جس طرح بھارتی فلمی دنیا میں بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنی اداکاری اور اسٹارڈم کے باعث مشہور ہیں وہیں ان کی ممبئی کے علاقے باندرہ کے وسط میں واقع عالیشان محلاتی رہائش گاہ منت بھی خبروں کا حصہ بنتی رہتی ہے۔
منت کے حوالے سے حالیہ خبر یہ ہے کہ یہ رہائش گاہ جس زمین پر تعمیر کی گئی ہے اس کے لیے حکومت کی جانب سے بھاری رقم وصول کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق اداکار زمین کی ادائیگی سے متعلق حساب کتاب کی غلطی کے بعد مہاراشٹر حکومت سے 9 کروڑ روپے کی واپسی حاصل کریں گے
جب یہ انکشاف ہوا کہ 2019 میں زمین کی لیز کی مد میں زیادہ ادائیگی کی گئی تھی تو اداکار کی جانب سے مہاراشٹر حکومت کو زائد رقم کی واپسی کی درخواست کی گئی تھی جو جلد منظور کر لی جائے گی۔
2,446 مربع میٹر پر پھیلی یہ جائیداد شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے 2001 میں ایک رجسٹرڈ معاہدے کے ذریعے لیز پر دی تھی۔
کلکٹر ستیش باگل نے بتایا شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے باندرہ میں اس جائیداد کی لیز کو ‘کلاس 1 مکمل ملکیت’ میں تبدیل کیا، اور اس کے لیے حکومت کو کچھ پریمیم ادا کیا۔
ریاستی پالیسی کے مطابق، جوڑے نے مارچ 2019 میں زمین کی ریڈی ریکنر قیمت کا 25 فیصد ادا کیا، جس کا حساب اس وقت تقریباً 27.50 کروڑ روپے تھا۔
تاہم، ادائیگی کے جائزے کے بعد حکام نے حساب میں غلطی کی نشاندہی کی اور اب وہ جوڑے کو 9 کروڑ روپے واپس کرنے کے عمل میں ہیں
توقع ہے کہ مہاراشٹر حکومت جلد ہی رقم کی واپسی کو منظوری دے گی، یہ پیش رفت خان خاندان کے لیے ریلیف کے طور پر سامنے آئی ہے، جنہوں نے مقررہ ضوابط کے مطابق ادائیگی کی تھی لیکن رقم ضرورت سے زیادہ پائی۔
دریں اثنا، شاہ رخ خان نے ہمیشہ اس بات کا ذکر کرتے رہے ہیں کہ ‘منت’ ان کی سب سے پسندیدہ جائیدادوں میں سے ایک رہی ہے
2005 میں دی انر ورلڈ آف شاہ رخ خان کے عنوان سے بننے والی دستاویزی فلم میں اداکار نے اسی بارے میں کھل کر کہا تھا کہ ‘اس گھر کی خریداری ان سب سے مشکل کاموں میں شامل ہے جو میں نے اپنی زندگی میں کیے ہیں’۔
انہوں نے بتایا کہ جب میرے والدین کا انتقال ہوا تو میرے پاس کوئی گھر نہیں تھا میں ہمیشہ سے ایک گھر خریدنا چہاتا تھا اور یہ جب خریدا جب میرے بچے پیدا ہوگئے تھے۔
کنگ خان نے کہا تھا کہ ‘یہ میرا خاندانی گھر ہے اور کسی وقت میرے پوتے پڑ پوتے اس گھر میں ایک پرانے پارسی خاندان کی طرح رہیں گے’۔