تازہ تر ین

پاکستان نے بھارت کی 20 سالہ اسٹیٹ اسپانسرڈ دہشتگردی کی تفصیلات دنیا کے سامنے کھول دیں

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار میں اسکول بس حملے میں فتنۃ الہندوستان ملوث ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل اور وفاقی سیکرٹری داخلہ آئی ایس پی آر کی اہم پریس کانفرنس جاری ہے۔

پریس کانفرنس کی ابتدا کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ خضدار میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، اسکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا یہ حملہ اسکول پر نہیں ہماری اقدار پر حملہ تھا۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے میں فتنہ الہندستان ملوث ہے جو ہارڈ ٹارگٹ میں ناکامی کے بعد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنارہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت 20 برس سے ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت خطے کا امن خراب کررہا ہے، 2009ء میں پاکستان نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد پر مبنی ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے خضدار واقعے میں شہید ہوئے اسکول کے بچوں کی تصاویر اور کچھ ویڈیو بھی دکھائیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے 2016ء میں بھی دہشت گردی کے ثبوت یو این او کو دیے تھے، بھارت دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کرتا ہے مختلف واقعات میں گرفتار دہشت گردوں نے بھارت کے ان واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، خضدار واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے جس میں بھارت کے حکم پر یہ واقعہ کیا گیا اور فتنہ الہندوستان بھارت کے حکم پر بچوں، مسافروں اور معصوم لوگوں کو شہید کرتا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان میں ہوئے دہشت گردی کے واقعات تاریخ وار بیان کیے جن میں مزدور کو شہید کیا گیا، متعدد واقعات میں لوگوں کو بسوں سے اتار کر مارا گیا،دھماکے کیے گئے، حملے کیے گئے، کئی بار حجام کی دکانوں میں موجود غیر مقامیوں کو شہید کیا گیا، جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فتنہ الہندوستان کا اصل چہرہ ہے جس کی پشت پناہی بھارت کرتا ہے، کلبھوشن یادیو نے اپنے بیانات میں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، فتنۃ الہندوستان کا تعلق کسی بلوچ قوم یا اسلام سے نہیں صرف ہندوستان سے ہے، بھارت ان کے ذریعے پورے بلوچستان میں دہشت گردی کرارہا ہے۔

اس موقع پر انہوں ںے بھارتی آرمی آفیسر میجر سندیپ کی آڈیو ریکارڈنگ پیش کی جس میں دو افراد بات کررہے تھےایک شخص نے کہا کہ بلوچستان سے لاہور تک ہمارے بندے بیٹھے ہیں، ہم کم اماؤنٹ بھیجیں گے تو پاکستانی خفیہ ادارے ایکٹو نہیں ہوں گے مگر ہم بڑا اماؤنٹ بھیجیں گے تو ادارے ایکٹو ہوجائیں گے اس لیے ہم اماؤنٹ ٹکڑوں میں بھیجیں گے، مگر میں آپ لوگوں کے تحفظ کے لیے الگ الگ اکاؤنٹ میں ٹکڑوں میں رقم دوں گا تاکہ آپریشن چلتا رہے، ہمیں کئی سال ساتھ چلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گفتگو ایک انڈین آرمی آفیسر کی تھی جو کس قدر کھل کر بات کررہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال اٹھایا کہ بھارت نے جو ہماری مسجد اور مدرسوں پر حملے کیے اس کے پاس کیا ثبوت تھے کہ وہ دہشت گردوں کے اڈے تھے؟ ہم نے میڈیا کو جگہیں دکھائیں جب کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے دہشت گردوں کی تصاویر دکھائیں جن کے پاس غیرملکی اور مہنگا ترین اسلحہ تھا جس میں اسنائپر رائفلز، نائٹ ویژن سمیت دیگر اہم آلات موجود تھے، انہوں ںے کہا کہ یہ مہنگا ترین اسلحہ ہے جو ڈالرز میں ملتا ہے ان غریب بلوچوں کو یہ اسلحہ کون فراہم کرتا ہے؟ بھارت انہیں پیسہ فراہم کرتا ہے، اسی طرح فتنہ الخوارج ہیں جن کے پاس افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 6 اکتوبر 2024ء کو چینی باشندوں پر حملہ ہوا اور انڈین میڈیا میں فوراً ہی رپورٹنگ شروع ہوگئی، اسی طرح جعفر ایکسپریس پر حملہ ہوا تو اس سے پہلے ہی میڈیا میں خبریں آگئیں، اس لیے کہ منصوبہ بندی ہی وہیں ہوتی ہے، پاکستان میں خواتین اور بچوں کی اموات پر بھارت میں خوشی منائی جاتی ہے ایسا دنیا میں کہاں ہوتا ہے؟

بھارت کی جانب سے بارڈر کراس کرنے والے 71 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، سارے دہشت گرد وہیں سے آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پاکستان سے دہشت گرد یہاں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پوچھ رہی ہے کہ پہلگام میں کون سا پاکستانی ملوث ہے؟ پاکستان نے ہر فورم پر بھارت سے پہلگام واقعے کے ثبوت مانگے، پاکستان نے میڈیا کو وہ تمام جگہیں دکھائیں جس سے متعلق بھات نے دعویٰ کیا کہ وہاں دہشت گردی کے کیمپ ہیں وہاں کوئی ٹریننگ کیمپ نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں میڈیا آزاد نہیں وہاں اسٹیٹ میڈیا کنٹرول ہے، نام نہاد جمہوری ملک بھارت میں آزادی صحافت کا یہ حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو بھارت نے بی ایل اے کے دہشت گردوں سے بیان جاری کرایا، بی ایل اے کے لوگ بھارتی ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں، کیا ہم بی ایل اے کی دھمکیوں سے ڈر جائیں گے؟ دہشت گردوں کے سامنے پاکستان کی مسلح افواج سینہ ٹھوک کر کھڑی ہیں۔

انہوں نے عدیلہ بلوچ کا ویڈیو بیان پیش کیا جسے خودکش حملہ آور بنایا گیا تھا مگر وہ پکڑی گئی، عدیلہ بلوچ نے بتایا کہ اسے بلیک میل کیا گیا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain