بھارتی ٹی وی اداکار پرتھ سمتھان پانچ سال بعد ٹیلی ویژن انڈسٹری میں واپسی کے لیے تیار ہیں، لیکن ان کا نیا پروجیکٹ ایک چیلنجنگ کردار کے ساتھ جڑا ہوا ہے وہ مشہور کرائم شو سی آئی ڈی میں اے سی پی کا کردار ادا کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتھ کو مشہور کرائم شو ’سی آئی ڈی‘ میں اے سی پی پردیومن کا کردار آفر کیا گیا ہے، جو پہلے شیوای ستم نے نبھایا تھا اور وہ اپنے اس کردار کے لیے بےحد مشہور ہیں اور ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی موجود ہے۔
پرتھ سمتھان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے یہ کردار قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کردار سے خود کو جوڑ نہیں پائے تھے، جس کی وجہ سے وہ ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ شو کی طویل عرصے سے موجود کاسٹ اور اس میں انہیں ’سر‘ کہہ کر مخاطب کیا جانا بھی ان کے لیے ایک عجیب اور غیرمعمولی تجربہ محسوس ہوا، جس کی وجہ سے انہوں نے پہلے کردار سے انکار کیا تاہم، شو کے تخلیق کاروں نے انہیں دوبارہ غور کرنے کے لیے کہا، جس کے بعد پرتھ نے اس پیشکش پر دوبارہ سوچا اور پھر ہاں کردی۔
پرتھ کی سالوں بعد ٹی وی اسکرین پر ایک مشہور کردار کی وجہ واپسی پر ان کے مداحوں کی جانب سے خاصی توجہ مل رہی ہے اور وہ ایک زبردست کم بیک کی توقع کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پرتھ اس سے قبل کسوٹی زندگی کی 2 سمیت کئی بھارتی ٹی وی ڈراموں میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔