بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے انڈسٹری میں اقرباپروری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ خود کو کیسے منواتے ہیں یہ اہم ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی میں منعقدہ ویوز سمٹ 2025 میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے فلم انڈسٹری میں ان سائیڈر اور آؤٹ سائیڈر (اقربا پروری) کی روایتی بحث کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ کسی کا پس منظر نہیں بلکہ اس کی محنت اور کام اہم ہوتا ہے۔
ساتھی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے ساتھ کرن جوہر کی میزبانی میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی خود کو بالی ووڈ میں آؤٹ سائیڈر نہیں سمجھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلمی دنیا کو اپنا گھر سمجھا اور انڈسٹری نے بھی انہیں کھلے دل سے قبول کیا۔ کنگ خان کا کہنا تھا کہ “جب میں ممبئی آیا، تو ایک دن میں نے اپنا خاندان کھویا اور اگلے دن ایک نیا خاندان پایا۔ مجھے لگا یہ دنیا میری ہے۔”
شاہ رخ خان نے اس خیال کی مخالفت کی کہ کامیابی صرف بے پناہ بھوک یا شدید خواہش سے حاصل ہوتی ہے۔ ان کے مطابق اصل چیلنج یہ ہوتا ہے کہ آپ خود کو اس قابل سمجھیں کہ آپ اس جگہ کے حقدار ہیں۔
انہوں نے نوجوان فنکاروں کو مشورہ دیا کہ ماضی یا پس منظر پر نہیں بلکہ اپنی شناخت بنانے پر توجہ دیں۔ پٹھان اسٹار نے کہا کہ “دنیا تب تک آپ کو نہیں پہچانے گی جب تک آپ یہ نہ دکھائیں کہ آپ کیوں اہم ہیں۔”