امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن اور غیر روایتی پیشکش کرتے ہوئے کینیڈا کو امریکا کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے، اور ساتھ ہی جدید میزائل دفاعی نظام ’گولڈن ڈوم‘ دفاعی نظام کو بطور ترغیب مفت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق صدر ٹرمپ نے منگل کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ اگر کینیڈا امریکا کی 51ویں ریاست کے طور پر شمولیت اختیار کرتا ہے تو ہم ‘گولڈن ڈوم’ دفاعی سسٹم بالکل مفت فراہم کریں گے
صدر ٹرمپ، جو ماضی میں بھی متعدد بار کینیڈا کو امریکا میں ضم کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں، نے یہ تجویز ایسے وقت میں پیش کی ہے جب کینیڈا اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک بڑے بجٹ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر کینیڈا امریکا کا حصہ بننے سے انکار کرتا ہے اور ایک خودمختار ریاست کے طور پر باقی رہتا ہے، تو اسے ’گولڈن ڈوم‘ سسٹم کا حصہ بننے کے لیے 61 ارب ڈالر کی خطیر رقم ادا کرنا ہوگی۔
دوسری جانب کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے اس تجویز کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا اپنے دفاعی ڈھانچے کو خودمختاری کے تحت ہی مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم مارک کارنی کے مطابق حکومت 175 ارب ڈالر کے مجوزہ دفاعی منصوبے پر سرمایہ کاری پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، لیکن ملک کی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔