکہ ممبئی کو بھارت کے سب سے محفوظ شہروں میں شمار کیا جاتا ہے، تو اس واقعے کے بعد ظاہر ہے، ہر کوئی پریشان ہے لیکن پولیس اپنا کام اچھی طرح کر رہی ہے اور میری رائے میں، تازہ ترین خبروں کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی پولیس نے مبینہ ملزم محمد شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کیا ہے، جو مبینہ طور پر بنگلہ دیش کے جھالوکاٹی ضلع کا رہائشی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم معروف اداکار کی رہائش گاہ میں چوری کے ارادے سے داخل ہوا تھا، واقعے کے بعد ملزم اپنے آبائی گاؤں فرار ہونے والا تھا جب اسے تھانے کے ہیرانندانی اسٹیٹ میں گرفتار کیا گیا۔

ادھر اسپتال انتظامیہ کے مطابق سیف علی خان کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور انہیں آئی سی یو سے عام کمرے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اداکار کی سرجری کامیاب رہی، جس میں ان کے جسم سے چاقو کا 2.5 انچ لمبا ٹکڑا نکالا گیا، اگرچہ اداکار اب خطرے سے باہر ہیں، طبی عملہ ان کی حالت پر باریکی سے نظر رکھے ہوئے ہے۔

ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیف علی خان کے بہن سوہا علی خان نے اداکار کی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم خوش ہیں کہ وہ ٹھیک ہو رہے ہیں، اور ہم بہت شکر گزار ہیں کہ یہ زیادہ مہلک ثابت نہیں ہوا، آپ سب کی نیک تمناؤں کے لیے شکریہ’۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain