سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا سحری کے دوران گیس کی فراہمی کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے اور پریشر کی کمی برقرار ہے۔
ایس ایس جی سی نے سسٹم میں آر ایل این جی مکس کرکے گیس کے پریشر کو مستحکم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن اس کے باوجود شہریوں کو گیس کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیرِ اعظم کے نوٹس لینے کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی کمی برقرار ہے، جس میں جیکب لائن، نارتھ کراچی، سرسید ٹاون، کلیانہ ٹاون، یو پی سوسائٹی، خواجہ اجمیر نگری، گلستانِ جوہر، سرجانی، گلبہار، سعود آباد، گڈاپ، کاٹور اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
ان علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث شہریوں خصوصاً خواتین کو سحری کی تیاری میں مشکلات پیش آئیں۔
ایس ایس جی سی شہر میں گیس کے پریشر کو برقرار رکھنے میں ناکام ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے عوامی سطح پر شدید ناپسندیدگی اور پریشانی کا سامنا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی نہ ہونے سے روزمرہ کے کاموں میں خلل پڑ رہا ہے اور سحری کے اوقات میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔