تازہ تر ین

علی ترین PSL ترانوں پر برہم ہر سال وہی چہرے، وہی آواز… PSL کے گانے کب بدلیں گے؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا ترانہ پیش کرنے کیلئے ایک بار پھر معروف گلوکار علی ظفر کو منتخب کر لیا گیا ہے، تاہم اس فیصلے پر ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ سیزن 10 کے آفیشل اینتھم کی دھن تیا ر کر لی ہے اور گانا جلد ہی ریلیز کیا جائے گا جسکا کرکٹ شائقین کو نہایت بےصبری سے انتظار ہے۔

پی ایس ایل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پی ایس ایل 10 کے ترانے کا ایک پوسٹر جاری کیا گیا ہے جس میں علی ظفر کو نقاب میں دیکھا جا سکتا ہے۔

البتہ پی ایس ایل کا ترانہ ہر بار علی ظفر کی آواز میں ریلیز کیے جانے پر علی ترین نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ملتان سلطانز کے مالک نے اپنے اعتراض کا اظہار کُھل کر کر دیا۔

علی ترین نے اپنی انسٹا اسٹوری میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ پی ایس ایل نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے بجائے ایک ہی فنکار پر انحصار کیوں کرتا ہے؟

(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)

(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)

انہوں نے مزید لکھا کہ ‘پاکستان کے پاس بہت سارے حیرت انگیز فنکار ہیں، پھر بھی تقریباً آدھے سے زیادہ ترانے ایک ہی ادھیڑ عمر کے گلوکار کو دے دیے گئے، حالانکہ فرنچائزز کو بھی مذکورہ فنکار کے حوالے سے خدشات ہیں’۔

علی ترین نے لکھا ہے کہ ‘وہ اسے اب تک کا سب سے بڑا پی ایس ایل قرار دے رہے ہیں لیکن پھر بھی بار بار اُنہی ری سائیکل شدہ آوازوں کو موقع دے رہے ہیں’۔

یاد رہے کہ علی ظفر متعدد بار پی ایس ایل کا ترانہ گا چکے ہیں جسے شائقین کرکٹ کی جانب سے بےحد پسند بھی کیا گیا۔

پہلا سیزن

پی ایس ایل کا پہلا سیزن 2016 میں کھیلا گیا جس کا اینتھم ’’ اب کھیل کے دکھا‘‘ علی ظفر نے گایا جو شائقین کرکٹ میں کافی پسند کیا گیا۔

دوسرا سیزن

2017 میں پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کیلئے علی ظفر نے ’سیٹی بجے گی، کھیل جمے گا‘ گانا گایا جو کہ شائقین کرکٹ کے دل میں آج بھی بجتا ہے ، اس گانے کو نہ صرف پاکستان بلکہ سرحدوں پار بھی بے حد سراہا گیا۔

تیسرا سیزن

2018 میں علی ظفر نے ایک مرتبہ پھر شائقین کرکٹ کے دلوں کو چھولینے والا ترانہ ’دل سے جان لگا دے‘ گایا۔

چوتھا سیزن

2019 میں پی سی بی نے علی ظفر کی بجائے ابھرتے ہوئے نوجوان گلوکار ‘ینگ دیسی’ اور معروف گلوکار و اداکار فواد خان کی خدمات حاصل کیں جنہوں نے ’ کھیل دیوانوں کا ‘ کا گایا، یہ گانا بھی شائقین میں کافی مقبول ہوا۔

پانچواں سیزن

2020 میں پی ایس ایل کے ترانے کیلئے معروف گلوکاروں کو منتخب کیا گیا جن میں علی عظمت، عارف لوہار جیسے لیجنڈز کے ساتھ نوجوان سنگرز ہارون، عاصم اظہر کا انتخاب کیا گیا، اِن تمام گلوکاروں نے مل کر ’تیار ہیں‘ کمپوز کیا اور گایا۔

چھٹا سیزن

2021 میں پی سی بی نے پاکستان کی لیجنڈ گلوکارہ نصیبو لال کی خدمات حاصل کی گئیں جبکہ ان کا بھر ساتھ ینگ سٹنرز اور آئمہ بیگ نے نبھایا،’’ گروو میرا‘‘ گانا عدنان دھول کی جانب سے لکھا گیا جبکہ اسے کمپوز زلفی نے کیا۔

ساتواں سیزن

ساتویں سیزن میں کرکٹ بورڈ کی جانب سےبین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا انتخاب اور آئمہ بیگ کا انتخاب کیا گیا۔ دونوں نے مل کر اینتھم ’ آگے دیکھ ‘ گایا ۔

آٹھواں سیزن

پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن میں’ سب ستارے ہمارے‘ کے نام سے اینتھم عاصم اظہر ، شائے گل اور فارس شفیع نے گایا۔

نواں سیزن

گزشتہ اور نویں سیزن میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر علی ظفر کی خدمات حاصل کیں جبکہ ان کا ساتھ بھر پور انداز میں آئمہ بیگ نے نبھایا ، اس گانے کا نام ’ کھل کر کھیل‘ تھا جو کہ شائقین میں بے حد مقبول ہوا۔

واضح رہے کہ ‘پاکستان سپر لیگ سیزن 10’ کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، ایونٹ کے تمام میچز 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain