بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے مشہور زمانہ بنگلے ‘منت’کو بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کے لیے وقتی طور پر خالی کر دیا ہے۔
شاہ رخ خان اپنی اہلیہ گوری خان اور تینوں بچوں، آریان، سُہانا اور ابرام کے ساتھ 2 سال کیلئے ممبئی کے پوش علاقے ‘پالی ہِل’ کے ایک عالیشان فلیٹ میں منتقل ہو چکے ہیں۔
یہ نہ صرف شاہ رخ خان اور انکے خاندان کی زندگی میں ایک بڑی تبدیلی ہے بلکہ ‘منت’ کے اطراف میں مقامی دکانداروں اور کاروباری افراد کے لیے بھی تشویش کا باعث بن گئی ہے، جنہیں اب گاہکوں کی تعداد میں کمی کا سامنا ہے۔
منت، جو طویل عرصے سے ممبئی کی ایک سیاحتی پہچان بن چکا تھا، روزانہ سیکڑوں مداحوں کو اپنی جانب کھینچتا رہا ہے۔
یہاں آنے والے لوگوں کو امید ہوتی تھی کہ شاید شاہ رخ کی ایک جھلک مل جائے یا کم از کم ان کی گاڑی ہی آتے جاتے نظر آ جائے۔
شاہ رخ خان کے مداحوں کا یہی ہجوم نزدیک موجود کھانے پینے کے اسٹالز، آئس کریم پارلرز اور دیگر چھوٹے کاروباروں کے لیے آمدن کا بڑا ذریعہ بنے ہوئے تھے۔
تاہم جب سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ شاہ رخ خان اب ‘منت’ میں قیام پذیر نہیں تو انہیں دیکھنے آنے والے مداحوں کی آمد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جسکے سبب مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان کے کاروبار پر براہِ راست اثر پڑا ہے۔
ایک آئس کریم فروش نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘بہت فرق پڑا ہے، اب شاہ رخ رہتے بھی نہیں ہیں اور یہ پبلک کو پتا چل گیا ہے تو پبلک کم آ رہی ہے’۔
ایک اور دکاندار نے بھی اسی قسم کی رائے دی کہ ‘بہت فرق پڑا ہے، پہلے پبلک آتی تھی اور رکتی بھی تھی، اب جیسے ہی ان کو پتا چلا ہے کہ وہ نہیں رہتے یہاں تو لوگوں کا آنا بھی کم ہو گیا ہے’۔
دکاندار نے مزید کہا کہا ‘شاہ رخ ہے تو منت ہے، نہیں تو یہ کچھ بھی نہیں ہے’۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے فلم پروڈیوسر واشو بھگنانی سے ‘پالی ہِل’ کے ایک شاندار رہائشی عمارت کی 4 منزلیں کرائے پر حاصل کی ہیں۔
اس پراپرٹی کے شریک مالکان میں اداکار جیکی بھگنانی اور دیپ شیکھا دیشمکھ شامل ہیں، جو واشو بھگنانی کی اولاد ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ اپارٹمنٹ کی یہ چار منزلیں صرف خان فیملی کے لیے مخصوص نہیں ہوں گی، بلکہ وہاں ان کے سیکیورٹی گارڈز اور دیگر عملہ بھی مقیم ہوگا۔
علاوہ ازیں عمارت میں دفتر کے لیے بھی کچھ جگہ مختص کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ جگہ ’منت‘ جتنی وسیع نہیں ہے، مگر اتنی ضرور ہے کہ ان کے سیکیورٹی اسٹاف اور دیگر افراد کے لیے آرام دہ رہائش فراہم کی جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اس اپارٹمنٹ میں عارضی قیام کے لیے ہر ماہ تقریباً 24 لاکھ روپے کرایہ ادا کریں گے۔
ان 4 منزلوں پر محیط گھر میں ان کے ذاتی عملے کے لیے علیحدہ کمرے، دفتر، اور دیگر سہولیات بھی شامل ہوں گی۔