عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا ایک بار پھر میٹ گالا 2025 میں اپنے مداحوں کو مسحور کرنے کے لیے تیار ہیں یہ ان کی اس باوقار تقریب میں پانچویں بار شرکت ہوگی۔
بالی وڈ کی ایک نمایاں شخصیت کے طور پر اداکارہ نے 2017 میں رالف لورین کے ایک شاندار ٹرینچ گاؤن میں اس ایونٹ میں یادگار ڈیبیو کیا تھا جس نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی تھی۔
ہندوستان ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اس بار میٹ گالا کیلئے پریانکا چوپڑا نے بالمین کے اولیور روسٹنگ کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ان کا ایک شاندار لُک ہوگا،جسے بلگری کے تازہ ترین ہائی جیولری کلیکشن کے ایک دلکش پیس کے ساتھ بہترین انداز میں پیئر کیا جائے گا۔
اس سال کے عالمی ہاؤٹ کوچیور کارپٹ کا موضوع ‘سپر فائن: ٹیلرنگ بلیک اسٹائل’ ہے۔ اس کا مقصد سیاہ مردانہ ملبوسات کی بھرپور تاریخ کا جشن منانا ہے، جس میں جرات مندانہ، رنگین اور پیچیدہ ڈیزائنوں کو اجاگر کیا گیا ہے جنہوں نے فیشن کی دنیا کو تشکیل دیا ہے۔
ڈریس کوڈ مہمانوں کو سیاہ فیشن آئیکنز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔
دریں اثنا اداکارہ پریانکا چوپڑا جو فیشن کو لے کر اپنےجرات مندانہ انتخاب کے لیے جانی جاتی ہیں ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ایک ایسے لُک کے ساتھ تھیم کو بہترین انداز میں نبھائیں گی جو شاہانہ اور انقلابی دونوں ہوگا۔
یہاں یہ بات یہ کہنا بے جا نہ ہوگی کہ گلوبل سپر اسٹار نے میٹ گالا جیسے عالمی پلیٹ فارمز پر ہندوستان کی نمائندگی کے معاملے میں واقعی اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں گالا کی کوئین بی کہلائی جانے والی پریانکا بہت آسانی کے ساتھ بالی وڈ اور ہائی فیشن کو جوڑتی ہیں۔
دوسری جانب چند روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شاہ رخ خان بھی اس معتبر تقریب میں اپنا ڈیبیو کریں گے بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگ خان معروف ڈیزائنر سبھیاساچی مکھرجی کے ڈیزائن کردہ لباس میں نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا اور کنگ خان کے ساتھ اداکارہ کیارا اڈوانی، دلجیت دوسانجھ اور ایشا امبانی جیسی شخصیات بھی میٹ گالا 2025 میں دھوم مچانے کیلئے تیار ہیں۔