سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران 6 خوارج ہلاک ہو گئے جب کہ ایک میجر اور سپاہی نے شہادت کا رتبہ پالیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی شب سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں (خوارج) کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے جنرل ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
فورسز کی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج جہنم واصل ہو گئے جب کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر اور ایک سپاہی نے بھی شہادت کا رتبہ پا لیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادر افسر میجر حمزہ اسرار (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی) جو دستے کی قیادت کررہے تھے شہید ہو گئے۔سپاہی محمد نعیم (عمر 26 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نصیر آباد) بھی دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جان قربان کرگئے اور شہادت کو گلے لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہدا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کارروائی میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔