تازہ تر ین

شادی سے خوف آتا ہے، کومل عزیز

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی دلکش اداکارہ کومل عزیز خان نے مداحوں سے اپنی شادی کے حوالے سے اہم انکشاف کردیا۔

کومل عزیز خان  حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی پرسنل لائف اور کریئر کے مختلف پہلوؤں  پر کھل کر بات کی۔

تاہم انٹرویو کے دوران اداکارہ کی جانب سے اپنی شادی کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پروگرام کی میزبان کی جانب سے فوبیا(خوف) سے متعلق کیے جانے والے سوال پر اداکارہ کومل عزیز نے انکشاف کیا کہ انہیں شادی سے ڈر لگتا ہے۔

میزبان نے کومل عزیز سے پوچھا کہ ‘انہیں کس چیز سے خوف آتا ہے؟ سوال کو جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ‘وہ بہت بہادر ہیں اور انہیں کسی بھی چیز سے ڈرانا مشکل ہے۔

تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک چیز ایسی ہے جس سے انہیں خوف محسوس ہوتا ہے اور وہ ہے شادی اسی لیے انہوں نے ابھی تک شادی نہیں کی۔

کومل عزیز نے مزید کہا کہ ‘وہ دھرنے پر کھڑی ہو سکتی ہیں، لڑائیاں کر سکتی ہیں اور کاروبار بھی چلا سکتی ہیں لیکن شادی ایک مشکل کام ہے‘۔

شادی سے ڈرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کومل کا کہناتھا کہ انہوں نے بڑے ہوتے ہوئے جو شادیاں دیکھیں وہ بہت بری تو نہیں تھیں لیکن ایسی بھی نہیں تھیں کہ انہیں دیکھنے کے بعد ان کا دل چاہے کہ زندگی میں یہی ایک کام کرنا ہے۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی پہلی ترجیح خود مختار ہونا اور اپنے پیسے خود کمانا ہے اور وہ اس کے بعد ہی وہ  شادی کے بارے میں سوچیں گی۔

کومل عزیز نے یہ بھی بتایا کہ ان کے دفتر میں کام کرنے والی بہت سی لڑکیاں شادی کے بعد اپنا کام چھوڑ دیتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں یہ خوف لاحق تھا کہ شادی کے بعد ان کی خودمختاری پر آنچ آئے گی۔

تاہم ان کے اپنے خاندان میں ایسا نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ ڈر آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں  کومل نے کہا تھا  کہ وہ خود سے زیادہ کمانے والے اور کامیاب شخص سے شادی کریں گی تاکہ ان کی شادی کامیاب ہو۔

اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کی شادی نہ ہونے کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ انہوں نے ہونے والے شوہر سے متعلق اعلیٰ سطح کی ترجیحات طے کر رکھی ہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain