صباحت بخاری پاکستان کی ایک باصلاحیت فنکارہ ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور آج کل وہ کئی بڑے ڈراموں کا حصہ ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مقبول بھارتی ٹی وی شو ‘بگ باس’ میں شرکت کی آفر کی گئی تھی۔
حال ہی میں صبا حت بخاری کو ڈرامہ’ اقتدار‘ میں ایک مثبت کردار میں دیکھا گیا، جس پر انہیں خوب سراہا گیا۔
صباحت بخاری کئی دہائیوں سے ڈرامہ انڈسٹری میں کام کر رہی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں وصی شاہ کے ساتھ اپنے کیریئر اور زندگی کے تجربات شیئر کیے۔
انٹرویو کے دوران صباحت بخاری سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں کبھی بھارت سے کام کی پیشکش ہوئی؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ آج کل چونکہ پاکستانی ڈراموں کا بڑا فین بیس بھارت میں بھی موجود ہے، اس لیے مداحوں کی جانب سے اکثر کہا جاتا ہے کہ وہ بھارت آئیں لیکن ماضی میں انہیں وہاں سے باقاعدہ کام کی پیشکشیں بھی ہوئی ہیں۔
بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے صباحت بخاری کا رویہ بہت حقیقت پسندانہ تھا، ان کا کہنا تھا کہ ہاں، انہیں بھی کام کی پیشکش ہوئی، لیکن جب حقیقت کا علم ہو تو پھر ایسی جگہ جا کر کام کرنے کا کیا فائدہ جہاں آخر میں بے عزتی ہی مقدر بنے جیسا کہ دوسرے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ہوا ہے، اسی لیے انہوں نے کبھی ان پیشکشوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا سے آفر آئیں کہ آپ یہاں آئیں اور کام کریں ، ان کا کہنا تھا انہیں کئی شوز کی آفرز بھی ہوئیں جس پر میزبان وصی شاہ نے کہا کہ کیا بگ باس شو کی آفر ہوئی جس پر انہوں نے اثبات میں جواب دیا۔
جس پر وصی شاہ نے پوچھا کہ کیا آپ بگ باس میں تین مہینے وہاں رہ لیتیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ اگر آپ عزت کے ساتھ بلا رہے ہیں اور عزت کے ساتھ رکھ سکتے ہیں تو کیوں نہیں رہ سکتی ، ہمارے کچھ لوگ وہاں گئے تھے، اس لیے یہ سبق سیکھنا چاہیے کہ عزت سے منع کردیں۔