تازہ تر ین

ایسٹر کی کہانی – مسیحی تہوار کی دلچسپ تاریخ جانئے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔

صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے ایسٹر پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد دی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے مثبت کردار کو لائق تحسین قرار دیا۔

پاکستان بھر میں ایسٹر کے موقع پرگرجا گھروں کے باہر سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے ہیں، طلوع آفتاب سے قبل کینڈل لائٹ جلوس نکالے گئے، گرجاگھروں میں ایسٹرکی عبادات کا سلسلہ جاری ہے جن میں ملک و قوم کے استحکام اور امن و بھائی چارے کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

صدر مملکت کا پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا وہ مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت ہے، مسیحی برادری نے ہمیشہ ملکی ترقی میں نمایاں کرداراداکیا، صدر مملکت نے اقلیتوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کےلیے کام کرتے رہنے کا عزم ظاہرکیا۔

وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ دن ہمیں حضرت عیسیٰ کی حیات طیبہ اور تعلیمات کی یاددلاتاہے، رحمت، انکساری اور محبت آج بھی انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مسیحی برادری پُر امن، خوشحال اور متحد پاکستان کی تشکیل میں فعال کردار جاری رکھے گی۔

ایسٹر کی دلچسپ تاریخ

دنیا بھر میں مسیحی برادری ہر سال موسمِ بہار کے آغاز پر یہ مقدس تہوار ‘ایسٹر’ مناتی ہے جو ان کے ایمان کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔

‘ایسٹر’ تہوار حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو صلیب پر چڑھائے جانے کے بعد جی اُٹھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

بائبل کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا جسم جمعے کے روز صلیب سے اتار کے دفن کر دیا گیا تھا، ان کا جسم ایک غار میں رکھا گیا تھا اور غار کے منہ کو پتھر سے ڈھک دیا گیا تھا۔

روایات کے مطابق جب چند لوگ ایک دن بعد یعنی اتوار کو اس غار پہ آئے تو انہوں نے دیکھا کہ وہ غار پتھر سے ڈھکا ہوا نہیں تھا اور غار خالی تھی، جس کے سبب ان کی دوبارہ زندگی کا قیاس کیا گیا، تب سے یہ دن اس واقعے کو یاد کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

ایسٹر کی تاریخ کیسے طے ہوتی ہے؟

ایسٹر کی تاریخ ہر سال مختلف ہوتی ہے کیونکہ یہ قمری کلینڈر کے مطابق منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار موسمِ بہار کے پہلے مکمل چاند کے بعد آنے والے اتوار کو منایا جاتا ہے، جو عام طور پر مارچ کے آخر سے اپریل کے آخر تک آ سکتا ہے۔

ایسٹر ایگز اور خرگوش کس چیز کی علامت ہیں؟

ایسٹر کی تقریبات میں انڈے اور خرگوش کی ایک خاص علامتی حیثیت ہے، انڈا زندگی اور نئی ابتدا کی علامت ہے، جبکہ خرگوش افزائش اور خوشی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

بچوں کے لیے ایسٹر ایگ ہنٹ (Easter Egg Hunt) یعنی رنگین انڈے تلاش کرنے کا کھیل ایک خاص کشش رکھتا ہے، چاکلیٹ ایگز، خرگوش کی شکل کی مٹھائیاں اور رنگ برنگے تحفے ایسٹر کو ایک خوشیوں بھرا تہوار بنا دیتے ہیں۔

پاکستان میں ایسٹر

پاکستان میں مسیحی برادری ایسٹر کو بہت عقیدت و احترام سے مناتی ہے، چرچز کو سجایا جاتا ہے، خصوصی عبادات ہوتی ہیں اور لوگ ایک دوسرے کو خوشی کی مبارکباد دیتے ہیں۔

اس موقع پر مسیحی برادری کھانے، میل جول اور خیرات کے ذریعے خوشیاں بانٹتی ہے، لاہور، کراچی، فیصل آباد اور دیگر بڑے شہروں میں ایسٹر کی تقریبات مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کی عمدہ مثال پیش کرتی ہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain