تازہ تر ین

مشی خان کا طنز فنکاروں کو ملک کے وقار کا خیال رکھنے کا مشورہ

معروف اداکارہ، ماڈل اور اینکر مشی خان ایک بار پھر کھل کر بول پڑیں اور اپنے بے باک انداز میں پاکستانی شوبز شخصیات کے رویے پر سوال اٹھا دیا۔

سماجی و سیاسی معاملات پر برملا اظہارِ رائے کرنے والی مشی خان نے اس بار کچھ فنکاروں کے جانبدارانہ طرزِ عمل کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔

یہ ردِعمل اُس وقت سامنے آیا جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد متعدد پاکستانی فنکاروں نے مذمتی پیغامات سوشل میڈیا پر شیئر کیے۔

 مشی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘کسی بھی جگہ انسانی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ جب پاکستان میں دہشت گردی ہوتی ہے تو یہی فنکار خاموش کیوں رہتے ہیں؟‘

انہوں نے نام لیے بغیر چند مشہور اداکاروں جیسے فواد خان اور ہانیہ عامر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘جب بھارتی میڈیا پاکستان پر الزام لگاتا ہے، تو ہمارے فنکار فوری طور پر مذمتی بیانات جاری کر دیتے ہیں، لیکن اپنے ملک کے لیے بولنے میں ہچکچاہٹ کیوں؟ کیا خودداری صرف دوسرے ممالک کے لیے مخصوص ہے؟‘

مشی خان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب الزام تراشیاں پاکستان پر ہو رہی ہوں، فنکاروں کو چاہیے کہ وہ صرف مذمتی بیانات نہ دیں بلکہ اپنے ملک کے مؤقف کی بھی نمائندگی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ،‘اگر بھارت الزامات کے بعد کھیل یا دیگر سرگرمیاں روک دیتا ہے، تو ہمیں بھی وقار کے ساتھ ردِعمل دینا چاہیے۔‘

ان کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین نے سراہا، ایک صارف نے لکھا، ‘ہمارے فنکاروں کو صرف بالی ووڈ سے کام چاہیے، وہ ملک کے وقار کو ثانوی حیثیت دیتے ہیں۔‘

 ایک اور تبصرہ تھا کہ ‘فواد خان اس لیے پوسٹ کر رہے ہیں کیونکہ ان کی فلم 9 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔‘

کچھ صارفین نے اس بات پر بھی توجہ دلائی کہ ‘جعفر ایکسپریس حملے جیسے سانحات پر کسی مشہور شخصیت نے آواز بلند نہیں کی‘۔

مشی خان کی یہ گفتگو نہ صرف فنکاروں کے طرزِ عمل پر تنقیدی نظر ڈالتی ہے بلکہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتی ہے کہ شوبز شخصیات کو بین الاقوامی معاملات پر رائے دینے کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کی حساسیت اور وقار کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain