تازہ تر ین

کراچی سٹیڈیم خالی، تماشائی بڑھانے کے لیے ارسلان نصیر کی انوکھی تجویز

کراچی میں چاہے ورلڈ کپ کا فائنل بھی کیوں نہ ہوجائے اور فائنل کھیلنے والی ٹیمیں بھی پاکستان اور انڈیا کی ہوں تب بھی کراچی کے تین کروڑ شہری اسٹیڈیم کا رخ نہیں کریں گے اور گھر بیٹھ کر چھوٹی اسکرین پر میچ دیکھنے کا لطف اٹھائیں گے۔

ہائی وولٹیج میچوں میں کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی خالی کرسیوں کو دیکھ کر ایک طرف دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹ شائقین مایوسی کا اظہار کرتے ہیں تو دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر بھی اس پر تنقید کی جاتی ہے۔

آج کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کا ہائی وولٹیج میچ کھیلا جارہا ہے لیکن میچ میں کراچی کی ٹیم ہونے کے باوجود بھی اسٹیڈیم میں موجود خالی کُرسیاں منہ چڑا رہی ہیں۔

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ گراونڈ میں تِل دھرنے کی جگہ بھی نہ ہوتی جیسا کہ انڈین کرکٹ لیگ کے میچز میں ہوتا ہے لیکن پھر بھی ماضی کی طرح کراچی والوں نے اسٹیڈیم کا رخ نہ کرنے میں ہی عافیت جانی۔

اس صورتحال میں معروف کانٹینٹ کریئیٹر اور اداکار ارسلان نصیر نے ایک انوکھی تجویز پیش کردی۔

ارسلان نصیر اپنے بے باک تبصروں اور اس پر مزاحیہ تڑکا لگانے کے باعث جانے جاتے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ گراونڈ میں مقبول گیم شو ’جیتو پاکستان‘ کی طرز پر 3 موٹرسائکلیں رکھوا دو ، جس سے گراونڈ بھر جائے گا۔

کراچی اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرنے کیلئے ارسلان نصیر کی انوکھی تجویز

ویسے تو یہ ارسلان نصیر کا طنز بھرا انسٹاگرام اسٹیٹس تھا لیکن انہوں نے اس کڑوی حقیقت کی نشاندہی کردی ہے کہ انعامات دینے والے شوز میں عوام کا تانتا بندھا ہوا ہوتا ہے اور ہر کوئی ان شوز کے پاس حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے کوئی گراونڈ کا رخ کرنے کو تیار نہیں ہے۔

دہشتگردی کے واقعات کے باعث پورے ملک کے اسٹیڈیمز میں ایک طویل عرصے تک ویرانی رہی ہے اور جب ملک میں کرکٹ شروع ہوئی تو سیکیورٹی کے سخت انتظامات نے شہریوں کو زچ کردیا اور کئی لوگوں نے اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے سے توبہ کرلی ۔

لیکن اب چونکہ حالات بہتر ہورہے ہیں، اس بار چیمپئنز ٹرافی میں جتنے بھی میچز کھیلے گئے ان میں ماضی کے برعکس روڈ کی بندش نہیں کی گئی اور اسٹیڈیم کے قریب ہی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے لیکن پھر بھی کراچی کے لوگ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے پر آمادہ نظر نہیں آتے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain