ملائیشیا کی ایئر ایشیاایکس نے کراچی سے کوالمپور کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کرنے کا اعلان کردیا۔رپورٹ کے مطابق 30 مئی سے شروع ہونے والی پروازوں کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا گیا، ٹکٹ کی قیمت 55 ہزار 800 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے اپنی پروازوں کے ذریعے سالانہ ایک لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولیات کی فراہمی کا ٹارگٹ مقررکیا گیا ہے۔
کراچی سے کوالالمپور کے دوطرفہ پروازیں پیر،بدھ،جمعہ اور اتوار کو آپریٹ کی جائیں گی۔
قبل ازیں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے ملائیشیا کے قونصل جنرل Herman Hardynata Ahmad کے ہمراہ 7 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایئر ایشیاءکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی شامل تھے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ملائیشیا ءدوطرفہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں، ایئر ایشیاءکے آپریشن سے دوطرفہ تجارت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
قونصل جنرل نے کہا کہ ایئر ایشیاء 30 مئی 2025ء سے پاکستان میں اپنا آپریشن شروع کرے گی، ایئرایشیاء کے آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔