ہالی وڈ کے معروف فلم ساز اسٹیون اسپل برگ کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، انہیں ہالی وڈ فلمسازی کے جدید دور کا بانی بھی کہا جاتا ہے جنہوں نے کئی بلاک بسٹر موویزاسکرین کی نذر کیں۔
انہوں نے جراسک پارک، انڈیانا جونز، وار آف دی ورلڈز، جراسک ورلڈ، جاز اور میونخ جیسی سپر ہٹ فلمیں بنائیں جو دنیا بھر میں مقبول ہوئیں۔
بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنے اداکاری کرئیر کی ایک خاص بات کا انکشاف کیا ہے جس کا تعلق فلم ساز اسٹیون اسپلبرگ سے ہے۔
کرینہ کپور ممبئی میں منعقدہ ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (WAVES) 2025 کے دوسرے روز تیلگو اداکار وجے دیوراکونڈا کے ساتھ ‘سنیما: دی سافٹ پاور’ کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں پینل ڈسکشن کا حصہ تھیں، جسے فلمساز کرن جوہر نے ماڈریٹ کیا۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے جب وی میٹ کی اداکارہ نے پورے جوش و خروش کے ساتھ ایک واقعہ بیان کیا جہاں ان کی ملاقات اسٹیون سے ہوئی تھی۔
اس ملاقات میں ہالی وڈ فلمساز نے کرینہ کو ان کی فلم تھری ایڈیٹس کی اداکارہ کے طور پر نہ صرف پہچانا بلکہ فلم میں ان کی اداکاری کی تعریف بھی کی۔
راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سپر ہٹ بالی وڈ مووی میں عامر خان، آر مادھاون اور شرمن جوشی نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔
کرینہ نے یہ دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ‘یہ کئی سال پہلے اس وقت کی بات ہے جب تھری ایڈیٹس ریلیز ہوئی تھی، میں دراصل ایک ریسٹورنٹ میں تھی، کہیں سفر کر رہی تھی، اور اسٹیون اسپل برگ بھی اسی جگہ موجود تھے وہ حقیقت میں میرے پاس آئے اور مجھ سے پوچھا ‘کیا آپ وہی لڑکی ہیں جو تین اسٹوڈنٹس سے متعلق مشہور بھارتی فلم میں ہے’؟
کرینہ نے مزید کہا کہ ‘میں نے کہا جی میں وہی ہوں، جس پر فلمساز بولے ‘مائی گاڈ، مجھے وہ مووی بہت پسند ہے، یوں اسٹیون کی نظروں میں پہنچانی جانے کے لیے مجھے کسی انگریزی یا ہالی وڈ فلم میں کام نہیں کرنا پڑا’۔
تھری ایڈیٹس
بالی ووڈ کی چمکدار دنیا میں، جہاں ایکشن سے بھرپور فلمیں باکس آفس پر حاوی رہتی ہیں وہیں راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی مزاحیہ اور مؤثر پیغام پر مبنی فلم3 ایڈیٹس، ایک سینما کا شاہکار تھی جس میں جذبات، مزاح اور سماجی مسئلے کو اکٹھا کردیا گیا تھا۔
یہ فلم چیتن بھگت کے ناول سے لی گئی تھی اور یہ ایک ہندوستانی انجینئرنگ کالج میں تین طلباء کی دوستی کے گرد گھومتی تھی، جس میں تعلیمی نظام کے دباؤ پر طنز کیا گیا تھا۔
‘3 ایڈیٹس’ نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس کے ریکارڈ توڑ ڈالے تھے، فلم نے دنیا بھر میں حیرت انگیز طور پر 460 کروڑ روپے کمائے اور اس وقت سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی تھی۔