راج پال یادیو ان 4 بھارتی سیلیبریٹیز میں شامل ہیں جنہیں مبینہ طور پر پاکستان سے بذریعہ ای میل جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔
ان کے علاوہ دھمکی وصول کرنے والوں میں معروف کامیڈین کپل شرما، اداکارہ سوگندھا مشرا اور کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا شامل ہیں۔
پولیس نے اس حوالے سے مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں اور نہ ہی ان سیلیبریٹیز کی جانب سے اب تک دھمکی ملنے کے حوالے سے کوئی بیان دیا گیا ہے البتہ اداکار راج پال یادیو نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس معاملے کی اطلاع ممبئی پولیس کو دی ہے جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
راج پال نے بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس دھمکی کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے جو انہیں موصول ہوئی ہے، اداکار نے شیئر کیا کہ انہوں نے پولیس اور سائبر کرائم دونوں محکموں کو معلومات فراہم کردی ہیں۔
راجپال نے کہا کہ ‘اس واقعے کے بارے میں بات کرنا میرا کام نہیں ہے جب میں اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا ہوں، میں ایک اداکار ہوں اور اداکاری میں، میں اپنے کام کے ذریعے ہر عمر کے جوان اور بوڑھے لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہوں، میں اس معاملے کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا، ایجنسیاں اس سے متعلق معلومات فراہم کرسکتی ہیں، جو مجھے معلوم تھا میں نے بتادیا’۔
خیال رہے کہ راج پال کی بیوی رادھا یادو نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی جس پر امبالہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 351(3) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
راج پال کو دھمکی ملنے کا واقعہ حالیہ نہیں بلکہ 14 دسمبر 2024 کو پیش آیا تھا، ای میل بھیجنے والے نے ‘بشنو’ کا نام استعمال کیا اور مبینہ طور پر ای میل ایڈریس، ‘Don99284’ سے میل بھیجی۔
ای میل بھیجنے والے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کپل شرما اس کی ہٹ لسٹ پر تھے کیونکہ سلمان خان نے ان کے شو کو اسپانسر کیا تھا۔
دھمکی آمیز میل میں کہا گیا کہ ‘ہم آپ کے حالیہ اقدامات کو باریکی سے دیکھ رہے ہیں، ہمارا خیال ہے کہ ایک حساس معاملہ آپ کی توجہ میں لانا ضروری ہے، یہ کوئی پبلسٹی اسٹنٹ یا آپ کو ہراساں کرنے کی کوشش نہیں ہے، ہماری درخواست ہے کہ آپ اس پیغام کو سنجیدگی سے لیں اور رازداری کو برقرار رکھیں’۔
اب ممبئی میں قانون نافذ کرنے والے افسران نے مبینہ طور پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ای میل کا اصل تعلق پاکستان سے ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
جان سے مارنے کی دھمکیاں بشنو نامی شخص کی طرف سے آئی ہیں، جس نے ای میل موصول ہونے کے 8 گھنٹے کے اندر فنکاروں سے جواب طلب کیا تھا۔
بھیجنے والے نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر اسٹارز جواب دینے میں ناکام رہے تو انہیں اپنے پیشہ ورانہ اور ذاتی محاذ پر بہت سے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تاہم، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اس ضمن میں اب تک کیا کارروائی عمل میں لائی اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
دوسری جانب ممبئی پولیس فنکاروں کو ملنے والی مسلسل دھمکیوں کو خاص اہمیت دے رہی ہے، سلمان خان کی جانب سے اپنی اعلیٰ ترین سیکیورٹی بڑھانے سے لے کر سیف علی خان پر حالیہ حملے تک، بالی وڈ اسٹار کی حفاظت اب تشویش کا باعث ہے۔