بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ممتا کلکرنی نے 10 کروڑ کے عوض مذہبی عہدہ ’ماہا منڈلیشور‘ حاصل کرنے کی افواہوں کو مسترد کر دیا۔
سابق بھارتی اداکارہ ممتا کلکرنی نے ایک حالیہ انٹرویو میں پیسوں کے زریعے ماہا منڈلیشور کا عہدہ لینے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کردی ہے، اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس 1 کروڑ نہیں وہ 10 کروڑ کی ادائیگی کہاں سے کریں گی؟
انہوں نے وضاحت کی کہ ’یہ سوچنا بھی غلط ہے کہ میں 10 کروڑ روپے دے سکتی ہوں، میرے پاس تو 1 کروڑ بھی نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جب مجھے ماہا منڈلیشور بنایا گیا تو میں نے 2 لاکھ روپے کسی سے ادھار لے کر اپنے گرو کو دیے‘۔
حال ہی میں سنیاس لینے والی ممتا کلکرنی نے ایک انٹرویو میں فلم ’کرن ارجن‘ کے سیٹ پر پیش آنے والے ایک واقعے کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان شوٹنگ کے دوران ان سے مذاق کیا کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ڈانس سین کے دوران شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ان کے ساتھ ڈانس کرنا تھا، لیکن ڈانس ڈائریکٹر نے بتایا کہ اس مخصوص شوٹ میں وہ اکیلی ہی ہوں گی۔ اگلے دن انہوں نے اپنے ڈانس اسٹیپس ریکارڈ کروائے، بعد میں پتہ چلا کہ دونوں خانز پیچھے جھاڑیوں میں چھپ کر ان پر ہنس رہے تھے۔
ممتا کلکرنی نے مزید بتایا کہ ان کے شاٹس مکمل ہونے کے بعد اگلا سین شاہ رخ خان اور سلمان خان کا تھا، جس میں انہیں گھٹنوں کے بل ڈانس کرنا تھا۔ اس وقت تقریباً 5 ہزار افراد شوٹنگ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس سین کے دوران ایک کے بعد ایک ری ٹیک ہوتا رہا، یہاں تک کہ 25 ری ٹیک ہو گئے، جس کے بعد فلم کے پروڈیوسر راکیش روشن نے تنگ آ کر شوٹنگ ہی منسوخ کر دی۔
ممتا کلکرنی نے یہ بھی کہا کہ دونوں میں سے سلمان خان زیادہ شرارتی ہیں۔