تازہ تر ین

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔

امتحانات کے دوران ضروری امتحانی سامان کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے، جس کے تحت بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر امتحانی پرچے پہنچا رہے ہیں۔

سینٹر کنٹرول افسران ان پرچوں کو متعلقہ امتحانی مراکز تک پہنچائیں گے، اور یہ تمام افسران پرچے کے دوران سینٹرز میں موجود رہیں گے۔

امتحانات میں شریک 3 لاکھ 75 ہزار طلباء و طالبات کے لیے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 256 مراکز طلباء کے لیے اور 243 مراکز طالبات کے لیے مخصوص ہیں۔

یہ مراکز شہر کے مختلف 18 ٹاؤنز میں قائم کیے گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران طلباء کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ موبائل فون اپنے ہمراہ نہ لائیں، کیونکہ خلاف ورزی کی صورت میں موبائل فون ضبط کر لیا جائے گا۔

تعلیمی بورڈ کی جانب سے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھے گئے ہیں، اور مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ دوران امتحان فوٹو اسٹیٹ مشینیں بند رکھی گئی ہیں۔

بورڈ نے امتحانات کی نگرانی کے لیے رپورٹنگ سیل قائم کیا ہے اور نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

بورڈ کے عملے کی جانب سے امتحانات کے دوران مکمل نگرانی کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کر کے رپورٹنگ سیل میں جمع کرائی جائے گی۔

امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ ہو، اس لیے بورڈ نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے تحریری درخواست بھی کی ہے۔

بورڈ آفس کی جانب سے آن لائن ایڈمٹ کارڈ اور امتحانی مراکز کی فہرست جاری کی گئی ہے، اور ویجیلنس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی۔

کچھ اسکولوں نے امتحانی مراکز تبدیل کرنے کی درخواست بھی دی تھی، جنہیں ناظم امتحانات نے منظور کیا ہے۔ ان اسکولوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ نئے امتحانی مراکز کی فہرست بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔

بورڈ کی جانب سے طلباء و طالبات کو یہ سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے کہ جو امیدوار اپنے امتحانی مرکز پر وقت سے پہلے نہ پہنچ سکیں، وہ اپنی سہولت کے مطابق مرکز میں پہنچ سکتے ہیں۔

امتحانات کے شیڈول کے مطابق صبح کی شفٹ میں دہم جماعت کا کمپیوٹر اسٹڈیز جبکہ دوپہر کی شفٹ میں جنرل سائنس کا پرچہ لیا جائے گا، جس کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain