بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کے لیے مارفلکس پروڈکشنز کی فلم ’جیول تھیف دی ہائیسٹ بِگنز‘ محض ایک اور فلم نہیں تھی بلکہ یہ ایک مختلف یونرا میں ایک سنسنی خیز غوطہ تھا۔
کوکی گلاتی اور رابی گریوال کی ہدایت کاری میں بننے والی نیٹ فلکس کی ایکشن ڈکیتی فلم میں جے دیپ اہلاوت، نکیتا دتہ اور کنال کپور سمیت ستاروں سے سجی کاسٹ شامل ہے۔
فلم میں اداکار سیف علی خان ریحان رائے کا مرکز ی کردار ادا کررہے ہیں جو ایک دلکش بدمعاش ہے جس میں باغیانہ مزاج، مہم جوئی کی روح اور خاندان کے لیے شدید محبت شامل ہے۔
تاہم حال ہی میں اداکار سیف علی خان نےاپنی فلم ’جیول تھیف دی ہائیسٹ بِگنز‘ میں اپنے منفی کردار کے بارے میں مداحوں سے کھل کر بات کی۔
ریحان کا کردار ادا کرنے پر غور کرتے ہوئے سیف علی خان کا کہنا تھا کہ ‘ڈکیتی کی کہانی پر مبنی فلم میں چور کا کردار ادا کرنا بہت دلچسپ ہے کیونکہ وہ ایک ایسا شخص ہے جو نظام کو چیلنج کرتا ہے قوانین کو توڑتا ہے‘۔
سیف کا کہنا تھا کہ ‘ریحان ایک منظم اور باوقار چور ہے جو دل سے ایک مہم جو اور ایک فیملی مین ہے اور اسی لحاظ سے وہ ایک مثالی ہندی فلم ہیرو ہے جو وہ قوانین توڑتا ہے، لوگوں کو دھوکہ دیتا ہے لیکن دل کا اچھا ہے‘۔
اپنے مخصوص دلکش، باغیانہ اور پرجوش انداز کے ساتھ، سیف کا ریحان ’جیول تھیف‘ میں ایک مقناطیسی موجودگی کا وعدہ کرتا ہے۔
وہ سرخ ہیروں اور ہائی اسٹیک ڈرامے کی دنیا میں رہ رہا ہے لیکن اپنی ذات میں وہ محبت، فطرت اور آزادی کے ذائقے سے چلنے والا شخص ہے جیسا کہ سیف نے کہا یہ صرف ایک فلم نہیں تھی بلکہ ایک تجربہ تھا اور کچھ کردار کہانی کے لیے ہوتے ہیں اور کچھ سنسنی کے لیے۔
فلم ‘جیول تھیف‘ ڈکیتی کی کہانی پر مبنی فلم ہے جس میں سیف علی خان اور جے دیپ اہلاوت مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
یہ فلم 25 اپریل 2024 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوچکی ہے جس کی کہانی ایک پیچیدہ ڈکیتی کے گرد گھومتی ہے جس میں سیف علی خان ایک چور کا کردار ادا کر رہے ہیں جسے ایک قیمتی ہیرا چرانے کے لیے اپائنٹ کیا گیا ہے۔
جیول تھیف میں جے دیپ اہلاوت ایک مافیا باس کا کردار ادا کر رہے ہیں، فلم میں سنسنی خیز واقعات اور دلچسپ موڑ شامل ہیں۔
فلم کے ہدایتکار روبی گریوال ہیں اور پروڈیوسر سدھارتھ آنند ہیں جہاں سمت اروڑہ کی تحریر کردہ فلم جیول تھیف بوڈاپیسٹ، استنبول اور ممبئی کے دلکش پس منظر میں شوٹ کی گئی ہے۔
فلم کے گانے ‘جادو‘ میں جے دیپ اہلاوت کے ڈانس مووز نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا ہے، جس کی بدولت فلم کو ریلیز سے پہلے ہی بہت زیادہ توجہ مل رہی ہے۔