سہ ملکی سیریز میں شرکت کیلئے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں 4 اور 5 فروری کو لاہور پہنچیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ کیلئے مشاورت مکمل کرلی ہے، قومی ٹیم کا اعلان پی سی بی سربراہ کی منظوری سے مشروط ہے۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے پہلے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پاکستان کی مہمان بن رہی ہیں۔ یہ سیریز 19 فروری سے شروع ہونے ایونٹ کی تیاریوں کیلئے معاون ثابت ہوگی۔
پی سی بی نے سیریز کے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی، مجوزہ پروگرام کے تحت نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں لاہور آمد کے بعد 5 فروری کو آرام کریں گے جبکہ 6 اور 7 فروری کو پریکٹس ڈے رکھا گیا ہے۔
اسی طرح 8 اور 10 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں میچز کے بعد تینوں ٹیموں کی 11 فروری کو کراچی روانگی طے ہے، جہاں 13 اور 15 فروری کو میچ پلان کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپئینز ٹرافی کیلئے کیپٹنز میٹ اور افتتاحی تقریب کیلئے باضابطہ اعلان تاحال نہیں ہوسکا ہے تاہم ایونٹ پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو شیڈول ہے۔