تازہ تر ین

’کام دکھاؤ یا گھر جاؤ‘ ایلون مسک کی سرکاری ملازمین کو دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور ٹیک کمپنیوں کے ارب پتی مالک ایلون مسک نے سرکاری ملازمین کو سوشل میڈیا پر انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’تمام امریکی وفاقی ملازمین کو اپنے کام کا جواز پیش کرنا ہوگا بصورت دیگر وہ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے‘۔

ایلون مسک کی جانب سے اپنے ایک ’ایکس‘ پوسٹ میں کہا گیا کہ وفاقی ملازمین کو ایک ای میل موصول ہوگی جس کے جواب میں انہیں ایک وضاحتی ای میل بھیجنا ہوگی کہ انہوں نے پورے ہفتے کیا اور کتنا کام کیا ہے۔

امریکا کے محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE)کے رکن ایلون مسک نے مزید کہا کہ ای میل کا جواب نہ دینے والے وفاقی ملازمین کو مستعفی سمجھا جائے گا۔

ایلون مسک کا یہ بیان صدر ٹرمپ کی جانب سے حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے ’زیادہ جارحانہ‘ اقدامات کرنے کے دباؤ کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹرمپ کے سب سے بڑے ڈونر ایلون مسک سرکاری ملازمین کی بڑے پیمانے پر برطرفیوں کے رجحان کا ایک فعال فریق ہیں۔

وفاقی ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ تقریباً 5 نکات میں گذشتہ ہفتے مکمل کیے گئے کام کی تفصیل جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

یہ ای میل امریکی دفتر برائے پرسنل مینجمنٹ (او پی ایم) کی جانب سے بھیجی جائے گی جس کا عنوان ’آپ نے گذشتہ ہفتے کیا کیا؟‘ ہوگا۔

دوسری جانب امریکی وفاقی ملازمین کی سب سے بڑی یونین، امریکن فیڈریشن آف گورنمنٹ ایمپلائیز (اے ایف جی ای) نے کسی بھی غیر قانونی برطرفی کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔

یونین کے صدر ایورٹ کیلی نے ایلون مسک کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ لاکھوں سابق فوجیوں کے ساتھ ایک ظالمانہ اور توہین آمیز رویہ ہے جو سول سروس میں اپنی خدمات فراہم کر ہیں، ان سے اپنے فرائض کا جواز طلب کرنا ایک ایسے بے حس، مراعات یافتہ اور غیر منتخب ارب پتی کے ہاتھوں توہین کے مترادف ہے، جس نے اپنی زندگی میں ایک گھنٹہ بھی ایمانداری سے عوام کی خدمت نہیں کی‘۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain