کترینہ کیف فطرتاً ایک فیشن آئیکون ہیں اور اپنے لباس کے انتخاب میں اس کا مظاہرہ کرنے سے نہیں کتراتیں۔ ہر لباس میں ایک منفرد انداز پیش کرنے والی یہ اداکارہ خاص طور پر اپنے روایتی ملبوسات سے مداحوں کی توجہ حاصل کرتی ہیں۔
عید 2025 کا تہوار، اسٹائل آئیکون کترینہ کیف کے بنا کیسے مکمل ہو سکتا ہے؟ کترینہ ہر موقع پر اپنے فیشن سینس سے مداحوں کے دل جیت لیتی ہیں، اور اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔
کترینہ نے عید کے لیے ایک نہایت دلکش اور روایتی انداز اپنایا، جو فیشن کے دیوانوں کے لیے کسی ٹریٹ سے کم نہیں۔
ہمیشہ اسٹائل کو منفرد رکھنے والی، اور ہر لباس میں خاص دکھنے والی کترینہ نے اس بار عید کے لیے ایک نہایت خوبصورت سوٹ کا انتخاب کیا۔ یہ شاندار جوڑا معروف ڈیزائنر ‘کرن تورانی’ کا ڈیزائن کردہ ہے، جس کی قیمت تقریباً 48 ہزار 500 بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔
کترینہ نے عید پر ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا۔ ہلکے سبز رنگ کا یہ جوڑا ان کی شخصیت پر خوب جچ رہا ہے۔ اگر بات کریں قمیص کی، تو یہ لانگ لائن اسٹائل میں ہے اور میش فیبرک کی تہہ سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ سب سے خاص بات اس پر سفید دھاگے کا خوبصورت کام اور لمبی بازوؤں پر کیا گیا ڈیٹیلنگ ہے، جو اسے مزید دلکش بناتا ہے۔
مداحوں کے دل جیتنے والی، کترینہ نے اپنے اس روایتی لک میں سادگی کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے اس خوبصورت قمیص کے ساتھ ایک نرم کپڑے کی سیدھی پینٹ پہنی، جس کے کنارے پر سفید لیس کا کام تھا، جو اس لباس کی نفاست کو مزید بڑھا رہا تھا۔
ایک روایتی لک میں دوپٹہ شامل نہ ہو، ایسا ہو ہی نہیں سکتا، کترینہ نے اپنا دوپٹہ خوبصورتی سے پیچھے کی طرف رکھا، جو ان کی شخصیت میں اور بھی نفاست کا اضافہ کر رہا تھا۔ اس دوپٹے میں سفید پولکا ڈاٹس اور کنارے پر لیس کا ڈیزائن تھا، جو پورے جوڑے کے ساتھ پرفیکٹ میچ کر رہا تھا۔
انہوں نے اپنے لک کو مکمل کرنے کے لیے سونے کے شیڈ میں لمبے ایئر رنگز چُنے، جو ان کے انداز کو مزید شاندار بنا رہے تھے۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایک بڑا سا رنگ بھی پہنا، جو ان کے فیشن سینس کو مزید واضح کر رہا تھا۔
جہاں تک میک اپ کا تعلق ہے، تو ہمیشہ کی طرح، کترینہ نے اپنے فطری حسن کو نمایاں رکھنے کے لیے ایک کم سے کم میک اپ لک اپنایا۔ ایک ہائیڈریٹڈ بیس کے ساتھ، ان کے چہرے پر ایک خوبصورت گلو نظر آ رہا تھا۔ ہلکی سی بلش، برونزر اور گلابی لپ اسٹک نے ان کے چہرے کو اور بھی نکھار دیا۔ آنکھوں پر نرم شیڈو اور لمبی گھنی پلکوں نے ان کے معصومانہ لک میں مزید جادو بھر دیا۔