بالی ووڈ اداکار نیل نتن مکیش نے ایک دلچسپ واقعے سے پردہ اٹھایا ہے جب ان کی بہت زیادہ گوری رنگت نے انھیں مشکل سے دوچار کردیا تھا۔
مشہور گلوکار مکیش کے بیٹے بالی ووڈ اسٹار نیل نتن مکیش نے ایک حیران کن واقعہ شیئر کیا ہے جو ان کے ساتھ نیویارک ایئرپورٹ پر پیش آیا تھا۔
نیل نتن مکیش، جو اپنی دلکش شخصیت اور وجاہت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، انھیں صرف اس وجہ سے حراست میں لے لیا گیا تھا کہ وہ ’’بہت گورے‘‘ نظر آ رہے تھے اور امیگریشن حکام کو یقین نہیں ہو رہا تھا کہ وہ بھارتی ہیں۔
یہ واقعہ 2009 میں فلم ’’نیویارک‘‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا۔ جب وہ نیویارک ایئرپورٹ پر پہنچے تو امیگریشن افسران نے انہیں روک لیا اور ان سے بھارتی ہونے کے ثبوت مانگے۔ نیل نتن مکیش کے پاس بھارتی پاسپورٹ تھا لیکن افسران کو اس پر یقین نہیں ہوا۔
نیل نے بتایا کہ انہیں کئی گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا اور ان سے سخت سوالات پوچھے گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اپنی صفائی دینے کا موقع بھی نہیں ملا۔
جب آخرکار انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ انہیں گوگل پر سرچ کرلیں تو افسران حیران رہ گئے۔ پھر انہوں نے نیل کے خاندان کے بارے میں سوالات کرنے شروع کیے۔