بالی ووڈ اداکارہ اور رئیلٹی ٹی وی شو ‘ہِپ ہاپ انڈیا’ کی جج ملائکہ اروڑا نے 16 سالہ نوجوان کنٹسٹنٹ کو رقص کے دوران نامناسب اشارے کرنے پر ڈانٹ پلا دی۔
14 مارچ کو نشر ہونے والی رئیلٹی ٹی وی ڈانس شو میں اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے کنٹسٹنٹ نوین شاہ نے اپنے آڈیشن کے دوران، 51 سالہ ملائکہ کی طرف آنکھ مارنے اور فلائنگ کِس سمیت کئی نازیبا اشارے کیے جس پر ملائکہ طیش میں آگئیں۔
بظاہر پریشان نظر آتی ملائکہ نے اس پرفارمنس کے بعد نوعمر لڑکے کو یہ واضح کیا کہ اس کا رویہ ناقابل قبول ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے اپنی ماں کا فون نمبر دو، تم ایک 16 سال کے بچے ہو ناچتے ہوئے، میری طرف دیکھ رہے ہو آنکھ مار رہے ہو‘۔
شو کے شریک جج اور معروف کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا نے صورتحال کو ہلکے پھلکے انداز میں سنبھالنے کی کوشش کی اور مذکورہ کنٹسٹنٹ سے پوچھا کہ وہ اپنی ماں پر گیا ہے یا باپ پر؟ تاہم دیگر کنٹسٹنٹ نے ملائکہ کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ انکا مذکورہ کنٹسٹنٹ کو ڈانٹنا بالکل صحیح تھا۔
بعدازاں مذکورہ کنٹسٹنٹ کے والد کو اسٹیج پر بلایا گیا، اپنے بیٹے کے رویے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ ‘یہ دیکھنے معصوم نظر آتا ہے، لیکن رات بھر لڑکیوں کے ساتھ موبائل پر لگا رہتا ہے’۔
ملائکہ کی یہ ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
بہت سے صارفین نے ملائکہ کو عوامی پلیٹ فارم پر نامناسب رویے کیخلاف فوری اسٹینڈ لینے پر سراہا۔
تاہم کئی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ سب صرف پبلسٹی اسٹنٹ ہے اور طے شدہ اسکرپٹ کے تحت معاملے کو موڑ توڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔
ملائکہ کی ازدواجی زندگی:
یاد رہے کہ اداکارہ ملائیکہ قبل ازیں سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے شادی شدہ تھیں جن سے ان کا ایک بیٹا ارہان ہے۔
تاہم ان دونوں نے مئی 2017 میں باضابطہ طور پر طلاق لے لی تھی اور اس علیحدگی کے بعد ملائکہ کا نام ارجن کپور سے جڑا، سال 2018 میں انہوں نے ارجن کپور سے اپنا ریلیشن شپ آفیشل کردیا تھا۔
وہیں دوسری جانب ارباز خان نے میک اپ آرٹسٹ شورا خان سے دوسری شادی کرکے نئی زندگی کی شروعات کرلی۔
تاہم 7 سال تک ڈیٹ کرنے کے بعد مبینہ طور پر سال 2024 میں ملائکہ اور ارجن کے راستے جدا ہوگئے۔