عالمی فیشن کی سب سے بڑی رات میٹ گالا کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے اور اس سال سب کی نظریں کیارا اڈوانی پر ہوں گی جو طویل انتظار کے بعد میٹ گالا 2025 میں اپنا ڈیبیو کرنے والی ہیں۔
بالی وڈ اسٹار کیارا اپنے شوہر سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ اپنے پہلے بچے کو جلد خوش آمدید کہنے والی ہیں اور دنیا کے سب سے پرتعیش ریڈ کارپٹ پر اپنے بے بی بمپ کو فخر سے دکھائیں گی اس عنصر نے بھی کیارا کے مداحوں کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
کیارا میٹ گالا کے فیشن ایونٹ میں کیا پہنیں گی اور وہ گالا کی مشہور تھیم پریگننسی کے ساتھ کیسے کیری کریں گی ان تمام سوالات کا جواب ‘ڈائیٹ سبھیا‘ نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں سے شیئر کردیا ہے۔
پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی دونوں میں ایک سنگ میل عبور کرتے ہوئے کیارا نے اپنے ڈیبیو لُک کے لیے عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر گورَو گپتا کا انتخاب کیا ہے۔

اپنے شاندار ڈیزائنز کے لیے جانے جانے والے ڈیزائنر گورو اس سال کی میٹ گالا تھیم ‘سپر فائن: ٹیلرنگ بلیک اسٹائل’ کیلئے اداکارہ کیارا ایڈوانی کا شاندار گاؤن تیار کریں گے جسے دیکھنے کیلئے مداح کافی پرجوش ہیں۔
میٹ گالا 2025 میں بھارتی مشہور شخصیات
اداکارہ کیارا ایڈوانی کےہمراہ اس سال پہلی بار بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور گلوبل سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ بھی میٹ گالا میں شریک ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان سبیاساچی مکھرجی کے تیار کردہ ایک شاندار لباس میں ریڈ کارپیٹ پر نظر آئیں گے۔
اس کے علاوہ عالمی آئیکون پریانکا چوپڑا جونس فیشن کی اس رات میں اپنی پانچویں شرکت کریں گی اور اطلاعات کے مطابق وہ اولیور روسٹنگ کی تیار کردہ ایک خصوصی تخلیق پہنیں گی جس کے ساتھ بلغاری کے ہائی جیولری کلیکشن کا ایک شاندار پیس ہوگا۔
میٹ گالا 2025 کے بارے میں
میٹ گالا 2025 اپنی دلکش واپسی کے لیے 5 مئی 2025 کو نیویارک شہر کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔
کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ کی نمائش ‘سپر فائن، ٹیلرنگ بلیک اسٹائل’ کے مطابق، ڈریس کوڈ ‘ٹیلرڈ فار یو’ ہے جس کا مقصد مردوں کے لباس اور سوٹنگ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
کیارا کی میٹ گالا میں شرکت ان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اثر و رسوخ میں ایک اور سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے جو عالمی سطح پر ان کی جگہ کو مزید مضبوط بنائے گی۔