معروف اداکارہ نیلم منیر اگرچہ گزشتہ برس دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھی تھیں لیکن ان کی شادی کا چرچہ اب تک جاری و ساری ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر اپنی تازہ ترین پوسٹ میں جہاں انہوں نے اپنا برائیڈل شاور کا فوٹو شوٹ شیئر کیا وہیں اپنے شوہر کی سالگرہ کے موقع پر دعاؤں بھرا ایک خاص پیغام بھی اسٹوری کی زینت بنایا۔
مختلف سوشل میڈیا پوسٹس کو کنیکٹ کرنے کے بعد یہ بات تو واضح ہوگئی ہے کہ نیلم منیر دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھی تھیں اور اپنی شادی کو انہوں نے شوبز کی چکا چوند سے یکسر دور رکھا اور شاید عمران عباس کے سوا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی مدعو نہیں کیا۔
شادی کی تصاویر سامنے آتے ہی ان کے شوہر کے عربی ہونے کے شبے پر انہیں طنز و تشنیع کا نشانہ بھی بنایا گیا جس پر بہت سے سیلیبریٹیز نے ان کی حمایت کی لیکن اداکارہ نے بذات خود اس سارے معاملے پر خاموش رہنے کو ترجیح دی۔
بعدازاں ان کا دیور ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص کے انٹرویو نے تہلکہ مچایا جس نے بتایا تھا کہ نیلم کے شوہر اور ان کے بھائی راشد کا تعلق پنجاب کے شہر میانوالی سے ہے۔
ایک یوٹیوبر کی جانب سے راشد کے دبئی پولیس میں ہونے کا بھی دعویٰ سامنے آیا تھا لیکن ان کے بھائی نے وضاحت کی کہ وہ 2006 سے دبئی میں مقیم ہیں جہاں ان کا ٹریول اینڈ ٹورازم کا بزنس اور 3 سے 4 ریسٹورنٹس ہیں۔
دیور کے مطابق راشد اور نیلم کی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی جس کے بعد دو ڈھائی سال تک رابطے میں رہنے کے بعد دونوں نے شادی کی جس کی مرکزی تقریبات دبئی میں منعقد ہوئی تھیں۔
اگرچہ نیلم نے ان باتوں کی تردید کی نہ ہی تصدیق، لیکن اس خاموشی کے دوران انہوں نے اپنے شوہر کے لیے ایک خاص پوسٹ ضرور کی جس کا لفظ لفظ ان کے بے پناہ محبت کی عکاسی کرتا نظر آرہا ہے۔
اپنے شوہر راشد کی سالگرہ کے خاص موقع پر نیلم نے ان کے ہمراہ ایک خوبصورت تصویر شیئر کی۔
ساتھ ہی دعاؤں بھرے کیپشن میں لکھا کہ ‘یا اللہ اس کی سالگرہ کے موقع پر میں اپنے شوہر کی اس دنیا اور آخرت میں بھلائی کی دعا کرتی ہوں’۔

اللہ سے دعا کرتے ہوئے نیلم نے مزید لکھا کہ ‘میرے شوہر کو اچھی صحت، خوشی اور خوشحالی عطا کریں اور انہیں ہر قسم کے شر، منفیت اور تکالیف سے دور رکھیں اور وہ جہاں بھی جائیں انہیں اپنی رحمت کی حفاظت میں رکھیں’۔
نیلم منیر کے یہ الفاظ ان کی اپنے شوہر کے محبت اور ان کے دلی جذبات کی ترجمانی کرتے نظر آتے ہیں۔