تازہ تر ین

حنا خان بوائے فرینڈ راکی جیسوال کی قربانیوں کی معترف

بھارتی اداکارہ و گلوکارہ حنا خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے بوائے فرینڈ راکی جیسوال کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہونے پر جذبات سے بھرپور پیغام سوشل میڈیا کی زینت بنادیا۔

اداکارہ حنا خان چھاتی کے کینسر کی تیسری اسٹیج پر ہیں، اور ایک ایسی بیماری میں جہاں لوگ دنیا داری کو چھوڑ دیتے ہیں،کام سے دوری اختیار کر لیتے ہیں اور ناامید ہوجاتے ہیں، ایسے مرحلے میں اداکارہ ’میں کرسکتی ہوں’ کی طاقت دکھانے میں مصروف ہیں۔

ایسے میں وہ کبھی دلہن بنی ریمپ پر واک کرتی ہیں، کبھی تقریبات میں شرکت ہیں، برانڈز کے ساتھ شوٹنگ میں مصروف دکھائی دیتی ہیں اور تو اور سوشل میڈیا پر بھی ایکٹیو رہتی ہیں۔

بات کریں حنا خان کے بوائے فرینڈ اور سکھ اور دکھ کے ساتھی راکی جیسوال کی تو حنا خان نے ڈراما ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے کردار ’اکشرا‘ سے شہرت پائی اور سال 2009 سے 2016 تک اس ڈرامے میں مرکزی کردار نبھاتی رہیں۔

سال 2017 میں اسٹنٹ شو ’فیئر فیکٹر‘ اور 2018 میں ریئیلیٹی شو ’بگ باس‘ میں بطور کھلاڑی شرکت کی اور 2018 میں ڈراما ’کسوٹی زندگی کی‘ کے سیزن 2 میں منفی کردار نبھاتی دکھیں۔

کامیاب شوبز کریئر کے ساتھ حنا خان کی لو لائف بھی کامیاب رہی۔ وہ سال 2014 سے اپنے ڈرامے ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے سپر وائزنگ پروڈیوسر راکی جیسوال کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔

تقریباً دس سال سے دونوں ایک دوسرے کے سکھ دکھ کے ساتھی ہیں اور گزشتہ سال حنا خان میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے بعد بھی راکی نے حنا خان کا ہاتھ مضبوطی سے تھام رکھا ہے۔

اب حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حنا خان نے چند تصاویر اور ویڈیو کلپ پر مشتمل دل چھو لینے والی پوسٹ شیئر کی جس میں راکی کی حنا سے محبت عیاں ہوگئی۔

مذکورہ پوسٹ میں حنا خان اپنی بیماری سے جنگ لڑ رہی ہیں جبکہ راکی ہر لمحہ ہر گھڑی انکی خدمت کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے اب چاہے اسپتال میں انکی تیمار داری کرنا ہو یا پھر گھر میں اداکارہ کا حوصلہ بڑھانا ،یہاں تک کہ جس وقت حنا خان نے اپنے بال منڈوانے کا فیصلہ کیا تو راکی نے بھی اپنے سر کے تمام بال منڈوا کر اپنی محبت کا ثبوت پیش کردیا۔

جذباتی لمحات پر مبنی پوسٹ کے کیپشن میں حنا خان نے راکی کے مستقل تعاون اور دیکھ بھال پر شکرگزاری کا اظہار کیا اور لکھا کہ،’یہ الفاظ دنیا کے سب سے بہترین انسان کے لیے! جب میں نے اپنا سر منڈوایا تو انہوں نے بھی اپنا سر منڈوا لیا اور جب میرے بال دوبارہ بڑھنے لگے تو انہوں نے بھی اپنے بال بڑھائے۔‘

حنا خان نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھاکہ،’ اس شخص کے لیے جو میری روح کی دیکھ بھال کرتا ہے، اس شخص کے لیے جو ہمیشہ کہتا ہے کہ میں تمہارے ساتھ ہوں,  اس شخص کے لیے جو ہمیشہ میرے ساتھ رہتا ہے چاہے ہزار وجوہات ہوں چھوڑنے کی اس بے غرض انسان کے لیے جو صرف ساتھ نبھانا جانتا ہے۔’

اداکارہ نے اپنی دلی کیپشن کو جاری رکھتے ہوئے مزید لکھا کہ،’ہم دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بہت کچھ دیکھا ہے، ہر خوشی اور غم میں ساتھ رہے ہیں۔ ہم نے واقعی ایک عمر ایک ساتھ گزاری ہے اور ہمیشہ ایک دوسرے کا سہارا بنے ہیں۔ ان مشکل وقتوں سے گزرنا جب ہمیں صحت کے چیلنجز کا سامنا تھا، خاص طور پر وبائی مرض کے دوران۔ ہم دونوں نے اپنے والد کو کھو دیا اور ایک دوسرے کے ساتھ روئے اور تسلی دی۔ ’

اداکارہ ماضی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ،’جب وبائی مرض کے عروج پر مجھے کووڈ ہوا تھا، تو انہیں کووڈ نہیں تھا، لیکن وہ پھر بھی میرے ساتھ رہے۔ انہوں نے پورے دن تین ماسک پہنے رکھے، لیکن یہ یقینی بنایا کہ وہ میری دیکھ بھال کریں۔ یہی وہ ہیں’۔

اور خاص طور پر اس مرحلے میں جب میری کینسر کی تشخیص ہوئی تو  انہوں نے سب کچھ چھوڑ کر میری دیکھ بھال کی۔ اس دن سے لے کر اس وقت تک جب ہم پیٹ اسکینز کے نتائج کے لیے سیکنڈز گن رہے تھے، وہ میرے ساتھ رہے۔ ڈاکٹروں سے ملنے سے پہلے سوالات کی فہرست تیار کرنے سے لے کر اپنی تحقیق کرنے تک، تاکہ یہ یقینی بنائیں کہ میں صحیح راستے پر ہوں، انہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔’

اداکارہ اپنے دوست کی ان گنت قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے مزید بتاتی ہیں کہ،’کیموتھراپی کے آغاز سے لے کر آج تک، جب میں ریڈی ایشن کے عمل سے گزر رہی ہوں، وہ میری رہنمائی کی روشنی بنے رہے۔ انہوں نے میری صفائی سے لے کر مجھے کپڑے پہننے تک سب کچھ کیا۔ انہوں نے میرے ارد گرد ایک ناقابل تسخیر حفاظتی ڈھال بنا دی ہے۔یہ سفر، خاص طور پر گزشتہ دو ماہ نے مجھے بہت کچھ سکھایا اور مجھے یہ احساس دلایا کہ  راکی تم میری زندگی کی سب سے بہترین چیز ہو’۔

حنا خان نے راکی سے اظہار محبت کرتے ہوئے اپنے خوبصورت کیپشن کا اسطرح اختتام کیا کہ،’تم نے جس طرح میری مدد کی جب یہ آسان نہیں تھا، مجھے سنوارا اور میرے ارد گرد سب کچھ بہتر بنایا، تم نے مجھے یہ سکھایا کہ پہلے خود سے محبت کرنا ضروری ہے۔ تم نے میرے لیے سانس لینا آسان بنا دیا، دل کی گہرائیوں سے تمہارا شکریہ۔ مجھے معاف کرنا اگر میں نے کبھی تمہیں تکلیف دی ہو، ہم نے پہلے بھی ہنسنا، رونا، اور ایک دوسرے کے آنسو پونچھنا سیکھا ہے، اور اس وقت کے دوران بھی۔ اور ہم اپنی زندگی کے باقی دنوں میں بھی ایسا کرتے رہیں گے۔میں تم سے محبت کرتی ہوں، تم واقعی خدا کا تحفہ ہو’۔

اور آج میں دعا کرتی ہوں کہ ہر عورت کی زندگی میں ایسا نعمتوں بھرا انسان ہو’۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain