قومی ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کی یہی سچائی ہے اور ان کا اسکلز کا یہی لیول ہے، ہم اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی خاطر لوگوں کو جھوٹ بولتے رہے لیکن ان میں وہ صلاحیت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ٹیم میں گروپنگ سمیت وہ تمام حرکتیں کیں جو ٹیم کا ماحول خراب کرسکتا ہے، یہ کپتانی کے چکر میں آپس میں لڑتے رہے، ایک دفعہ ٹیم میں جب یہ چیزیں آجاتی ہیں تو وہ ٹیم سے نہیں نکلتیں۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ہی کھیل رہ گیا تھا جسے سب شوق سے دیکھتے تھے، آج اس کا جنازہ بھی نکال دیا ہے، گزشتہ دو آئی سی سی ایونٹس میں ہماری یہ ٹیم پہلے ہی مرحلے سے باہر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب، جیو نیوز کے ایک اور پروگرام میں تجزیہ کار سکندر بخت کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی مار کھانے کے بعد ہنس رہے ہیں، یہ ویڈیو شوٹ تو نہیں ہورہا ہے جو چھکا کھانے کے بعد آپ دانت نکال رہے ہیں، کچھ غصہ تو دکھائیں، روہت شرما پلان کرکے آیا تھا کہ میں باہر نکل کے ماروں گا جس میں وہ کامیاب ہوگئے۔